فٹنس مسائل: ایشانت شرما اگلے ٹیسٹ سے بھی باہر

اپ ڈیٹ 31 جولائ 2014
ایشانت شرما۔ فوٹو اے پی
ایشانت شرما۔ فوٹو اے پی

لندن: ہندوستانی ٹیم کے فاسٹ باؤلر ایشانت شرما فٹنس مسائل کے باعث مانچسٹر میں ہونے والے چوتھے ٹیسٹ میچ سے باہر ہو گئے ہیں۔

ہندوستانی ٹیم کے کپتان ایم ایس دھونی نے کہا ہے کہ فاسٹ باؤلر ایشانت شرما فٹنس مسائل کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف چوتھے ٹیسٹ کے لیے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

ایشانت شرما نے انگلینڈ کے خلاف لارڈز میں تباہ کن کا مظاہرہ کیا تھا جس کی بدولت انڈیا نے 95 رنز سے فتح حاصل کی تھی۔

تاہم فٹنس مسائل کی وجہ سے انہیں تیسرے ٹیسٹ میچ سے بھی باہر ہونا پڑا۔

گزشتہ روز میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے دھونی نے کہا کہ ایشانت شرما مکمل طور پر فٹ نہیں ہیں اور بدقستمی سے وہ چوتھے ٹیسٹ کیلئے بھی دستیاب نہیں ہوں گے۔

انگلینڈ اور ہندوستان کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان چوتھا ٹیسٹ 7 سے 11 اگست تک اولڈ ٹریفورڈ، مانچسٹر میں کھیلاجائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز 1-1 سے برابر ہے۔

ناٹنگھم میں کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا تھا، لارڈز میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ میں انڈیا نے 95 رنز سے کامیابی حاصل کرکے سیریز میں برتری حاصل کر لی۔

جمعرات کو ختم ہونے والے سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میں انگلینڈ نے شاندار انداز میں کم بیک کیا اور 266 رنز سے فتح حاصل کرکے سیریز برابر کر دی۔

سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ 15 سے 19 اگست تک لندن میں کھیلا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں