نارتھ امریکن باکس آفس پر اس ہفتے بھی بندروں کا راج برقرار ہے، بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم 'رائز آف دی پلانیٹ آف دی ایپس' کا سیکوئل اب تک پہلے نمبر پر ہے ۔

سال 2011 کی بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم کا سیکوئل 'ڈان آف دی پلانیٹ آف دی ایپس' اس ہفتے 3 کروڑ 60 لاکھ ڈالر کما کر پہلے نمبر پر برقرار ہے۔

ہدایت کار میٹ ریوز کی اس فلم میں اینڈی سرکیس، گیری اولڈ مین، جیسن کلارک اور کیری رسل اہم کردارادا کر رہے ہیں۔

پیٹر چرنن اور ڈائیلان کلارک کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کس طرح جینیاتی تجربات کے ذریعے بن مانس خطۂ ارض کی سب سے ذہین ترین مخلوق بن کر دنیا پر اپنی حکمرانی ثابت کرنے لگتے ہیں۔

بارہ کروڑ ڈالر کے بجٹ سے بننے والی یہ سائنس فکشن فلم 20 ویں صدی فوکس کے تحت 11 جولائی کو امریکی سینما گھروں کی زینت بنی۔

دوسرے نمبر پر ڈر اور خوف سے سجی نئی فلم 'دی پرج: انارکی' موجود ہے ۔ فلم نے ریلیز کے تین دنوں میں 2 کروڑ 84 لاکھ ڈالر کا بزنس کیا۔

پرج:انارکی 2013 میں باکس آفس پر کامیابی سمیٹنے والی فلم 'دی پرج' کا سیکوئل ہے۔

جس میں ایک شخص سالانہ پرج نائٹ پر اپنے بیٹے کے قاتل سے انتقام لینے جاتا ہے مگر راستے میں اسے ہائی وے پر پھنسی ہوئی مغوی ماں بیٹی اور ایک جوڑے کی مدد کرنا پڑ جاتی ہے۔

تھری ڈی اینی میٹڈ فلم 'پلانس' کا سیکوئل 'فائر اینڈ ریسکیو' ایک کروڑ 80 لاکھ ڈالر کما کر تیسرے نمبر پر موجود ہے۔

فلم کی کہانی اس بار بھی مرکزی کردار ڈسٹی کے گرد گھومتی ہے جو اس مرتبہ کسی ریس کا حصہ نہیں ہوگا بلکہ ایئر کرافٹ فائر فائٹنگ کرو کا حصہ بن چکا ہے، ڈسٹی اس نئے سفر میں کئی اہم سبق سیکھے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں