کراچی: رینجرز اور پولیس نے لیاری میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے چار مشتبہ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

پولیس اور رینجرز نے مشترکہ طور پر لیاری کے علاقے کلری اور بغدادی میں آپریشن کیا، جہاں سے یہ گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں۔

آپریشن میں دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا۔

سٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) شیراز ناصر کے مطابق ملزمان شہر میں فرقہ وارانہ اور ہدف بنا کر قتل کرنے جیسے وارداتوں میں ملوث تھے۔

حراست میں لیے جانے کے بعد ان افراد کو مزید تفتیش کے لیے قریبی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا۔

اس کے علاوہ رینجرز نے ان افراد سے اسلحے سے بھرا ایک ٹرک قبضے میں لینے کا بھی دعویٰ کیا۔

خیال رہے اس سے قبل دس جولائی کو شہر کے علاقے لیاری اور نیپئر میں ایک مبینہ مقابلے کے دوران گینگ وار کے تین مشتبہ ملزمان ہلاک ہوگئے تھے۔

کراچی شہر میں پولیس اور رینجرز کا ٹارگٹڈ آپریشن گزشتہ دس مہینوں سے جاری ہے، تاہم اس کے باوجود جرائم کا سلسلہ اب تک تھم نہیں سکا ہے۔

سہیل شبیر کی اضافی رپورٹنگ

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں