لولی وڈ، بولی وڈ کے وہ اداکار جو ہیں بہت خاص

‫لولی وڈ، بولی وڈ کے وہ اداکار جو ہیں بہت خاص‬

سعدیہ امین


اپنی فلموں کے گانے خود اپنی آواز میں گانے کا رواج بولی وڈ فلموں میں بہت پرانا ہے۔ غالباً بولتی فلموں کے آغاز کے ساتھ ہی فلمی ایکٹرز نے گانے بھی خود ہی گانے شروع کر دیئے تھے۔ مگر بعد میں پلے بیک سنگنگ کا رجحان اس تیزی سے آگے بڑھا کہ آج تک کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ البتہ 80 کے عشرے میں امیتابھ بچن نے دوبارہ گانوں میں اپنی آواز کا جادو جگا کر دوسرے فنکاروں کے لئے بھی ایک نیا ٹرینڈ تخلیق کر دیا۔

آپ کو یہ سن کر شاید حیرانی ہو کہ آج کے دور کے بہت سے فنکار بہت اچھی پلے بیک سنگنگ کرتے ہیں۔ ان میں سے کچھ فنکار تو ایسے ہیں جو باقاعدہ گلوکاری سے اچھے خاصے پیسے کما سکتے ہیں۔

ان فنکاروں کی ایک اچھی بات یہ بھی ہے کہ وہ جتنے اچھے اداکار ہیں اتنے ہی اچھے گلوکار بھی ہیں۔ ہم نے پاکستان اور ہندوستان کے ایسے ہی معروف اداکاروں کی فہرست مرتب کی ہے جو اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے فن سے بھی بخوبی واقف ہیں۔


امیتابھ بچن


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

امیت جی کی صلاحیتیں دیکھ کر عام آدمی حیرت میں پڑ جاتا ہے۔ انہوں نے ایکٹنگ کی دنیا میں جو مثالیں قائم کیں وہ ان کے بعد آنے والوں کے لئے مشکل ترین سنگ میل ہیں۔ امیتابھ بچن باغبان، سلسلہ اور کبھی خوشی کبھی غم جیسی جدید دور کی فلموں میں گانے گا چکے ہیں، جبکہ سنہ 80 کے عشرے کی کئی فلمیں بھی ان کے کریڈٹ پر ہیں۔ اچھے اچھے فنکاروں کے لئے ان جیسی صلاحیتیں دکھانا مشکل ہو جاتا ہے بلکہ کئی بار تو انہیں بہترین گلوکاری پر ایوارڈز کیلئے بھی نامزد کیا جاچکا ہے اور وہ ابھی بھی یہ سلسلہ جاری رکھنے کیلئے پرعزم ہیں۔


ابھیشیک بچن


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

ابھیشیک بچن اداکاری کے میدان میں تو اپنے عظیم والد کے نقشِ قدم پر چلنے میں کافی حد تک ناکام ہی نظر آتے ہیں مگر کم از کم گلوکاری کے میدان میں تو وہ انہیں بھرپور ٹکر دینے کے قابل ہیں۔ جی ہاں ابھیشیک کو اداکاری کا فن ورثے میں ملا لیکن، وہ گانا گانے کا فن بھی آسانی سے سیکھ گئے۔ انہوں نے روشن سپی کی فلم ’بلف ماسٹر’، دم مارو دم، دھوم اور بول بچن میں اپنی آواز کا جادو جگایا۔


مادھوری ڈکشت


رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

یہ خوبصورت اداکار اب فلموں سے تو کافی حد تک دور ہوچکی ہیں مگر اب ایک بار پھر بولی وڈ میں دوبارہ ان ہوچکی ہیں۔ حال ہی میں اپنی فلم ‘گلاب گینگ’ میں انھوں نے گانا رنگی ساڑھی گلابی چنریاں کو اپنی والدہ شنہیلٹا ڈکشت کے ساتھ گایا۔ اسی طرح ایک عام رائے یہ ہے کہ مادھوری ڈکشت کی آواز میں ریکارڈ ہونے والا گانا ’کاہے چھیڑ‘ نہ ہوتا تو شاید ’دیوداس‘ کی پوزیشن مختلف ہوتی۔


شاہ رخ خان


رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

جب بات ہو بولی وڈ کنگ کی تو پہلا خیال شاہ رخ خان کا ہی آتا ہے اور ایسا ہے بھی مگر اداکاری کے ساتھ وہ دیگر میدانوں جیسے گلوکاری میں بھی کسی سے کم نہیں۔ شاہ رخ خان اپنی فلم ‘جوش‘ کا مشہور گانا ’اپون بولا تو میری لیلا’ گا چکے ہیں، یہی نہیں بلکہ وہ ’جب تک ہے جاں‘ کو بھی اپنی ’لے‘ اور ’سرتال‘ سے سجا چکے ہیں جس کے موسیقار اے آر رحمان جیسے عالمی شہرت یافتہ شخصیت تھے، اس کے علاوہ ان کی آنے والی فلم ’ہیپی نیو ایئر‘ کا بھی ایک گانا آپ شاہ رخ خان کی آواز میں سنیں گے۔


سلمان خان


اے پی فوٹو
اے پی فوٹو

سلمان خان کو اگرچہ اپنی شخصیت اور اداکاری کیلئے ہی بولی وڈ میں جانا جاتا ہے مگر دبنگ خان بھی گلوکاری کے میدان میں کسی سے پیچھے نہیں۔ درحقیقت انھوں نے سب سے پہلے 1999 میں فلم ‘ہیلو برادر’ سے گلوکاری کے میدان میں قدم رکھا اور پھر یوراج، وانٹنڈ اور دبنگ جیسی فلموں میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا اور اب وہ اپنی نئی فلم ‘کک’ میں بھی کچھ ایسا ہی کرنے لگے ہیں۔


پریانکا چوپڑا


فائل فوٹو
فائل فوٹو

بولی وڈ دیوا پریانکا چوپڑا ملکۂ حسن تو ہیں ہی مگر یہ جنگلی بلی گلوکاری کے میدان میں تو بین الاقوامی شہرت حاصل کرنے میں کامیاب ہوچکی ہیں۔ جلد ہی باکسر ‘میری کام ‘کی شکل میں نظر آنے والی پریانکا بلا کی حد تک گنگنانے کی شوقین ہیں۔ ان کی سریلی آواز کوئی ایک بار سن لے تو بار بار سننے کی فرمائش کرتا ہے، ان کی آواز کا جادو جھٹلانا بہت مشکل ہے۔ ان کی شہرت کا اصل میدان ہی انگلش گانے بنے ہیں جنھوں نے عالمی سطح پر پریانکا کو کئی ایوارڈز بھی دلوا دیئے ہیں۔


عامر خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

عامر اداکاری میں مسٹر پرفیکشنسٹ کہلاتے ہیں مگر گلوکاری کے میدان میں بھی انھوں نے خود کو باصلاحیت منوایا ہے۔ سب سے پہلے فلم ‘غلام’ میں ان کے گائے ہوئے دو گانے ’آتی کیا کھنڈالا‘ نے تہلکہ سا مچا دیا اور ایوارڈ کیلئے بھی نامزد ہوگئے، تاہم اس کے بعد طویل عرصے بعد 2007 میں ‘تارے زمین’ کے گیت ’بم بم بولے‘ کے ذریعے انھوں نے اپنی آواز کا جادو جگایا۔


اکشے کمار


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

بولی وڈ سٹار اکشے کمار اداکاری اور مارشل آرٹ میں اپنے منفرد انداز کے پر جانے ہی جاتے ہیں مگر گلوکاری کے میدان میں بھی وہ کسی پاپ سٹار سے کم نہیں۔ اپنی فلم ‘سپیشل 26’ کے مدھم رومانوی گیت ‘مجھ میں تو’ کو اکشے نے ہی گایا تھا اور اسے بہت زیادہ پسند بھی کیا گیا، اس کے علاوہ وہ ‘سنگھ از کنگ’ اور ‘چاندنی چوک ٹو چائنا’ میں بھی اپنی آواز کا جادو جگا چکے ہیں۔ اب بولی وڈ کھلاڑی اپنی نئی فلم ‘اٹس انٹرٹینمنٹ’ کے ٹائٹل گیت انٹرٹینمنٹ کو بھی اپنی آواز سے سجائیں گے۔


عالیہ بھٹ


فلم 'ٹو سٹیٹس' کا سکرین شاٹ
فلم 'ٹو سٹیٹس' کا سکرین شاٹ

عالیہ بھٹ نے اپنا کریئر تو بطور اداکار فلم ‘اسٹوڈنٹ آف دی ایئر’ سے شروع کیا اور اسے کامیابی سے آگے بھی بڑھایا مگر اب وہ ایک نئے میدان میں بھی خود کو منوانے کی کوشش کر رہی ہیں اور وہ ہے گلوکاری۔ انھوں نے نہ صرف خود کو اچھی اداکار ثابت کیا ہے بلکہ وہ اپنی آواز میں گانے بھی ریکارڈ کرا چکی ہیں اور وہ بھی آسکر ایوارڈز یافتہ موسیقار اے آر رحمٰن کے ساتھ۔۔ نو عمر عالیہ کے پاس سنگنگ اور ایکٹنگ دونوں میں بھرپور انداز سے کریئر بنانے کے سنہری مواقع موجود ہیں۔


سنجے دت


آن لائن فوٹو
آن لائن فوٹو

بولی وڈ کے کھل نائیک سنجے دت کو سب ہی ایکشن اور کامیڈی کرداروں کے حوالے سے جانتے ہیں، مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ وہ اب تک پندرہ سے زائد فلموں کیلئے پلے بیک سنگر بن چکے ہیں؟ مگر 1999 کی فلم ‘خوبصورت’ میں ‘اے شیوانی’ سے شروع ہونے والا یہ سفر کانٹے، مسافر، ڈیپارٹمنٹ سمیت کئی مشہور فلموں کے گیت اپنی آواز سے سجا چکے ہیں اور اس میدان میں بھی خود کو منوانے میں کامیاب رہے ہیں۔


ایوشمان کھرانہ


فائل فوٹو
فائل فوٹو

یہ باصلاحیت اداکار سب سے پہلے فلم ‘وکی ڈونر’ میں متعارف ہوا تھا اور اس کے گائے ہوئے گیت ‘پانی دا رنگ ویکھ کے’ نے دھوم مچا دی تھی اور اسے 2012 کے چند مقبول ترین گانوں میں سے ایک کا اعزاز ملا تھا اور متعدد ایوارڈز بھی جیتنے میں کامیاب رہا۔ یہی فارمولا اس نے اپنی دوسری فلم ‘نوٹنکی سالا’ میں بھی اپنایا جس میں وہ ‘ساڈی گلی آجا اور میرا من’ جیسے کافی پسند کئے جانے والے گانوں کو اپنی آواز دینے میں کامیاب رہا۔


شردھا کپور


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

عاشقی ٹو کے ذریعے بولی وڈ میں تہلکہ خیز انٹری دینے والی شردھا کپور کی دوسری فلم ‘ایک ولن’ بھی سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ مگر اس فلم میں اداکاری کے جوہر دکھانے کے ساتھ ساتھ انھوں نے گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی سریلی آواز کا جادو جگایا ہے۔ شردھا نے اس فلم کا گیت ‘گلیاں’ کیلئے اپنی آواز کو استعمال کیا اور پرستاروں نے بھی ان کا کافی خیر مقدم کیا۔


فرحان اختر، ابھے دیول، ریتک روشن


فلم 'زندگی ملے گی نہ دوبارہ' کا سکرین شاٹ
فلم 'زندگی ملے گی نہ دوبارہ' کا سکرین شاٹ

یہ تینوں اداکار غیر معمولی صلاحیتیں رکھتے ہیں، خاص طور پر فرحان اختر تو ہدایتکاری کے بعد اداکاری اور گلوکاری میں بھی اپنا نام منوانے میں کامیاب رہے ہیں، ‘راک آن’ میں اداکاری کے ساتھ ان کی آواز نے بھی خوب جادو جگایا تھا، اسی طرح ریتک روشن فلم ‘کائٹ’ میں تو گاتے نظر آئے مگر اس میدان میں شہرت انہیں فرحان اختر اور ابھے دیول کے ساتھ فلم ‘زندگی نہ ملے گی دوبارہ’ کے گیت ‘سینوریٹا’ کے ذریعے ملی۔ یہ گیت ان تینوں اداکاروں نے مل کر گایا تھا اور کافی ہٹ بھی ثابت ہوا تھا۔ ابھے کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ ڈانس نہیں کرسکتے لیکن یہ حقیقت ہے کہ وہ بہت اچھا گا سکتے ہیں, مکمل یقین کے لئے ان کی فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ دیکھ لیں۔


اب بولی وڈ سے نکل کر لولی وڈ کا رخ کرتے ہیں جہاں کے فنکار بھی اداکاری کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے شعبے میں بھی خود کو منوانے میں کامیاب رہے ہیں، اگر ماضی کی بات کی جائے تو رنگیلا، منور ظریف، ندیم اور بھی دیگر کافی نمایاں اداکار نظر آتے ہیں مگر اس وقت ہم موجودہ نسل کے ٹو ان ون سپر سٹارز کا ہی ذکر کریں گے۔


علی ظفر


فلم 'ٹوٹل سیاپا' کا سکرین شاٹ
فلم 'ٹوٹل سیاپا' کا سکرین شاٹ

علی ظفر تو شروع سے ہی بطور گلوکار، کمپوزر کی حیثیت سے عالمی شہرت رکھتے تھے مگر وہ چند پاکستانیوں میں سے ایک ہیں جنھوں نے گلوکاری کے ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی خود کو منوایا ہے۔ بولی وڈ کی فلم 'تیرے بن لادن' کے ذریعے فلمی دنیا میں قدم رکھنے کے بعد وہ میرے برادر کی دلہن، چشم بدور، لندن پیرس، نیو یارک اور ٹوٹل سیاپا وغیرہ میں کام کر چکے ہیں اور ابھی بھی وہ بولی وڈ میں اپنی اداکاری اور گلوکاری کے ساتھ کافی مصروف ہیں۔


فواد خان


فائل فوٹو
فائل فوٹو

فواد خان پاکستانی انٹرٹیمنٹ کے مقبول ترین چہروں میں سے ایک مانے جاتے ہیں مگر کیا آپ کو معلوم ہے انھوں نے اپنے کریئر کا آغاز گلوکار کے طور پر کیا تھا؟وہ انٹیٹی پیراڈائم سے ماڈلنگ کی جانب گئے اور پھر وہاں سے اداکاری کی میدان میں قدم رکھا۔ جٹ اینڈ بونڈ سے اداکاری کی دنیا میں داخل ہونے والے فواد نے شعیب منصور کی فلم ‘خدا کے لیے’ سے فلمی سفر کا آغاز کیا جس کے بعد انھوں نے پلٹ کر نہیں دیکھا اور آج پاکستانی ٹی وی چینیل کے سپر سٹار مانے جاتے ہیں اور یہ چرچے انہیں بولی وڈ میں لے گئے ہیں جہاں وہ فلم ‘خوبصورت’ میں سونم کپور کے ساتھ رومانس لڑاتے نظر آئیں گے۔


عاطف اسلم


فائل فوٹو
فائل فوٹو

پاکستان اور بولی وڈ میں گلوکاری کے میدان میں خود کو منفرد مقام دلانے کے بعد عاطف اسلم نے شعیب منصور کی فلم ‘بول’ کے ذریعے اداکاری کے شعبے میں بھی خود کو منوایا۔ آج کل عاطف اداکاری کی بجائے گلوکاری کو ہی ترجیح دینے کا کہتے ہیں تاہم کیا پتا مستقبل میں ایک بار وہ پھر کسی فلم میں ‘بول’ کی طرح اپنی اداکاری سے لوگوں کو مسحور کرتے نظر آہی جائیں۔


##عائشہ عمر

آن لائن فوٹو
آن لائن فوٹو

عائشہ عمر پاکستان کی وہ باصلاحیت اداکار ہیں جو ماڈلنگ اور میزبانی کے ساتھ ساتھ گلوکاری کے میدان میں بھی اپنی صلاحیتیں منوانے میں کامیاب رہی ہیں۔ اپنے البم پر 2012 لکس اسٹائل ایوارڈ حاصل کرنے والی یہ اداکار پاکستان کے ہر گھر میں ڈرامے ‘بلبلے’ کی بنا پر جانی جاتی ہیں تاہم ان کے کریڈٹ پر زندگی گلزار ہے، دل اپنا پریت پرائی اور لیڈیز پارک جیسے ڈرامے بھی موجود ہیں۔ عائشہ نے ریما خان کی فلم ‘لو میں گم میں’ مہمان اداکارکی حیثیت سے کام کیا تھا تاہم ان کی بطور ہیروئن پہلی فلم ‘یلغار’ بھی کچھ عرصے میں ریلیز ہونے والی ہے جسے پاکستان کی مہنگی ترین فلم ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہوگا۔


جنید خان


آن لائن فوٹو
آن لائن فوٹو

جنید خان پاکستان اور بیرون ملک مقبول بینڈ کال کے مرکزی گلوکار ہیں، تاہم وہ ایکٹنگ کی دنیا میں بھی کافی جانے جاتے ہیں۔ اپنے دو سالہ کریئر کے دوران وہ پانچ سے زائد ڈراموں میں کام کرکے ناظرین سے کافی داد وصول کرچکے ہیں، ان کے بہترین ڈراموں میں مجھے روٹھنے نہ دینا، متاع جاں ہے تو اور قدرت وغیرہ قابل ذکر ہیں۔ اب یہ نوجوان فنکار گلوکاری اور اداکاری کے ساتھ فلمی دنیا میں بھی آگے بڑھنے کیلئے پرعزم ہے۔


گوہر ممتاز


فائل فوٹو
فائل فوٹو

گوہر ممتاز میوزک انڈسٹری کے باصلاحیت ترین افراد میں سے ایک مانے جاتے ہیں جنھوں نے جل کی شکل میں ایک معروف ترین بینڈ کی بنیاد رکھی جس میں وہ گلوکار، شاعر اور گیٹارسٹ بھی رہے۔ اب ممتاز ڈراموں کے ذریعے اداکاری کے کریئر کا آغاز بھی کر چکے ہیں اور ڈرامہ تنہائی میں ان کا مرکزی کردار ہر کسی کو پسند آیا تھا۔ اسی طرح اب ان کا نیا ڈرامہ ‘کوکی’ آنے والا ہے عمیرہ احمد کے لکھے اس ڈرامے کے ذریعے گوہر کو توقع ہے کہ ان کا کریئر نئی بلندیوں تک پہنچ جائے گا۔


میشا شفیع


اے پی فوٹو
اے پی فوٹو

میشا شفیع بھی پاکستان کے ان فنکاروں میں سے ایک ہیں جنھوں نے اداکاری، ماڈلنگ اور گلوکاری جیسے میدانوں میں شہرت حاصل کی ہے۔ ان کی انفرادیت یہ ہے کہ وہ پاکستانی اور بولی وڈ کی ہی نہیں ہالی وڈ کی فلم میں بھی جلوہ گر ہوچکی ہیں۔ انھوں نے میرا نائر کی ہالی وڈ فلم ‘دی ریلکٹنٹ فنڈمینٹلسٹ’ کے ذریعے اداکاری کے کریئر کا آغاز کیا تھا، جس کے بعد وہ بولی وڈ میں ‘بھاگ ملکھا بھاگ’ اور لولی وڈ میں ‘وار’ جیسی فلموں میں جلوہ گر ہوئیں۔ میشا بنیادی طور پر گلوکار ہیں جنھوں نے عارف لوہار کے ساتھ کوک اسٹوڈیو میں ‘الف اللہ جگنی’ گا کر شہرت سمیٹی تھی اور اس گانے کو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھے جانے والے پاکستانی گیت کا اعزاز بھی حاصل ہے۔