پاک و ہند سیکریٹری خارجہ 25 اگست کو ملیں گے

23 جولائ 2014
پاکستان کے اعزاز احمد چوہدری اور ہندوستان کی سجاتا سنگھ کی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔۔۔۔فائل فوٹو
پاکستان کے اعزاز احمد چوہدری اور ہندوستان کی سجاتا سنگھ کی ملاقات اسلام آباد میں ہوگی۔۔۔۔فائل فوٹو

اسلام آباد: ہندوستان کی سیکریٹری خارجہ سجاتا سنگھ اور ان کے پاکستانی ہم منصب اعزاز احمد چوہدری کے درمیان 25اگست کو ملاقات ہو گی جس میں دو طرفہ مذکرات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

بدھ کے روز ہندوستان کی سیکریٹری خارجہ نے ٹیلی فون پر پاکستانی ہم منصب سے رابطہ کیا جس میں گذشتہ سال جنوری میں معطل ہونے والے مذاکراتی عمل کو دوبارہ بحال کرنے پر گفتگو کی گئی۔

پاکستان کی وزارت خارجہ کی ترجمان تسلیم اسلم نے اس حوالے سے بتایا کہ مذاکراتی عمل کو آگے بڑھانے کے لیے دو ممالک کے سیکریٹری خارجہ 25اگست کو ملاقات کریں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں وزرائے اعظم نواز شریف اور نریندر مودی نے مئی میں نئی دہلی میں بات چیت کے دوران اس ملاقات پر اتفاق کیا تھا۔

تسلیم اسلم کے مطابق دونوں سیکریٹریز نے مذاکرات کو نتیجہ خیز بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

دوسری جانب ہندوستان کے پاکستان میں ہائی کمشنر ٹی سی اے راگھوان نے ایک بار پھر پاکستان پر لائن آف کنٹرول(ایل او سی) پر سیز فائر کی خلاف ورزی کا الزام عائد کیا ہے۔

اسلام آباد میں ہندوستان کے ہائی کمیشن میں ایک تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دراندازی کی کوششوں کے دوران بلااشتعال فائرنگ کے واقعات ہو رہے ہیں، ورکنگ باونڈری پر فائرنگ کے واقعات میں ایک ہندوستانی فوجی سمیت سولین افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ ایل او سی پر فائرنگ کے واقعات پر پاکستان کی جانب سے ہندوستان پر الزامات عائد کیے جاتے رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں