رنبیر اور دیپیکا جادو بکھیرنے آگئے
پاکستانی پالیمینٹیرینزمذاکرات کیلیے ہندوستان روانہ
لاہور: ویزا پالیسی اور تجارت سمیت مختلف امور پر بات چیت کیلیے پاکستانی پالیمینٹیرینز پر مشتمل آٹھ رکنی وفد بدھ کے روز واہگہ کے راستے ہندوستان روانہ ہو گیا۔
حکمراں جماعت پاکستان پیپلزپارٹی کے سیکرٹری جنرل اور سینیٹر جہانگیر بدر وفد کی قیادت کر رہے ہیں جبکہ دیگر ارکان میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی فیصل کریم کنڈی، خرم دستگیر، حاجی عدیل، نفیسہ شاہ، ندیم افضل چن، صابر بلوچ اور شازیہ مری شامل ہیں ۔
اس چار روزہ دورے میں وفد ہندوستانی پارلیمنٹیرینز کے ساتھ ملاقاتیں کرے گا۔
پاکستانی وفد نے سرحد عبور کرنے سے پہلے میڈیا سے بات چیت میں امید ظاہر کی کہ ویزا پالیسی میں نرمی کے حوالے سے مثبت پیشرفت ہو گی ۔
جہانگیربدر نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور قیامِ امن کے لیے کوشش کررہے ہیں۔
انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ یورو زون کی طرز پر ساؤتھ ایشیا زون بھی بننا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وفد میں چاروں صوبوں اور پارلیمنٹ میں موجود سیاسی جماعتوں کی نمائندگی شامل ہے۔
اس موقع پرحاجی عدیل نے کہا ہمسایہ ملک کے ساتھ تجارت کےعلاوہ تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔
خرم دستگیر کا کہنا تھا کہ وہ ہندوستان خیرسگالی کا پیغام لے کر جارہے ہیں۔






