سوشل میڈیا نے جہاں ایک طرف عام لوگوں کو اپنے سحر میں مبتلا کر رکھا ہے تو دوسری جانب دنیا کے بڑے اداروں اور شخصیات خصوصاً فنونِ لطیفہ سے تعلق رکھنے والے افراد میں ‘لائیکس’ اور ‘فالوورز’ کی زیادہ سے زیادہ تعداد پر غیر اعلانیہ جنگ بھی جاری ہے۔

دنیا بھر میں تو اس بارے میں مختلف شخصیات کا راج ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ پاکستان میں ٹوئٹر کا بادشاہ یا ملکہ کون ہے؟ اگر نہیں تو ڈان پاک سر زمین کے مقبول ترین یوزرز اور ان کے فالوورز کی تعداد شائع کر رہا ہے، جن میں چھ مرد، تین خواتین اور ایک گروپ شامل ہے۔


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

عمران خان: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کریڈٹ پر کرکٹ کی دنیا میں فتوحات کے تاج تو موجود ہیں مگر اب وہ سیاست کی پیچیدہ گلیوں میں خود کو منوانے کے لیے کوشاں ہیں۔ پاکستان میں سب سے زیادہ ٹوئٹرز فالوورز رکھنے کا اعزاز بھی کپتان کے حصے میں آیا ہے جن کے سماجی رابطے کی اس ویب سائٹ پر چاہنے والوں کی تعداد گیارہ لاکھ 40 ہزارسے بھی تجاوز کر گئی ہے، جب کہ اس تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وسیم اکرم: پاکستان میں ٹوئٹر پر سب سے زیادہ مقبولیت اور فالورز رکھنے کی دوڑ میں دوسرے نمبر پر عمران خان کے ہی قریبی ساتھی سمجھے جانے والے سابق کرکٹر اور سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کھڑے ہیں جو ریٹائرمنٹ کے باوجود تاحال لاکھوں دلوں کی دھڑکن ہیں۔ ٹوئٹر پر وسیم اکرم کے فالورز کی تعداد چھ لاکھ سات ہزار سے زائد ہے۔


فائل فوٹو
فائل فوٹو

وینا ملک: اداکاری سے زیادہ اپنی اداﺅں اور تنازعات کی وجہ سے مشہور سکینڈل کوئین ٹوئٹر کے سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والی شخصیات کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ ان کے فالوورز کی تعداد پانچ لاکھ 32 ہزار سے زائد ہے۔


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

حامد میر: کراچی میں زخمی ہونے کے بعد قاتلانہ حملے میں آئی ایس آئی سربراہ کے ملوث ہونے کے الزامات کے باوجود اینکر پرسن حامد میر کی انٹر نیٹ پر مقبولیت کا گراف کافی بلند ہے۔ ٹوئٹر پر اس معروف صحافی کے فالورز کی تعداد پانچ لاکھ 30 ہزار سے بھی زیادہ ہے اور اس فہرست میں ان کا نمبر چوتھا ہے۔


رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

علی ظفر: گلوکار و اداکار علی ظفر کا نمبر اس فہرست میں پانچواں ہے۔ بولی وڈ اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں اپنی گلوکاری و اداکاری کی بناء پر دلوں میں گھر کر لینے والے علی ظفر کے ٹوئٹر پر چاہنے والوں کی تعداد 4 لاکھ 98 ہزار سے زائد ہے۔


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

فاطمہ بھٹو: ٹوئٹر پر سب سے زیادہ فالوورز رکھنے والوں کی فہرست میں چھٹے نمبر پر پیپلز پارٹی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی پوتی فاطمہ بھٹو ہیں جو ملکی سیاست میں زیادہ سرگرم تو نہیں مگر اپنی تحریروں اور خوبصورت شخصیت کی بناء پر ٹوئٹر پر انہیں فالو کرنے والے افراد کی تعداد چار لاکھ 61 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔


اے ایف پی فوٹو
اے ایف پی فوٹو

مبشر لقمان: مبشر لقمان پاکستانی ٹی وی کے چند متنازعہ ترین افراد میں سے ایک سمجھے جا سکتے ہیں جن پر اکثر پابندیوں کی اطلاعات سامنے آتی رہتی ہیں، اور یہی وجہ ہے کہ انہیں چاہنے والے اور اختلاف کرنے والے بھی ان کے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک دوسرے سے لڑتے نظر آتے ہیں۔ مجموعی طور پر مبشر لقمان کے ٹوئٹر پر چار لاکھ 41 ہزار سے زائد فالوورز ہیں اور ان کا نمبر ساتواں ہے۔


رائٹرز فوٹو
رائٹرز فوٹو

مریم نواز شریف: وزیراعظم میاں نواز شریف کی صاحبزادی مریم ٹوئٹر پر بہت زیادہ سرگرم ہیں اور اپنی جماعت نواز لیگ کے لیے وہ پی ٹی آئی کے جیالوں کا کافی بھر پور انداز میں مقابلہ کرتی نظر آتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر کافی پسند بھی کیا جاتا ہے اور ٹوئٹر پر مریم نواز کے فالوورز کی تعداد چار لاکھ 30 ہزار سے زیادہ ہو چکی ہے۔


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طلعت حسین: نوجوانی سے صحافت کے میدان سے جڑے طلعت حسین کا نام اب ایک مستند اور اچھے صحافی کے طور پر لیا جاتا ہے۔ اپنی تحریروں اور رپورٹنگ کی وجہ سے پسند کئے جانے والے اس اینکر پرسن کے ٹوئٹر پر فالوورز کی تعداد چار لاکھ نو ہزار سے زائد ہے۔


پی ٹی آئی: ٹوئٹر پر سب سے زیادہ پاکستانی فالوورز رکھنے والوں کی فہرست میں تحریک انصاف کا اکاﺅنٹ بھی شامل ہے۔ عمران خان کی یہ جماعت نوجوانوں میں زیادہ مقبول ہے جب ہی یہاں نوجوانوں کی بحث بھی بہت زیادہ دیکھنے میں آتی ہے۔ ٹوئٹر پر پی ٹی آئی کے فالوورز کی تعداد چار لاکھ چار ہزار سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Mudassar Iqbal Jul 26, 2014 05:04pm
باقی سب کی تو سمجھ آتی ہے لیکن یہ مبشر لقمان کدھر سے مقبول ہو گیا- سب جانتے ہیں کہ ایک رات اس کو صرف چند سو لوگ فالو کرہے تھے اور اگلی صبح تعداد لاکھوں میں پہنچح گئی تھی