کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز اسپن بالر سعید اجمل نے اپنی کارکردگی کے حوالے سے خدشات کو مسترد کر دیا ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ’’دوسرا‘‘ کی وجہ سے میں خود کو ایک مکمل اسپن بالر محسوس کرتا ہوں،اس سے کسی بھی کھلاڑی کو آئوٹ کرکے خوشی محسوس ہوتی ہے، اس سے کسی بھی بیٹسمین کو پریشان کر سکتا ہوں۔

سری لنکا کے خلاف اگست میں شروع ہونے والی کرکٹ سیریز کے حوالے سے 36سالہ پاکستانی کھلاڑی کافی پر امید ہیں، اس سیریز میں دو ٹیسٹ اور تین ایک روزہ میچ کھیلے جائیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان 2015 کے ورلڈ کپ سے قبل متحدہ عرب امارات میں آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف بھی ٹیسٹ سیریز کھیلے گا۔

سعید اجمل کا کہنا تھا کہ انگلینڈ میں ورکیسٹر شائر کی جانب سے کھیلتے ہوئے آٹھ میچز میں 56 وکٹیں حاصل کی تھیں جو ان کی بہتر کارکردگی کی نشاندہ کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کے دورے سے میں دوبارہ سے تازہ ہو گیا ہوں اس سے مجھے اپنے خاندان کے ساتھ بھی وقت گزارے کا موقع ملا جو کہ انگلینڈ میں میرے ساتھ تھا۔

سعید اجمل نے مزید کہا کہ عروج و زاول ہر ایک کے ساتھ ہے، حالیہ دنوں میرے کھیل کے حوالے سے مختلف تبصرے ہو رہے ہیں مگر میں دوبارہ سے کامیابی کے حصول کا خواہاں ہوں، آج کل عمومی طور پر بیٹسمینوں کے لیے پیچز بنائی جاتی ہیں ایسی پیچز پر کارکردگی دکھانا ہر کامیاب بولر کے لیے چیلنج ہوتا ہے جس کو وہ پورا کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مجھے لمبے اسپیل تک پولنگ کروا کر مزہ آتا ہے اسی لیے اس کی کوئی شکایت نہیں کرتا اور یہی میری کامیابی کا راز ہے۔ انہوں نے توقع کا اظہار کیا ہے کہ سری لنکا کے خلاف سیریز ایک چیلنج ہوگی کیونکہ ان کی بیٹنگ لائن کافی مضبوط ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں