۔—فائل فوٹو بشکریہ ثناء کاظمی

کراچی: پاکستانی کرکٹ ٹیم رواں سال دسمبر میں ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ دورے میں تین ون ڈے اور دو ٹی ٹوئنٹی میچ متوقع ہیں ۔

ہندوستان کے کرکٹ بورڈ کے مطابق نئی دہلی نے  پاکستان کے دورے کی منظوری دے دی ہے۔

واضح رہے کہ دو ہزار آٹھ میں ممبئی حملوں کے بعد پاکستان اور ہندوستان کے درمیان یہ پہلی سیریز ہوگی۔

ذرائع کے مطابق دونوں ملکوں کے بورڈ حکام نے اتفاق کیا ہے کہ گرین شرٹس کرسمس کی چھٹیوں کے دوران ہندوستان کا دورہ کرے گی۔ دورے میں تین ون ڈے میچوں کے علاوہ دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے جاسکتے ہیں۔

ان میچوں کا انعقاد ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والی سیریز کے وقفے کے دوران ہوگا کیونکہ انگلینڈ کی ٹیم ٹیسٹ میچوں‌ کے بعد کرسمس منانے واپس وطن جائے گی اور بقیہ سیریز جنوری میں آکر کھیلے گی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین ذکاء اشرف نے سیریز کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرکٹ سے دونوں ملکوں کے سیاسی تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں اشرف نے کہا کہ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے انکی چھ ماہ سے جاری کوششوں کا مثبت جواب دیا ہے۔

انہوں نے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے حوالے سے کہا کہ انکی کوشش ہوگی کہ پاکستان میں عالمی کرکٹ جلد بحال ہو۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبائی حکومتیں سیکیورٹی کی ذمہ داری لیں تو ٹیمیں پاکستان آکر کھیلنے کو تیار ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں