فیس بک کے منافع میں تین گنا اضافہ

24 اپريل 2014
فیس بک استعمال کرنے والوں  کی تعداد بڑھ کر 1 ارب 28  کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔ —رائٹرز فوٹو
فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1 ارب 28 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے۔ —رائٹرز فوٹو

نیویارک : فیس بک نے کہا ہے کہ موبائل فونز کی اضافی فروخت اور اس حوالے سے اشتہار بازی کی وجہ سے 2014 کی پہلی سہ ماہی کے دوران اس کا حتمی منافع تین گنا بڑھ گیا۔

ادارے کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران آمدنی میں 72 فیصد اضافے کے بعد فیس بک کا بعد از ٹیکس منافع 642 ملین ڈالرتک پہنچ گیا جو 2013 کے اسی عرصے کے منافع سے تین گنا زیادہ ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ موبائل صارفین کی جانب سے ڈیٹا کی کمپیوٹر سے موبائل میں منتقلی ایک سال قبل خواب کی طرح تھی۔

تاہم اس میں مسلسل اضافے اور موبائل پر فیس بک کے استعمال سے ادارے کی رواں سال کی پہلی سہ ماہی کی آمدنی گزشتہ برس کے اسی عرصے کی نسبت بڑھ کر 2.27 ارب ڈالر ہوچکی ہے جس میں 59 فیصد حصہ موبائل کیلئے اور اس کے ذریعے اشتہار بازی کاہے۔

انھوں نے کہا کہ ادارے کی آمدنی میں ادائیگیاں اور فیسیں بھی شامل ہیں جن کی کل مالیت 2.5 ارب ڈالر رہی۔

رپورٹ کے مطابق جنوری سے مارچ کے دوران فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد گزشتہ برس کے اسی عرصے کی تعداد(609 ملین) سے بڑھ کر 802 ملین رہی جو کہ 21 فیصد اضافی ہے ۔

ماہانہ بنیادوں پر فیس بک استعمال کرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 1 ارب 28 کروڑ سے زائد ہوچکی ہے جن میں سے 1 ارب سے زائد موبائل کے ذریعے فیس بک استعمال کرتے ہیں ۔

فیس بک کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ ادارے نے سال کا آغاز پہلی سہ ماہی میں بہتر کاروبار سے کیا جس کا مطلب ہے کہ فیس بک روز بروز استحکام کی جانب مائل ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں