جدہ: وزیراعظم نواز شریف نے سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز اور نائب وزیراعظم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز السعود سے الگ الگ ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نواز شریف نے عمرہ ادا کرنے کے بعد جدہ میں سعودی ولی عہد شہزادہ سلمان بن عبدالعزیز سے ملاقات کی جس میں باہمی امور پر بات چیت ہوئی۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات پر اطمینان کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے کہا سعودی عرب مسلم دنیا میں بہت اہم کردار ادا کررہا ہے۔

وزیراعظم نواز شریف کی سعودی نائب وزیراعظم شہزادہ مقرن بن عبدالعزیز السعود سے بھی ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا خطے کے امن کے لئے دونوں ممالک کو بہتر حکمت عملی کے تحت کام کرنا ہوگا۔

نواز شریف مدینہ منورہ بھی جائیں گے جہاں وہ روضہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم پر حاضری دیں گے۔

اس موقع پر سعودی ولی عہد نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مزید مضبوط تعلقات کی امید کا اظہار کیا۔

شہزادہ مقرن کے مطابق پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان ہر سطح پر بہترین تعلقات ہیں اور دونوں ممالک میں بھائی چارے کا رشتہ قائم ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں