اقوامِ متحدہ نے اپنے دوکارکن لاپتہ ہونے کی تصدیق کردی

20 اپريل 2014
اقوامِ متحدہ نے کراچی کی نواح میں ایک تفریحی مقام سے اپنے دو پاکستانی اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ فائل تصویر
اقوامِ متحدہ نے کراچی کی نواح میں ایک تفریحی مقام سے اپنے دو پاکستانی اہلکاروں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ فائل تصویر

کراچی: اقوامِ متحدہ کے ایک ذیلی ادارے یونائیٹڈ نیشن چلڈرن فنڈ ( یونیسیف) کے دو مقامی اراکین جو کچھ روز قبل لاپتہ ہوگئے تھے ۔ اقوامِ متحدہ نے آفیشل طور پر ان کی گمشدگی کی تصدیق کرتے ہوئے ان کے اغوا کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

اقوامِ متحدہ کے ترجمان وٹوریو کاماروٹا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ دونوں اسٹاف ممبر جمعرات کو غائب ہوئے تھے۔

' یونیسیف اس بات کی تصدیق کرتی ہے کہ جمعرات کو کراچی سے ان کے دو اسٹاف اراکین لاپتہ ہوئے ہیں۔ اس ضمن میں پولیس تفتیش کررہی ہے اور وہ ان افراد کے اہلِ خانہ کے ساتھ اور خود یونیسیف کے رابطے میں ہے،' بیان میں کہا گیا۔

پولیس کو بھی شبہ ہے کہ ان دونوں اراکین کو اغوا کیا گیا ہے۔

' اس بات کا بھی بہت امکان ہے کہ شاید انہیں اغوا کیا گیا ہے،' سینیئر پولیس آفیشل جاوید عالم اوڈھو نے اتوار کو خبر رساں ایجنسی اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا اور بتایا کہ تفریحی مقام کراچی سے باہر واقع ہے۔

ایک اور پولیس افسر محمد صمد نے کہا کہ ایک رکن کی بیوی نے پولیس کو واقعے کے بارے میں بتایا ہے اور اس کے بعد سے ان کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔

کراچی ملک کا سب سے بڑا شہر ہے اور معاشی حب بھی جبکہ ملکی معیشت میں اس کا حصہ 42 فیصد ہے۔ دوسری جانب کراچی میں فرقہ وارانہ ، سیاسی اور گینگ وار لڑائیاں بھی جاری رہتی ہیں جبکہ اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ بھی اس شہر کی ایک اور شناخت ہے۔

اس کے علاوہ اسٹریٹ کرائمز، بینک لوٹنے اور بھتہ خوری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

ہفتے کے روز کراچی میں سینیئر صحافی حامد میر پر بھی قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں وہ محفوظ رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں