ایک سسپنس ہارر فلم کی کامیابی کے لئے ضروری ہے کہ اس میں خوف اور سسپنس کا اس حد تک عنصر شامل کیا جائے کہ دیکھنے والوں کو پوری طرح اپنی گرفت میں رکھے اور وہ خوف سے نہ چاہتے ہوئے بھی اختتام تک فلم دیکھیں- بطور پہلی فلم ڈائریکٹر اکشے اکینینی کی 'پیزا' ایک اچھے پلاٹ کی حامل ایوریج ہارر مووی ہے- مذکورہ فلم سنہ 2012 کی ہارر ہٹ تامل مووی 'پیزا' کی ری میک ہے۔

کہانی گھومتی ہے ایک نوجوان شادی شدہ جوڑے کنال (اکشے اوبرائے) اور نکیتا (پاروتی اومناکتن) کے گرد- کنال ایک پیزا ڈلیوری بوائے ہے جبکہ نکیتا ایک ہارر فکشن رائٹر- کمائی کم ہے اور دونوں زندگی بہتر بنانے کے لئے جدوجہد کر رہے ہیں- کنال اپنی بیوی کو بہت چاہتا ہے جو اس کی جیون ساتھی ہونے کے ساتھ ساتھ ایک اچھی دوست بھی ہے۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

زندگی اپنی مخصوص ڈگر پر چل رہی تھی کہ ایک دن کنال پیزا ڈیلیور کرنے ایک گھر میں جاتا ہے، اندر جا کر اس پر یہ انکشاف ہوتا ہے کہ یہ گھر آسیب زدہ ہے اور اب وہ اس میں پھنس چکا ہے- بہرحال بڑی مشکلوں کے بعد اس آسیب زدہ گھر سے نکلنے پر پتا چلتا ہے کہ نکیتا لاپتہ ہے- ایک تو آسیب زدہ گھر کا خوف اوپر سے بیوی کی گمشدگی کنال کو نیم پاگل سا کر دیتی ہیں- ہر طرف سے ناکامی کے بعد کنال خود اپنی بیوی کی تلاش کا بیڑا اٹھاتا ہے- وہ یہ کام کس طرح کرتا ہے؟ کیا اپنی بیوی کو زندہ سلامت ڈھونڈ پاتا ہے یا نہیں ؟ یہ آپ کو فلم دیکھ کر ہی معلوم ہو پائے گا۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

'پیزا' ایک مضبوط پلاٹ اور غیرمتوقع ڈراپ سین ہونے کے باوجود اپنے سکرین پلے سے مار کھا گئی ہے- ایک گھنٹہ سینتالیس منٹ کی اس فلم کے تیس منٹ ایک بے سروپا خواب اور مرکزی کرداروں کی زندگی پر ضائع کردیے گئے- باقی ماندہ وقت کا سب سے دلچسپ حصّہ کنال کا آسیب زدہ گھر میں گزارہ ہوا وقت ہے۔

مانگے کے ہارر سٹنٹس کے باوجود فلم کا یہ حصّہ آپ کی دلچسپی قائم رکھے گا۔

سکرین شاٹ
سکرین شاٹ

اس حصّے میں بیک گراؤنڈ میوزک، لائٹنگ اور ویژول افیکٹس اور میک اپ سب کے ساتھ پورا انصاف کیا گیا ہے- تھری ڈی افیکٹ کے بغیر بھی یہ سین کافی مؤثر رہتے- آسیب زدہ گھر میں پیش آنے والے یکے بعد دیگرے ہارر سین ماحول میں تناؤ قائم رکھنے اور دیکھنے والوں پر اپنی گرفت رکھنے میں کامیاب رہے، یہ کہنا بیجا نہ ہوگا کہ فلم کی جان اسی حصّے میں ہے۔

کہانی کے اصل ٹوئسٹ کے علاوہ بقیہ فلم کوئی خاص تاثر نہیں چھوڑ سکی۔


منفی پوائنٹس


مووی کے سکرین پلے میں جگہ جگہ غلطیاں کی گئی ہیں- سب سے بڑی غلطی کنال کا آسیب زدہ گھر کے لینڈ لائن فون سے اپنے باس سے رابطہ کرنا ہے، جبکہ فلیش بیک میں کنال کو وہی گفتگو موبائل فون سے کرتے دکھایا گیا ہے۔

دوسری بڑی غلطی فلم کا غیر ضروری اینڈنگ سین دیکھنے والوں کو سر کھجانے پر مجبور کردیتا ہے۔

بطور مرکزی کردار اکشے اوبرائے نے اچھی پرفارمنس دی ہے- اگر سکرین پلے اور ڈائریکشن مزید بہتر ہوتی تو اس سے اچھی پرفارمنس متوقع تھی- بہرحال اکشے نے مختلف جذبات کے اظہار کی بھرپور کوشش کی ہے- پاروتی اومناکتن اپنی جگہ بہتر رہیں- ان کا کام فلم میں زیادہ نہیں ہے اسی لئے انہیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا موقع نہیں مل پایا- دیگر سپورٹنگ کرداروں کا کام بھی واجبی حد تک ہے۔

ہارر فلموں میں میوزیکل سکور کی خاص ضرورت نہیں ہوتی، اسی لئے ان پر زیادہ توجہ بھی نہیں دی جاتی، 'پیزا' کے ساتھ بھی یہی کیس ہے۔


حرف آخر


'پیزا' ایک اچھی ہارر انٹرٹینمنٹ ثابت ہوسکتی تھی اگر سکرین پلے پر مزید توجہ دی جاتی- یہی وجہ ہے کہ فلم باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کر پائی، چند ہارر سینز فلم کی کامیابی کی ضمانت نہیں ہوسکتے۔

فلم کے پروڈیوسر سدھارتھ رائے کپور اور بیجوائے نمبیار ہیں- سکرین پلے، اکشے اکینینی کا ہے- ایڈیٹر سریکر پرساد اور سنیماٹوگرافر جے کرشنا گمدی ہیں۔

اسٹارنگ: اکشے اوبرائے، پاروتی اومناکتن، ارونادوے سنگھ، حسین دلال، ڈی سنتوش، اومکار داس مانکپوری۔

انگلش میں پڑھیں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں