پنجاب میں آن لائن درسی کتابوں کی ویب سائٹ لانچ کردی گئی

اپ ڈیٹ 07 جنوری 2014
پنجاب حکومت کی طرفسے جاری کردہ ای لرننگ ویب سائٹ کا ایک عکس۔ تصویر بشکریہ http://elearn.punjab.gov.pk
پنجاب حکومت کی طرفسے جاری کردہ ای لرننگ ویب سائٹ کا ایک عکس۔ تصویر بشکریہ http://elearn.punjab.gov.pk

لاہور: پنجاب حکومت نے تعلیم کا معیار بہتر بنانے کیلئے نویں اور دسویں جماعت کی کتابوں کا ٹیکسٹ ویب سائٹ پر منتقل کردیا ہے ۔ اس کے علاوہ سائنسی تصورات ( کانسیپٹس) کو سمجھانے کیلئے آڈیو، ویڈیو ، اینی میشن اور سیمولیشن بھی رکھی گئی ہیں۔

آن لائن کتابوں اور معلومات کا یہ خزانہ http://elearn.punjab.gov.pk/ کی ویب سائٹ پر موجود ہے۔ اس کا ایک اور مقصد یہ ہے کہ بچوں کو مدد فراہم کی جائے تاکہ وہ خود اپنی کوششوں سے ان مضامین کو سمجھ سکیں۔ p یہ ویب سائٹ طالبعلموں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کیلئے بھی فائدہ مند ہے جو اپنے لیکچر اور سبق کی تیاری کیلئے اضافی معلومات چاہتے ہیں۔

پیر کے روز وزیرِ اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ارفع کریم سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کی ایک عمارت میں ٓن لائن ٹیکسٹ بک کی اس ویب سائٹ کا افتتاح کیا۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ آن لائن کتابوں سے پنجاب اور ملک میں ای لرننگ کے تصور میں انقلابی تبدیلی رونما ہوں گی۔ حکومت جلد ہی پانچویں ، آٹھویں اور سیکنڈ ایئر جماعتوں کی نصابی کتب کو آڈیو، ویڈیو اور انٹریکٹو مواد کے ساتھ ویب سائٹ پر پوسٹ کیا جائے گا جس سے طالبعلم اور اساتذہ دونوں ہی فائدہ اٹھاسکیں گے۔

شہباز نے کہا کہ حکومت ہر شہر اور قصبے میں لائبریریاں قائم کرنا چاہتی ہیں تاکہ طالبعلموں اور عوام میں پڑھنے کی عادت ڈالی جاسکے۔

انہوں نے تعلیم اور اسپورٹس کے وزیر رانا مشہود سےکہا کہ عنقریب ہونے والے پنجاب یوتھ فیسٹول میں ایک گوشہ کتابوں اور مطالعے پر بھی مخصوص کیا جائے۔ ' صرف وہی قومیں ترقی کرتی ہیں جن میں مطالعے اور علم حاصل کرنے کا شوق ہوتا ہے،' انہوں نے کہا۔

صوبے میں نوجوانوں کی تربیت کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ ڈپارٹمنٹ آف انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ ( ڈی ایف آئی ڈی) کے اشتراک سے دو اور چار ارب روپوں کے دو الگ منصوبوں پر کام جاری ہے۔

اس پروگرام کے تحت، پنجاب اسکلس ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہوٹل، دستکاری، برتن سازی اور دیگر کمپنیوں اور اداروں کے ماہرین سے پنجاب کے نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جائے گی۔ ٹریننگ فراہم کرنے کا بل حکومتِ پنجاب ادا کرے گی اور یہ جنوبی پنجاب سے شروع ہوکر صوبے کے دیگر اٹھارہ ضلعوں تک وسیع کیا جائے گا۔

شہباز نے کہا کہ صوبے میں یونیورسٹی کے قابل طالبعلموں کیلئے 210,000 لیپ ٹاپس دیئے گئے ہیں اور اب اسکول کے طالبعلموں کیلئے میرٹ پر ٹیبلٹ کمپیوٹر فراہم کئے جائیں گے۔' اس کے لئے ساڑھے آٹھ ارب روپے رکھے گئے ہیں جو خرچ نہیں بلکہ سرمایہ کاری ہے،' انہوں نے کہا۔

انہوں نے کہا کہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کی نئی یونیورسٹی اس وقت تین سو کے قریب طالبعلموں کو اعلیٰ معیاری تعلیم فراہم کررہی ہے۔

وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی کہا کہ اس سال اسکولوں سے باہر پندرہ لاکھ بچوں کو داخلہ دیا گیا ہے

اس سے قبل وزیر رانا مشہود نے کہا کہ حکومت نے لڑکیوں کے اسکول میں سہولیات کی عدم موجودگی کو دور کرنے کیلئے ساڑھے سات ارب روپے کی خطیر رقم رکھی ہے۔ اس کے علاوہ پہلے سے موجود اسکولوں میں 1500 نئے کلاس روم تعمیر کئے جارہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں