خیبر پختونخوا کے تمام تھانوں میں 'خواتین ڈیسک'

21 اپريل 2014
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک—فائل فوٹو۔
خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک—فائل فوٹو۔

پشاور: خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اعلان کیا ہے کہ صوبے کے 500 پولیس اسٹیشنز میں خواتین کی سہولت کے لیے خصوصی ڈیسک تشکیل دی جائے گی۔

ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ گل بہار، فقیر آباد اور یونیورسٹی ٹاؤن میں یہ ڈیسک پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر کام کررہی تھی اور اسکی کامیابی کے بعد اسے صوبے کے دیگر تھانوں تک منتقل کیا جارہا ہے۔

اس موقع پر پرویز خٹک نے ماڈل پولیس اسٹیشنز میں جرگہ سسٹم کا بھی اعلان کیا جس کے تحت علاقے کے تین غیر جانبدار افراد کو شامل کیا جائے گا تاکہ ایف آئی آر سے قبل مقامی مسئلوں سے نمٹہ جاسکے۔

انہوں نے بتایا کہ خواتین ڈیسک کا قیام ماڈل پولیس اسٹیشن منصوبے کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ ڈیسک صوبے کے تمام پولیس اسٹیشنز میں قائم کی جائے گی تاکہ خواتین سے متعلق مسائل کو حل کیا جاسکے۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ناصر درانی نے کہا کہ صوبے کے پانچ سو پولیس اسٹیشنز میں سے 250 کی حالت تشویشناک ہے اور حکومت سے ان کی مرمت کے لیے درخواست کی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پولیس ڈپارٹمنٹ کو بہتر بنایا جائے گا تاکہ اس کی کارکردگی بہتر ہوسکے۔

تبصرے (0) بند ہیں