کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر اور تجارتی حب کراچی کے علاقے گلشنِ اقبال میں آج ہفتے کے روز فائرنگ سے کم سےکم تین افراد ہلاک اور چار زخمی ہوگئے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق یہ واقعہ جمعہ اور ہفتے کی درمیانی شب گلشنِ اقبال میں مسکن چورنگی کے قریب پیش آیا جہاں مسلح افراد نے ایک دکان پر فائرنگ کردی۔

ہلاک ہونے والوں کی شناخت حسین علی، عبدالواحد، اور نادر علی کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واقعہ کے بعد زخمی افراد کو ایک نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جارہی ہے۔

یاد رہے کہ شہر میں پولیس اور رینجرز کا مشترکہ آپریشن جاری ہے۔ اس واقعے کے بعد سات مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

دوسری جانب آج صبح سے شہر کے دیگر علاقوں سے بھی فائرنگ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں، جبکہ نیپا چورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی ہنگامہ آرائی سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں