اسلام آباد: سعودی عرب نے سترہ اپریل تک واجبات ادا نہ کرنے کی صورت میں پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن کی تمام پروازیں بند کرنے کی دھمکی دی ہے۔

ڈان نیوز نے بدھ کو ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ سعودی عرب کی ایوی ایشن اتھارٹی نے ماضی میں پی آئی اے کو متعدد نوٹس جاری کیے تھے لیکن یہ آخری تنبیہ دکھائی دیتی ہے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ سترہ اپریل تک واجبات کی عدم ادائیگی پر پی آئی اے کو حاصل پارکنگ اور دیگر سہولیات واپس لی جا سکتی ہیں۔

گزشتہ ستمبر میں حکومت کی جانب سے 26 فیصد شیئرز نجی ملیکت میں دیے جانے کے اعلان کے بعد سے پی آئی اے تنظیم نو مرحلے میں ہے۔

حکومت کا ماننا ہے کہ ادارے کو بچانے کا واحد طریقہ اس کی ڈی انوسٹمنٹ ہے۔

پی آئی اے کو روزانہ 87 ملین روپوں کا نقصان ہو رہا ہے اور اب تک اسے مجموعی طور پر 180 ارب روپوں کا خسارہ ہو چکا ہے۔

موجودہ حکومت پہلے ہی ادارے کو 11.75 ارب روپے دے چکی ہے اور اسے فعال رکھنے کے لیے مزید 4.25 ارب روپے دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔

پی آئی اے کے 34 طیاروں پر مشتمل بیڑے کے ایک تہائی پہلے ہی زائد عمر یا درکار مرمت کی وجہ سے گراؤنڈ ہو چکے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں