نیویارک : ہر انسان بچپن سے لڑکپن، نوجوانی، درمیانی عمر یا اڈھیر عمری سے ہوتا ہوا بڑھاپے کی عمر تک پہنچتا ہے مگر کیا آپ کو معلوم ہے کہ اس سفر کے دوران کچھ خاص جسمانی کیفیات کو نظرانداز کرنے کا نتیجہ قبل ازوقت موت کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے؟

جی ہاں اڈھیرعمری یا درمیانی عمر (چالیس سال کے بعد سے) میں ان طبی علامات کو نظرانداز کرنا کافی بھاری بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

سینے میں درد

سینے میں چبھتا درد ہوسکتا ہے کہ دل کا دورہ ہو جیسا آپ ٹی وی پر دیکھتے ہی رہتے ہیں یا عام تکلیف بھی ہوسکتی ہے، تاہم یہ بات اہمیت رکھتی ہے جب بھی آپ کو سینے میںگھٹن اور تکلیف محسوس ہو تو طبی امداد کے لیے فون ضرور کریں اور کوئی گولی کھا کر اطمینان سے نہ بیٹھ جائے۔

ہوسکتا ہے کہ درد زیادہ شدید نہ ہو مگر یہ نہ بھولیں کہ ضروری نہیں کہ دل کے دورے کا احساس ہمیشہ سینے میں ہی ہوتا ہے، کئی بار یہ کمر درد، جبڑے میں درد یا دیگر تکالیف کی صورت اظہار کرتا ہے کہ آپ کا دل تکلیف میں ہے، اگر آپ ایسے درد کا احساس ہو تو طبی امداد لینے سے ہچکچائیں مت۔

سر کا شدید درد

اگر آپ کو اچانک ہی سر میں درد کا احساس ہو اور آپ کو ایسا لگے کہ یہ زندگی کا سب سے بدترین درد ہے تو فوری طور پر طبی امداد حاصل کریں، کیونکہ یہ ہوسکتا ہے کہ دماغ کو خون پہنچانے والی شریان میں کسی کمزوری یا رکاوٹ کا نتیجہ ہو، یہ درد اس شریان کو دماغ کو پھیلانے کا سبب بن سکتا ہے اور اگر یہ برقرار رہے تو اس کا نتیجہ فالج یا برین ہیمبرج کی شکل میں موت کی صورت میں نکل سکتا ہے، تو طبی امداد لینے گریز مت کریں۔

تاہم یہ ذہن میں رہے کہ یہ درد آدھے سر کے درد یا مائیگرین سے مختلف ہوتا ہے اور اگر وہ اچانک ہی آپ کو شکار کرتا ہو اور یہ سب معمول کا حصہ بن جائے تو یہ کسی خرابی ہوسکتا ہے۔

پیٹ کا درد

اگر آپ کے پیٹ میں اکثر درد رہتا ہو، پھولتا ہوا محسوس ہوتا ہے، کھانے سے رغبت ختم ہوجائے یا اجابت کے نظام میں کوئی تبدیلی محسوس ہو تو فوری طور پر ڈاکٹر سے رجوع کرنا چاہئے کیونکہ یہ کسی سنگین بیماری کی ابتدائی علامات بھی ہوسکتی ہیں۔

ہاتھوں یا پیروں کا سن ہوجانا

اگر آپ کو ہاتھوں یا پیروں میں کمزوری، سن ہوجانے کی شکایت یا جھنجھناہٹ محسوس ہو یا ان کی مضبوطی ختم ہوجائے(جیسے آپ کو سیڑھیاں چڑھنے میں مسئلہ ہو وغیرہ) تو یہ ممکنہ طور پر ریڑھ کی ہڈی میں کسی قسم کا مسئلہ ہوتا ہے جو آپ کے اعصاب کو دبا رہا ہوتا ہے۔

اگر آپ اس دباﺅ سے اپنے عصبی نظام کو نجات نہیں دلاتے تو آپ مستقل دماغی تبدیلیوں یا نقسان کا شکار ہوسکتے ہیں، اگرچہ ڈاکٹر اس کا علاج علامات ظاہر ہونے کے بعد ہی کرتے ہیں مگر اس صورت اگر آپ مناسب غذا اور ادویات کا استعمال کریں اور دیگر احتیاطی تدابیر کو اختیار کریں تو آپ کو مستقبل میں پریشانی کا سامان نہیں ہوگا۔

ٹانگ میں سوجن کے ساتھ درد

اگر آپ پنڈلی پر ورم اور درد کو محسوس کریں تو یہ وہ علامت ہے جس کو فوری توجہ کی ضرورت ہوتی ہے اور انتظار کرنا نقصان دہ بھی ثابت ہوسکتا ہے۔

یہ علامات اس بات کا عندیہ دے رہی ہوتی ہیں کہ آپ کی ٹانگ میں بلڈ کلوٹ یا لوتھڑا موجود ہوسکتا ہے اور یہ ایک خطرناک حالت ہے کیونکہ یہ جما ہوا خون اگر سفر کرتا ہوا پھیپھڑوں میں پہنچ گیا تو یہ جان لیوا بھی ہوسکتا ہے، ایک اندازے کے مطابق اس کیفیت کے نتیجے میں صرف امریکہ میں ہی ہر سال دو لاکھ افراد ہلاک ہوجاتے ہیں کیونکہ بلڈ کلوٹ سے پھیپھڑوں میں آکسیجن کی سپلائی رک جاتی ہے۔

تاہم اگر اس کا فوری علاج کرلیا جائے تو موت کا خطرہ دس فیصد سے کم رہ جاتا ہے۔

مسلسل کھانسی

اگر آپ کی کھانسی کی شدت میں کوئی کمی نہیں آرہی تو ڈاکٹر سے رجوع زیادہ بہتر طریقہ کار ہوگا، کیونکہ کھانسی مختلف امراض جیسے انفیکشن، کسی قسم کے کینسر، خوراک کی نالی میں تکلیف، پھیپھڑوں کے مسائل اور دیگر کا سبب ہوسکتی ہے۔

بہت زیادہ تھکاوٹ

ہر شخص کے توانائی کا لیول مختلف ہوتا ہے، خاص طور پر عمر کے حساب سے، تاہم اگر آپ خود اپنی زندگی میں یہ محسوس کرتے ہیں کہ آپ کا جسم ہر وقت تھکاوٹ کا شکار رہتا ہے اور آرام کا مطالبہ کرتا رہتا ہے تو یہ خون کی کمی کی علامت ہوسکتا ہے، یا آپ کے ہارمون عدم توازن کا شکار ہوسکتے ہیں ، یہ دل کے دورے کی بھی ایک علامت ہوسکتی ہے۔ کسی بھی حالت میں اسے نطر انداز مت کریں اور اپنے ڈاکٹر سے فوری طبعی معائنہ ضرور کرائیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں