وزیرِ اعظم نے گدّو پاورپلانٹ کے مزید یونٹس کا افتتاح کردیا

21 اپريل 2014
وزیرِ اعظم نواز شریف ۔ فائل تصویر
وزیرِ اعظم نواز شریف ۔ فائل تصویر

گدّو، حیدرآباد: وزیرِ اعظم پاکستان نواز شریف نے گدّو تھرمل پاور پلانٹ میں اضافی پیداواری یونٹ کا افتتاح کردیا ہے۔ اس پر 60 ارب روپے لاگت آئے گی اور مزید 747 میگاواٹ بجلی سسٹم میں داخل ہوگی۔

243 میگا واٹ کے دو دو گیس ٹربائن کے اضافے کے موقع پر وہ لوگوں کی بہت بڑی تعداد سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ تیسرا یونٹ مئی میں سرگرم ہوگا اور اس سے گدّو پاور پلانٹ کی پیداوار 1655 سے بڑھ کر 2402 میگا واٹ ہوجائے گی جو بجلی کے چار ارب یونٹس کے برابر ہے۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ تین یونٹ مشترکہ طور پر پلانٹ کا حصہ ہوں گے اور 747 میگا واٹ بجلی بنائیں گے جس سے بجلی کی طلب اور رسد کے فرق کو کم کرنے کا موقع ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی سات ماہ قبل تکمیل سے قومی خزانے کو 58.6 ارب روپے کی آمدنی ہوگی۔ یہ رقم منصوبے پر خرچ کردہ رقم کے برابر ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسلسل کوششوں سے لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر قابو پالیا جائے گا، اور اس طرح صنعت اور زراعت کو فائدہ ہوگا۔

وزیرِ اعظم نے کہا کہ ماضی میں کام پر سست روی کی وجہ سے ترقیاتی کام تھم گیا تھا لیکن توقع ظاہر کی کہ نئے اقدامات سے مثبت تبدیلی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومتی کوششوں سے اگلے آٹھ سال میں قومی گرڈ میں 21,000 میگا واٹ بجلی شامل ہوجائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے چینی تعاون کو سراہا اور وقت سے پہلے کام مکمل کرنے پر ہاربن الیکٹرک کمپنی چائنہ کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ جلد ہی وہ اور وزیرِ اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ملکر کراچی لاہور موٹر وے کا افتتاح کریں گے جس سے علاقے میں خوشحالی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ تربیلا کی توسیع، گڈانی پاور پارک اور باشا ڈیم جیسے منصوبوں سے ملک سے اندھیروں کو دور کرنے میں مدد ملے گی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں