انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں، عمران عباس اور بپاشا باسو کی ہارر فلم 'کریچر تھری ڈی' کا پہلا پوسٹر اور ٹریلر جاری کر دیا گیا ہے۔

بولی وڈ کی فلموں کے شائقین کو بپاشا باسو کی وجہ سے اس تھری ڈی فلم کا انتظار ہے مگر پاکستانی ناظرین عمران عباس کی پرفارمنس دیکھنے کے لیے بے چین ہیں۔

دو منٹ طویل ٹریلر دیکھ کر لگتا ہے کہ فلم کا موضوع بپاشا باسو اور گوڈزیلا جیسی مخلوق سے اداکار کا ‘ٹاکرا’ ہے۔

عمران عباس کے بارے میں کہا گیا تھا کہ وہ اس فلم کے ہیرو ہیں مگر پرومو میں تو وہ بس بپاشا کے عشق میں مبتلا ایک لاپروا سے نوجوان کے روپ میں نظر آ رہے ہیں۔

تھری ڈی ایفیکٹس دل چسپ نظر آ رہے ہیں مگر 2011 کی ہانٹڈ اور 2012 میں بننے والی فلم راز کے بعد ایسی کسی فلم کی ضرورت تھی، ہماری دل چسپی کا اس میں ایک ہی پہلو ہو سکتا ہے اور وہ ہے عمران عباس کی کارکردگی۔

فلم کی کہانی ایک تفریحی مقام کی مالکہ بپاشا کے گرد گھومتی ہے، وہ جنگل کے بیچ میں ایک نئے تفریحی مقام کا افتتاح کرتی ہیں اور پھر وہاں مہمانوں کی آمد شروع ہو جاتی ہے۔

مگر سانولی سلونی اداکار کی توقعات اس وقت ملیامیٹ ہوجاتی ہیں جب اس تفریحی مقام پر ہونے والی پُر شور سرگرمیاں قریب ہی سوئی ہوئی ایک خونخوار بلا کو بیدار کر دیتی ہیں۔

کریچر تھری ڈی ستمبر کی 12 تاریخ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، اسے جون کے آخری ہفتے میں ریلیز کیا جانا تھا مگر سپیشل ایفیکٹس کے سلسلے میں کچھ کام باقی رہ جانے کی وجہ سے اس کی ریلیز ستمبر تک ملتوی کردی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں