کراچی: کراچی کے علاقے مائی کولاچی روڈ پر ٹرالر اور ڈمپر میں ہولناک تصادم کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوگئے جبکہ حادثے کے باعث ٹریفک معطل ہوگیا ۔

ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کےمطابق مائی کولاچی روڈ پر ہلکی بارش کے باعث سڑک پر پھسلن بڑھ جانے سے ایک تیز رفتار ڈمپر اور ٹرالر بے قابو ہوکر ایک دوسرے سے ٹکرا گئے۔

تصادم اتنا شدید تھا کہ ڈمپر اور ٹرالر مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ حادثے کے باعث مائی کولاچی روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔

حادثے میں تین افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں، جنھیں لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت اسپتال پہنچایا۔

عینی شاہدین کے مطابق حادثہ بارش کی وجہ سے پیش آیا۔

مائی کولاچی روڈ کا ایک حصہ بند ہونے کی وجہ سے ٹریفک حادثات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔

شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ مائی کولاچی روڈ کو دو طرفہ ٹریفک کے لیے مکمل طور پر کھولا جائے، تاکہ مستقبل میں اس قسم کے حادثات سے بچا جا سکے۔

تبصرے (0) بند ہیں