عمران فاروق قتل کیس: متحدہ کے دفتر پر چھاپے کی تصدیق

Saturday 8 December 2012
3
عمران فاروق- فائل فوٹو

عمران فاروق- فائل فوٹو

کراچی: بی بی سی اردو ویب سائٹ کی ایک رپورٹ کے مطابق، لندن میں میٹروپولیٹن پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں ایجویئر کے علاقے میں واقع تنظیم کے دفتر پر چھاپہ مارنے اور تلاشی لینے کی تصدیق کی ہے۔

ہفتے کو جاری ہونے والی اس رپورٹ میں کہا گیا کہ میٹروپولیٹن (میٹ) پولیس کے پریس آفس نے جمعہ کی شب بی بی سی اردو سروس کو بتایا کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے بزنس ایڈریس پر تلاشی کا کام دو دن تک جاری رہا۔

رپورٹ کے مطابق، میٹ پولیس کے جوناتھن نامی ایک اہلکار نے بی بی سی کو فون پر بتایا کہ چھاپہ جمعرات کو مارا گیا تھا جس کے بعد تلاشی کا کام شروع ہوا جو جمعہ کی شام کومکمل کرلیا گیا۔

واضح رہے کہ نجی چینل کی ایک رپورٹ کے مطابق، پولیس نے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس کے حوالے سے لندن میں ایک ‘تجارتی دفتر’ پر چھاپے کے دوران اہم دستاویزات قبضے میں لی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ ایک نجی ٹی وی چینل کے مطابق، جمعرات کو پولیس کے انسداد دہشت گردی کے کمانڈ یونٹ نے ایجویئر کے علاقے میں واقع ایک دفتر پر چھاپہ مارا۔

دوسری جانب دفترِ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ لندن پولیس کی جانب سے بزنس آفس پر چھاپے کے بارے میں حتمی نتیجے پر پہنچنا قبل از وقت ہوگا۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستان کو امید ہے کہ تحقیقات کے بعد ایم کیو ایم کے بارے میں شکوک و شبہات دور ہو جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق، پولیس کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کے سلسلے میں تحقیقات ابھی جاری ہیں۔

پولیس نے یہ بھی بتایا کہ اس سلسلے میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور نہ ہی کسی شخص کو تفتیش کے لیے روکا گیا ہے۔

کمنٹس کے لیے زبان سیلکٹ کریں

Urdu English

اپنی رائے دیجئے

3 تبصرے
  1. حسین عبداللہ کہتے ہیں

    آگے آگے دیکھئے ہوتا ہے کیا ابھی چھاپے پڑے ہیں۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

  2. wah pakistani electric media wah hamary ab khaber ke ley bbc dekhny pery gi shabash shabash

    • حسین عبداللہ کہتے ہیں

      HB: sab media bi karachi main rehta hai aur rehna chahta hai
      wali babar ki trah shaheed banne ka kisi ko shoq nahin