لاہور: سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس میں نامزد ملزم سابق ایس پی سیکیورٹی اوراُن کے گن مین کی عبوری ضمانت میں نو اگست تک توسیع کر دی گئی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق لاہور کی انسداد دہشتگردی کی عدالت نمبر دو میں سانحہ ماڈل ٹاؤن کیس کی سماعت ہوئی۔

کیس کی سماعت جسٹس ہارون لطیف نے کی۔

سانحہ ماڈل ٹاؤن میں نامزد ملزم اورسابق ایس پی سیکیورٹی سلمان خان اپنے گن مین عابد کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئے۔

ملزمان نے عدالت سے استدعا کی کہ وہ انوسٹی گیشن ٹیم کے سامنے باقاعدگی سے پیش ہوکر تفتیش کا حصہ بن رہے ہیں اور اُن پر ابھی تک یہ الزام ثابت نہیں ہو سکا ہے کہ انہوں نے گولی چلانے کا حکم دیا تھا یا پھر خود گولیاں چلائی تھیں۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی۔

یاد رہے کہ سابق ایس پی سیکیورٹی سلمان خان اوراُن کے گن مین عابد پر ماڈل ٹاؤن لاہور میں منہاج القران کے کارکنوں پر گولی چلانے کا الزام ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں