ہیراتھ کی محنت رائیگاں، سیریز جنوبی افریقہ کے نام

اپ ڈیٹ 28 جولائ 2014
سری لنکا کے خلاف 21 سال بعد اسی کی سرزمین پر سیریز جیتنے والے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو۔ رائٹرز
سری لنکا کے خلاف 21 سال بعد اسی کی سرزمین پر سیریز جیتنے والے جنوبی افریقی کھلاڑیوں کا ٹرافی کے ساتھ گروپ فوٹو۔ رائٹرز

کولمبو: رنگنا ہیراتھ کی شاندار باؤلنگ کے باوجود سری لنکا کی ٹیم جیت کے انتہائی قریب پہنچ کر بھی کولمبو ٹیسٹ میں فتح حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہو سکی اور اس طرح جنوبی افریقہ نے سیریز اپنے نام کر لی۔

پیر کو سنہالیز سپورٹس کلب گراؤنڈ، کولمبو میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز جنوبی افریقا نے 38 رنز ایک کھلاڑی آؤٹ پر اننگز دوبارہ شروع کی تو اسے جیت کیلئے 331 رنز درکار تھے۔

لیکن جنوبی افریقی بلے بازوں نے وکٹ کا رویہ دیکھتے ہوئے منفی رویہ اپناتے ہوئے دفاعی انداز میں بلے بازی شروع کی۔

جنوبی بلے بازوں کی سست رفتار بلے بازی کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ پورے دن 94 اوورز کھیل کر 121 رنز بنائے۔

ہاشم آملہ نے 159 گیندیں کھیل کر 25 ، جے پی ڈومنی نے 65 گیندیں کھیل کر 3 ، اے بی ڈی ولیئرز نے 67 گیندیں کھیل کر 12، ڈیو پلیسی نے 49 گیندیں کھیل کر 10 اور ورنن فلینڈر نے 98 گیندیں کھیل کر ناٹ آؤٹ 27 رنز بنائے جبکہ کوئنٹن ڈی کوک 37 رنز کے ساتھ ٹاپ سکورر رہے۔

ایک موقع پر جنوبی افریقہ کی آٹھ وکٹیں 148 کے مجموعے پر گر گئیں تھیں اور سری لنکا کو دن کے بقیہ آٹھ اوورز میں جیت کے لیے محض دو وکٹیں درکار تھیں۔

اس مرحلے پر سری لنکا کی فتح کے امکانات صاف دکھائی دینے لگے لیکن ورنن فلینڈر نے اپنی شاندار دفاعی بلے بازی کی بدولت سری لنکن منصوبے ناکام بنا دیے۔

سری لنکا کی جانب سے رنگنا ہیراتھ نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 45 اوورز میں محض 40 رنز دے کر 5 جنوبی افریقی مہرے کھسکائے جبکہ اور دلروان پریرا نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔

اس ڈرا میچ کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے سری لنکا کے خلاف اسی کی سرزمین پر ٹیسٹ سیریز جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا جہاں پہلے ٹیسٹ میں اس نے کامیابی حاصل کی تھی۔

واضح رہے کہ جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو ٹیسٹ سیریز میں 21 سال بعد اس کی سرزمین پر شکست سے دوچار کیا ہے۔

سری لنکا کے مہپیلا جے وردنے کو میچ جبکہ جنوبی افریقی اسپیڈ اسٹار ڈیل اسٹین کو سیریز کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔

جنوبی افریقہ نے سیریز جیتنے کے ساتھ ساتھ آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔

تبصرے (0) بند ہیں