پاکستانی طالبان کی بذریعہ فیس بک نوکری کی پیشکش

Friday 7 December 2012
0

ترجمان تحریک طالبان پاکستان احسان اللہ احسان۔ فائل فوٹو۔۔۔

 پشاور: پاکستانی طالبان نے فیس بک پر ایک پیج بنا کر سہ ماہی میگزین کیلیے لکھنے اور ویڈیو کی ایڈیٹنگ کیلیے پرجوش جوانوں کو نوکری دینا شروع کر دی ہے۔

پاکستانی طالبان کے ترجمان نے جمعے کو تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ستمبر میں بنائے جانے والے عمر میڈیا ٹی ٹی پی کے پیج کو 270 سے زیادہ لوگوں نے پسند کیا ہے جبکہ اس پر انگلش میں کچھ پیغامات بھی موصول ہوئے ہیں۔

نیٹ ورکنگ ویب سائٹ پر 25 اکتوبر کو کی گئی پہلی پوسٹ میں کہا گیا تھا کہ “عمر میڈیا گروپ انتہائی فخر کے ساتھ آن لائن جاب پیش کر رہا ہے”۔

اس پیج پر جاب ڈسکرپشن میں “ویڈیو ایڈیٹنگ، ترجمہ، شیئرنگ، اپ لوڈنگ، ڈاؤن لوڈنگ اور متعلقہ ڈیٹا کو جمع کرنا” شامل ہے۔ اس کے ساتھ ایک ای میل ایڈریس بھی دیا گیا ہے اور پڑھنے والوں سے اسے زیادہ سے زیادہ لوگوں سے شیئر کرنے کی درخواست کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ یہ پیج بہت جلد فیس بک سے ہٹا دیا جائے گا۔

تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ترجمان احسان اللہ احسان نے جمعے کو اے ایف پی سے ٹیلیفون پر بات کرتے ہوئے اس بات کی تصدیق کی اور کہا کہ “ہم اپنی ویب سائٹ لانچ کرنے سے قبل وقتی طور اپنی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے اس پیج کا استعمال کر رہے ہیں”۔

امریکی تنظیم سائٹ انٹیلی جنس گروپ کا کہنا ہے کہ تحریک طالبان پاکستان فیس بک کو اپنے مقاصد کی تکمیل کیلیے لوگوں کو بھرتی کرنے کیلیے استعمال کر رہے ہیں۔

تنظیم نے ایک بیان میں کہا کہ ” طالبان فیس بک کا استعمال کرتے ہوئے اپنے پہلے مصدقہ ذرائع ابلاغ کے نیٹ ورک اور آنے والے رسالے “احیائے خلافت” کیلیے لوگوں کو بھرتی کر رہے ہیں۔

ٹی ٹی پی نے فیس بک پیج پر تفصیلات بتاتے ہوئے اسے اپنا “آفیشل سہ ماہی میگزین” قرار دیتے ہوئے مصنفین سے درخواست کی ہے کہ وہ اپنی پسند کے مطابق یا پھر جہاد پر موجودہ حالات، اسلامی تاریخ، اسلامی تحریکوں یا مسلمانوں کی حالت زار پر آرٹیکلز جمع کرائیں۔

کمنٹس کے لیے زبان سیلکٹ کریں

Urdu English

اپنی رائے دیجئے

ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں ہوا