کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ پر منگل کے روز ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں دو افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔

موٹر سایئکل سوار حملہ آوروں نے ایک نائی کی دکان کو نشانہ بنایا جسکے نتیجے میں ایک بچہ بھی زخمی ہوا جسے مقامی ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔

سپرانٹینڈنٹ پولیس عمران قریشی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ واقعے میں ہلاک ہونے والے افراد کا تعلق پنجاب سے ہے اور وہ سریاب روڈ پر کافی عرصے سے کام کررہے تھے۔

ان کا کہنا تھا کہ حملہ آور واقعے کے بعد موقع واردات سے فرار ہونے میں کامیاب رہے۔

بعدازاں پولیس اور فرنٹیئر کورپس نے جائے وقوع کو گھیرے میں لے لیا اور تحقیقات کا آغاز کردیا۔

ایس پی کا کہنا تھا کہ یہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا۔

لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے سول ہسپتال کوئٹہ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ اس سے قبل اسی علاقے میں دو روز قبل ایک اور واقعے میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے دو افراد کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں