عید الفطر بس چند روز کی دوری پر ہی رہ گئی ہے اور پاکستان میں اس دوران کافی لمبی چھٹیاں بھی لوگوں کی منتظر ہیں جن کا لطف دوبالا کرنے کیلئے فلموں کی بڑی تعداد بھی باکس آفس پر آنے کیلئے تیار ہے۔

ہوسکتا ہے کہ بیشتر افراد عید پر بریانیاں اور شیرخورمہ اڑانے میں مصروف ہوں مگر فلمی پرستار ضرور سینما گھروں کا رخ کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے کیونکہ وہاں ان کے پسندیدہ ستاروں کی فلمیں جو ریلیز ہورہی ہیں۔

یہاں وہ فلمی فہرست موجود ہے جو عید کے تینوں روز فینز کے دلوں کو گرماتی رہے گی۔


کک

سلمان خان کا ہندوستانی پریس فوٹوگرافر سے حالیہ تنازعہ بھی ان کے پرستارون کو اس فلم سے دور رکھ نہیں سکتا جو کہ بولی وڈ کی اس ایکشن فیچر فلم کی جھلکیاں دیکھ دیکھ کر ہی دیوانے سے ہوچکے ہیں۔

کک پہلے ہی فلمی صنعت میں کافی لہریں پیدا کر چکی ہے اور ممکنہ طور پر چھٹیوں کے تمام باکس آفس ریکارڈ توڑنے میں کامیاب رہے گی۔ یہ فلم چور سپاہی کے پرانے پلاٹ کو ایک نئے انداز سے پیش کر رہی ہے، جس میں جیکولین فرنینڈس ایک ماہر نفسیات شائنا بنی نظر آئیں گی، جبکہ رندیپ ہودا پولیس افسر کی حیثیت سے موجود ہیں اور سلمان خان ‘ڈیول’ کے نام سے ان دونوں کی زندگیوں میں ایک مشترکہ کردار بن کر دھوم مچاتے نظر آئیں گے، اور اس کا ٹریلر دیکھ کر کافی حد تک پلاٹ کا اندازہ لگایا ہی جا سکتا ہے۔

دبنگ خان بھی اپنے فینز کے فیڈ بیک کے منتظر ہیں جو فلم دیکھنے کے بعد اپنے رائے دیں۔


سلطنت

اس عیدالفطر پر ریلیز ہونے والی پاکستانی فلموں میں ملک کی فلمی تاریخ کی سب سے مہنگی فلم ’سلطنت‘ بھی شامل ہے۔ دبئی، مصر، بنکاک اور پاکستان میں شُوٹ کی جانے والی اس اردو فلم میں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی فنکاروں نے بھی کام کیا ہے۔

تقریباً 22 کروڑ روپے کی لاگت سے تین برسوں میں مکمل ہونے والی یہ فلم انڈر ورلڈ اور مافیا گروپوں کے موضوع پر گئی ہے جس کے فنکاروں میں جاوید شیخ، احسن خان، مونا لیزا، زینب قیوم اور شویتا تیواری بھی شامل ہیں۔ اس فلم کے ڈائیلاگ پرویز کلیم نے تحریر کیے ہیں جبکہ اس کے ڈائریکٹر کا نام سید فیصل بخاری ہے۔


ڈان آف دی پلانیٹ آف دی ایپس — تھری ڈی

عید پر ریلیز ہونے والی انگریزی زبان کی فلموں میں ’ڈان آف دی پلانیٹ آف دی ایپس‘ بھی شامل ہے، جو آج کل امریکا میں اپنی ریلیز کے بعد سب سے زیادہ بزنس کر رہی ہے۔

بارہ کروڑ ڈالر کے بجٹ سے ٹوئنٹیتھ سینچری فوکس کے تحت بننے والی یہ سائنس فکشن فلم 2011 کی بلاک بسٹر سائنس فکشن فلم رائز آف دی پلانیٹ آف دی ایپس کاسیکوئل ہے۔ ہدایتکار میٹ ریوز کی اس فلم میں اینڈی سرکیس، گیری اولڈ مین، جیسن کلارک اور کیری رسل نے اہم کردار ادا کیے ہیں۔ پیٹر چرنن اور ڈائیلان کلارک کی پروڈیوس کردہ اس فلم میں دکھایا گیا ہے کس طرح جینیاتی تجربات کے ذریعے بن مانس خطہِ ارض کی سب سے ذہین ترین مخلوق بن کر دنیا پر اپنی حکمرانی ثابت کرنے لگتے ہیں۔


پلینز: فائر اینڈ ریسیکیو — تھری ڈی

یہ فلم بچوں کیلئے عید کا تحفہ سمجھی جا سکتی ہے، ڈزنی کی تیار کردہ یہ اینیمیٹڈ ایڈونچر 2013 کی فلم ‘پلینز’ کا سیکوئل ہے، جس کی کہانی میں دکھایا گیا ہے کہ ڈسٹی کو معلوم ہوتا ہے کہ انجن کو نقصان پہنچ چکا ہے اور اب وہ کبھی ریس میں حصہ نہیں لے سکے گا تو فائر اینڈ ریسیکیو ٹیم کا حصہ بن جاتا ہے، جہاں اسے جنگل میں لگنے والی ایک بہت بڑی آگ کا مقابلہ کرنا پڑتا ہے۔


سٹیپ اپ — تھری ڈی

سٹیپ اپ کے پرستاروں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ سٹریٹ ڈانس پر مبنی اس سیریز کا نیا حصہ عید پر سینما سکرینوں پر ریلیز کیلئے تیار ہے، اسٹیپ اپ کے تمام سابقہ سٹارز لاس ویگاس میں اپنے کریئر کا خواب پورا کرنے کیلئے جمع ہوں گے۔ اس فلم کا خیال میامی کے سٹریٹ ڈانسر سین آسا کے گرد گھومتا ہے جسے راہ میں متعدد مشکلات اور چیلنجز کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔


ہرکیولس — تھری ڈی

اور آخر میں ذکر ہوجائے ہرکیولس کا جو کہ مہماتی و ایکشن لوور کیلئے عید کا تحفہ ثابت ہوگی۔

ماضی کے اس افسانوی کردار پر بننے والی اس نئی فلم میں اپنے ماضی کے گناہوں پر پچھتاوے کا شکار ہرکیولس کو کرائے کے سپاہی کے طور پر دکھایا گیا ہے جس کے دوران وہ جن مراحل سے گزرتا ہے وہ دیکھنے والوں کے دلوں کی دھڑکنیں تیز کرنے کیلئے کافی ثابت ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں