پشاور: عسکریت پسندوں کی جانب سے پشاور میں سیکورٹی اہلکاروں کو ہدف بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز دو مختلف واقعات میں ایک پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک افسر زخمی ہوگیا۔

گزشتہ دو ہفتوں کے دوران ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں سات پولیس اہلکار ہلاک جبکہ دس زخمی ہوگئے ہیں۔

پولیس کے مطابق تھانہ بڈ ھ بیر کی حدود میں ڈی ایس پی صدر سرکل عابدالرحمان کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈی ایس پی اور ان کا ڈرائیور زخمی ہو گئے۔

زخمیوں کو فوری طور پر لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق زخمیوں کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں اسپتال کے سرجیکل وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔

اس سے قبل پولیس کے مطابق تھانپ شاہ قبول کی حدود میں عالم نامی پولیس اہلکار ڈیوٹی کر رہے تھے کہ نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ ہلاک ہوگئے۔

واقعہ کے بعد پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لیتے سرچ آپریشن شروع کردیا ۔

تبصرے (0) بند ہیں