کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نکالنے کی درخواست کی سماعت سات مئی تک ملتوی کردی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق صدر کی درخواست پر سماعت کے دوران اٹارنی جنرل سلمان اسلم نے موقف اختیار کیا کہ انہیں ایک روز قبل ہی نوٹس ملا ہے اس لئے انہیں کم ازکم پندرہ دن کا وقت دیا جائے جس پر عدالت نے سات مئی تک سماعت ملتوی کردی۔

پرویز مشرف کے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ باہمی رضامندی سے نئی تاریخ کا تعین کیا گیا۔

وزارتِ داخلہ نے پانچ اپریل 2013 کو پرویز مشرف کا نام ای سی ایل پر اس لیے ڈالا تھا کہ وہ اپنے اوپر دائر مقدمات کا عدالتوں میں سامنا کریں۔

مشرف 2007ء میں پاکستان میں ایمرجنسی نافذ کرنے پر سنگین غداری کے مقدمے کا سامنا کررہے ہیں۔

اس کے علاوہ وہ بے نظیر بھٹو اور اکبر بگٹی کے قتل کے مقدمات کا بھی سامنا کررہے ہیں۔

ستر سالہ مشرف ہفتے کے روز طبی معائنے کے غرض سے کراچی آئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں