غزہ : پناہ گزین کیمپ پر راکٹ حملہ، 8 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2014
ایک فلسطینی عورت غزہ شہر میں پناہ گزین کیمپ پر اپنی بیٹی کے ہمراہ، اے ایف پی فوٹو۔۔۔
ایک فلسطینی عورت غزہ شہر میں پناہ گزین کیمپ پر اپنی بیٹی کے ہمراہ، اے ایف پی فوٹو۔۔۔

غزہ: غزہ شہر میں پناہ گزین کیمپ پر راکٹ حملے میں 8 بچوں سمیت 10 افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے جس میں اکثریت بچوں کی ہے۔

عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ایف 16 سے کئی میزائل فائر کیے گئے۔

جبکہ اسرائیلی فوج نے کیمپ پر کسی حملے کی دو ٹوک تردید کی ہے۔

اسرائیل فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی عسکریت پسندوں کی طرف سے داغے گئے راکٹ نشانہ خطا ہونے کے بعد ان جگہوں پر گرے ہیں۔

سروسسز ترجمان اشرف القدرہ نے کہا کہ شاتی پناہ گزین کیمپ پر راکٹ حملے میں آٹھ بچوں سمیت دس افراد ہلاک اور 46 زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں اکثریت بچوں کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچے اس وقت کیمپ کے سامنے کھیل رہے تھے۔

مقامی رہائشیوں نے خبر رساں ادارے اے ایف پی کو بتایا کہ کئی میزائل بچوں کے کھیل کے میدان کے قریب آ کر گرے۔

ایک رہائشی نے اے ایف پی کو بتایا کہ شاتی کیمپ کی سڑک پر ایف 16 سے پانچ راکٹ فائر کیے گئے جہاں بچے کھیل رہے تھے، جس کے نتیجے میں کچھ بچے ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے۔

اے ایف پی نامہ نگار کا کہنا ہے کہ کم از کم سات بچوں کی لاشیں دیکھی گئیں جنہیں سرد خانے لے جایا جا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ پر مرد اور خواتین شدت غم سے چلا رہے۔ تھے۔

طبی عملے اور اے ایف پی کے مطابق کیمپ پر حملے سے پہلے ایک مزائل حملے میں شفاء ہسپتال کے احاطے کے اندر عمارت کو نشانہ بنایا گیا جس سے عمارت کو نقصان تو پہنچا تاہم اس میں کوئی زخمی نہیں ہوا۔

میزائل بظاہر ڈرون سے داغے گئے تھے۔

اسرائیلی فوج نے شاتی کیمپ اور شفاء ہسپتال پر راکٹ فائر کرنے کی تردید کی ہے۔

میجر آرے شالیکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ شاتی پناہ گزین کیمپ یا ہسپتال پر راکٹ فائر نہیں کیے گئے۔

راکٹ حماس کی طرف سے داغے گئے تھے جو فنی خرابی کے باعث ان جگہوں پر پھٹ گئے۔

انہوں نے کہا کہ آٹھ جولائی سے شروع ہونے والے تشدد میں اسرائیل پر تقریبا دو سو میزائل داغے گے، ڈرون حملے کے حوالے سے خبروں کی انہوں نے دوٹوک تردید کی۔

انہوں نے کہا کہ ہم ڈرون صرف نگرانی کے لیے استعمال کر رہے ہیں ، انہیں میزائل سے لیس نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں