کابل: گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹر ہلاک

اپ ڈیٹ 24 اپريل 2014
کیور ہسپتال میں واقعے کے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے لایا جا رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی
کیور ہسپتال میں واقعے کے زخمیوں کو ایمبولینس کے ذریعے لایا جا رہا ہے۔ فوٹو اے ایف پی

کابل: افغانستان کے دارلحکومت کابل میں امریکی چیریٹی کی جانب سے چلائے جانے والے ہسپتال میں گارڈ کی فائرنگ سے تین امریکی ڈاکٹرز ہلاک ہو گئے ہیں۔

حکام کے مطابق کیور انٹرنیشنل ہسپتال میں ہونے والے حادثے میں سیکورٹی گارڈ زخمی ہو گیا جسے پولیس نے پکڑ لیا ہے تاہم ابھی تک فائرنگ کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہو سکے۔

وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ کیور ہسپتال کے سیکورٹی گارڈ کی فائرنگ کے نتیجے میں تین غیر ملکی ہلاک اور میڈیکل اسٹاف کی ایک خاتون زخمی ہو گئیں۔

'واقعہ صبح دس بجے کے قریب پیش آیا جس میں حملہ آور زخمی ہو گیا اور اسے پولیس نے پکڑ لیا ہے۔ واقعے کے پیچھے مقاصد واضح نہیں ہوسکے'۔

کیور ہسپتال کو پنسلوانیا میں ایک غیر منافع بخش تنظیم کی جانب سے 1998 میں تعمیر کرایا گیا، یہ 29 ملکوں میں ہسپتال چلا رہی ہے اور دماغی بیماریوں اور جلے ہوئے مریضوں کے علاج میں خاص مہارت حاصل ہے۔

افغانستان میں امریکی سفارتخانے کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والے تینوں افراد امریکی ڈاکٹر تھے۔

سفارتخانے نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ انتہائی افسوس کے ساتھ اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کیور ہسپتال پر حملے میں تین امریکی ہلاک ہو گئے ہیں۔

کابل میں غیر ملکیوں پر کیا جانے والا یہ تازہ حملہ ہے جہاں اس سے قبل غیر ملکی باشندوں پر متعدد حملے کیے جا چکے ہیں۔

اسے سے قبل ایک لبنانی ریستوران پر حملے میں 21 افراد لاک ہو گئے تھے جبکہ ایک تعیش ہوٹل میں صحافی کے علاوہ سوئیڈش صحافی کو بھی ہلاک کردیا گیا تھا۔

گزشتہ ماہ کابل میں ہی شدت پسندوں نے ایک گیسٹ ہاؤس پر حملہ کردیا تھا جس میں ایک لڑکی سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

رواں ماہ ایک پولیس کمانڈر نے مشرقی صوبے خوست میں حملہ کر کے ایسوسی ایٹڈ پریس کی فوٹو گرافر انجا نیدرنگھاس کو ہلاک کردیا تھا جبکہ ان کی ساتھی کینیڈین صحافی کیتھی گین شدید زخمی ہو گئی تھیں۔

ابھی تک طالبان سمیت کسی کی بھی جانب سے جمعرات کو ہسپتال پر ہونے والے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی گئی۔

تبصرے (1) بند ہیں

Toofan Apr 25, 2014 11:16pm
میرے خیال میں ان ڈاكٹروں كی قتل كی ذمہ دار حقانی نیٹ ورك ہے كیوں كہ طالبان نے ذمہ داری لینے سے انكار كیے ہیں اور صرف حقانی نیٹ ورك اتنی درندگی كے ساتھ ایسا كارروائی كر سكتا ہے . اس حركت سے یہ بھی پتہ چلتا ہے كہ اس قتل كا ذمہ دار افغانستان كا دوست نہیں بلكہ دشمن ہے یعنی حقانی نیٹ ورك كیوں كہ یہ ڈاكتراں مسلمان افغانوں كے علاج كے لئے وہاں تہےں . اللہ اس حركت كی ملزموں كو جلد سے جلد تباہ اور برباد كرے