'دہشت گردی ختم کیے بغیر مضبوط دفاع کا قیام ناممکن'

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2014
وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحٰل شریف کاکول میں 129 ویں پی ایم اے لانگ کورسکی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب کے موقع پر قومی پرچم کو سلیوٹ کرتے ہوئے۔ فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر
وزیر اعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحٰل شریف کاکول میں 129 ویں پی ایم اے لانگ کورسکی تکمیل کے موقع پر منعقدہ تقریب کے موقع پر قومی پرچم کو سلیوٹ کرتے ہوئے۔ فوٹو بشکریہ آئی ایس پی آر

اسلام آباد، کاکول: وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ حکومت ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لیے پاک فوج کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی لیکن مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر مضبوط ملکی دفاع کا قیام نا ممکن ہے۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے ہفتہ کو کاکول میں 129 ویں پی ایم اے لانگ کورس، 48ویں تکنیکی کورس اور تیسرے مجاہد کورس کی تکمیل کے موقع پر صدارتی پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

نواز شریف نے پاسنگ آؤٹ کورس مکمل کرنے والے کیڈٹوں کو خصوصی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان آرمی میں ہمارے نئے افسروں کی عملی زندگی کے آغاز کا دن ہے اور میرے لیے اس پاسنگ آؤٹ پریڈ کے یادگار موقع پر خطاب کرنا باعث اعزاز ہے۔

اس موقع پر چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف، میجر جنرل نذیر احمد بٹ، کمانڈنٹ پاکستان ملٹری اکیڈمی، کامیاب کیڈٹس اور دیگر معزز مہمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔

وزیر اعظم نے کیڈٹس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو اس عظیم درسگاہ سے ملٹری ٹریننگ کی کامیاب تکمیل پر اپنی طویل کوششوں کا صلہ ملا ہے اور قوم سرحدوں کی حفاظت کے ضمن میں آپ پر بھر پور اعتماد کرسکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ملٹری اکیڈمی قیادت کی تیاری کا ایک اعلٖیٰ ادارہ تصور کیا جاتا ہے، اس عظیم ادارے میں آپ کے غیر متزلزل تصورات کو تقویت فراہم کی جاتی ہے، یہاں دی جانے والی تربیت نے آپ کو مستقبل کے چیلنجوں سے کامیابی سے نمٹنے کے قابل بنا دیا ہے ۔ آپ ان معیارات کا تسلسل جاری رکھیں، ان کو اپنا رہنما اور صلاح کار بنائیں۔

نواز شریف نے نوجوانوں سے کہا کہ پاک فوج میں شمولیت کے ساتھ ہی آپ کے کندھوں پر بے شمار ذمہ داریاں بھی عائد ہوتی ہیں، آپ کو مشکل حالات کا ڈٹ کا مقابلہ کرنا ہے اور اپنے کردار کی مضبوطی اور عزم و استقلال کے ذریعے شاندار روایات کو بھی سر بلند رکھنا چاہیے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ فوج کا پیشہ اپنی خاص نوعیت کے باعث وفاداری اور قربانی کا متقاضی ہے۔

'ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے فوجی جوان آپ کے زیر کمان بڑی سے بڑی قربانی دینے کو بھی فخر محسوس کریں گے لیکن آپ مت بھولیں کہ آپ کی قوم بھی آپ کی پشت پر متحد کھڑی ہوگی، حکومت ملک کے ناقابل تسخیر دفاع کے لیے آرمی کو تمام ممکنہ وسائل مہیا کرے گی'۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے نوجوانوں کو پاک فوج کے شہدا اور آرمی چیف کے نقش قدم پر چلنے کا مشورہ دیا۔

'آپ عظیم اور بہادر مجاہدوں کی روایات کی طرز پر قدم رکھ رہے ہیں ۔ جیسے کہ میجر عزیز بھٹی شہید، کیپٹن سرور (شہید ) اور میجر شبیر شریف (شہید) ۔آپ کو اپنے سپہ سالار جنرل راحیل شریف جیسے افسروں کا کردار بھی اپنے ذہن میں رکھنا چاہیے جو اپنی محنت ، حب الوطنی اور پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی بناپر پہچانے جاتے ہیں'۔

انہوں نے باور کرایا کہ ایک مضبوط معیشت اور دہشت گردی کے خاتمے کے بغیر ایک مضبوط ملکی دفاع بنانا ناممکن ہے لہٰذا ہمیں قومی مقاصد کے حصول کے لئے مل جل کرکام کرنا ہو گا۔

اس موقع پر انہوں نے کیڈٹس پر خود کو جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ کرنے اور نئے جنگی ہتھیاروں کے استعمال میں مہارت حاصل کرنے پر زور دیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں