کامن ویلتھ گیمز: پاکستانی ریسلر دو میڈل جیتنے میں کامیاب

اپ ڈیٹ 29 جولائ 2014
پاکستانی ریسلر اظہر حسین کی 2010 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تغہ جیتنے کے بعد لی گئی تصویر۔ فائل فوٹو
پاکستانی ریسلر اظہر حسین کی 2010 کے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تغہ جیتنے کے بعد لی گئی تصویر۔ فائل فوٹو

گلاسگو: پاکستانی ریسلر اظہر حسین اور قمر عباس نے کامن ویلتھ گیمز میں ریسلنگ کے مقابلوں میں دو تمغے پاکستان کے نام کر دیے۔

اسکاٹ لینڈ کے شہر گلاسکو میں جاری کامن ویلتھ گیمز میں برانز میڈل کے میچ میں 57 کلو گرام کی کیٹیگری کے میچ میں پاکستانی ریسلر اظہر حسین کا مقابلہ جنوبی افریقی ریسلر مسویانے سے ہوا۔

اظہر حسین نے میچ کے آغاز سے ہی جنوبی افریقی ریسلر کو اپنے قبضے میں لے لیا اور شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے تیسرے ہی منٹ میں اپنے حریف کو ریسلنگ سرکل سے باہر کردیا۔

اظہر حسین نے ایک کے مقابلے میں گیارہ پوائنٹس سے کامیابی حاصل کرکے طلائی تمغہ اپنے نام کیا۔

واضح رہے کہ اظہر حسین نے اس سے قبل 2010 میں دہلی میں ہونے والے کامن ویلتھ گیمز میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔

دوسری جانب پاکستانی پہلوان قمر عباس نے فری اسٹائل ریسلنگ کی 74 کلوگرام کیٹگری میں چاندی کا تمغہ جیت لیا۔

فائنل میں قمر عباس ہندوستانی پہلوان سُشیل کمار کے مدمقابل آئے جنہوں نے میدان مار کر سونے کا تمغہ سینے پر سجایا۔

قمر عباس کو شکست کے باعث چاندی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔

ان دو میڈلز کے ساتھ ہی پاکستان کے کُل میڈلز کی تعداد تین ہو گئی ہے جہاں اس سے قبل جوڈو کے مینز ایونٹ میں حسین نے چاندی کا تمغہ جیتنے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

کامن ویلتھ گیمز اب تک آسٹریلیا 32 سونے کے تمغوں سمیت کُل 91 میڈل کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ نے 29 گولڈ میڈل کے ساتھ 81 اور میزبان اسکاٹ لینڈ 13 گولڈ میڈل سمیت 33 تمغے جیت کر تیسرے نمبر پر ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں