ڈیرہ اسماعیل خان: افغان طالبان نے پاکستان کے قبائلی علاقے میں محسود طالبان کے درمیان لڑائی اور اس کے خاتمے کے لئے مجاہدین اور عوام سے دعا کی اپیل کا کوئی پمفلٹ تقسیم کرنے سے انکار کیا ہے۔

افغان طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے منگل کو ایک ای میل کے ذریعے بتایا 'امیر ملا محمد عمر سے منسوب پمفلٹ میں کوئی حقیقت نہیں'۔

ترجمان کے مطابق مقامی نوعیت کے اس پمفلٹ کے بارے میں افغانستان کی طالبان قیادت کو بھی علم نہیں۔

پشتو زبان میں تحریر کیا گیا یہ پمفلٹ گذشتہ پیر کو وزیرستان میں تقسیم ہوا تھا۔

اس میں لوگوں سے کہا گیا تھا کہ وہ جنوبی وزیرستان میں محسود طالبان کے درمیان جاری لڑائی کوختم کرنے کے لئے دعا کریں۔

شمالی وزیرستان میں جمعہ کے روز تحریکِ طالبان پاکستان کے دو دھٹروں میں تصادم کے نتیجے میں متعدد جنگجو ہلاک ہوگئے تھے۔

ڈان نیوز کے مطابق، حکیم اللہ محسود گروپ کے شہریار محسود اور ولی الرحمٰن گروپ کے خان سید سجنا میں ایک دوسرے کے علاقوں میں مداخلت کرنے پر اختلافات نے جنگ کی شکل اختیار کرلی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں