کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبے بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

کوئٹہ پولیس کے سپرنٹنڈنٹ عمران قریشی نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ یہ واقعہ کوئٹہ کے علاقے اسپنی روڈ پر پیش آیا جہاں مسلح افراد کی فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔

انہوں نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے دونوں افراد کا تعلق ہزارہ برداری سے تھا جو ہزارہ ٹاؤن سے شہر کی جانب آرہے تھے۔

عمران قریشی کا کہنا تھا کہ واقعہ کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور واقعہ کی تفتیش شروع کردی۔

بعد میں ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ایک اور پولیس افسر نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ڈان کو بتایا کہ بظاہر یہ واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگیٹ کلنگ لگتا ہے۔

فوری طور پر ابھی کسی بھی گروپ یا تنظیم نے اس واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ اسپنی روڈ کوئٹہ شہر کا ایک حساس علاقہ ہے اور پولیس کی چیک پوسٹ ہونے کے باوجود بھی اس قسم کے واقعات میں کمی نہیں آسکی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Iqbal Jehangir Jul 31, 2014 06:35pm
سنی اور شیعہ کے درمیان لڑائی اور ایک دوسرے کا خون بہانا درست نہ ہے۔ فرقہ واریت پاکستان کے لئے زہر قاتل ہے۔ قرآن مجید، مخالف مذاہب اور عقائدکے ماننے والوں کو صفحہٴ ہستی سے مٹانے کا نہیں بلکہ ’ لااکراہ فی الدین‘ کا درس دیتاہے اور جو انتہاپسند عناصر اس کے برعکس عمل کررہے ہیں وہ اللہ تعالیٰ، اس کے رسولؐ، قرآن مجید اور اسلام کی تعلیمات کی کھلی نفی کررہے ۔ فرقہ واریت مسلم امہ کیلئے زہر ہے اور کسی بھی مسلک کے شرپسند عناصر کی جانب سے فرقہ واریت کو ہوا دینا اسلامی تعلیمات کی صریحاً خلاف ورزی ہے اور یہ اتحاد بین المسلمین کے خلاف ایک گھناؤنی سازش ہے۔ ایک دوسرے کے مسالک کے احترام کا درس دینا ہی دین اسلام کی اصل روح ہے دہشت گرد گولی کے زور پر اپنا سیاسی ایجنڈا پاکستان پر مسلط کرنا چاہتے ہیں ۔ نیز دہشت گرد قومی وحدت کیلیے سب سے بڑاخطرہ ہیں۔اسلام امن،سلامتی،احترام انسانیت کامذہب ہے لیکن چندانتہاپسندعناصرکی وجہ سے پوری دنیا میں اسلام کاامیج خراب ہورہا ہے۔ طالبان،لشکر جھنگوی اور دوسرے دہشت گرد پاکستان بھر میں دہشت گردی کی کاروائیاں کر ر ہے ہیں اور ملک کو فرقہ ورانہ فسادات کی طرف دہکیلنے کی سرتوڑ کوشیشیں کر رہے ہیں۔