مظفرآباد: پاکستان کے زیر انتظام کشمیر میں پیر کی صبح ایک مسافر بس کے کھائی میں گرنے سے کم سے کم دس افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

حکام کے مطابق مسافر بس راولپنڈی سے مظفرآباد کے قریبی علاقے فارورڈ کہوٹہ جا رہی تھی جو پیر کی صبح 150 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔

ایک سینیئر مقامی پولیس آفیسر ریاض عباسی نے عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ بس میں بیس کے قریب مسافر سوار تھے جن میں سے 10 ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

ایک سینیئر حکومتی عہدیدار نے بھی حادثے میں ان ہلاکتوں کی تصدیق کی ہے۔

مقامی انتظامیہ کے ایک اہلکار سردار شہباز علی کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ تقریبا صبح پانچ بجے پیش آیا اور زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی لاشیں ان کے ورثا کے حوالے کر دی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ فوری طور پر حادثے کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

خیال رہے پاکستان میں اس پہلے بھی ناقص سڑکوں، اور ڈرائیورز کی تیز رفتاری کے باعث متعدد بڑے ٹریفک حادثات ہوچکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں