کراچی: پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کے ساحل پر ڈوبنے والے مزید نو افراد کی لاشیں آج جمعہ کی صبح نکال لی گئیں۔

اس طرح گزشتہ روز سے اب تک نکالی جانے والی لاشوں کی تعداد اب 34 ہوگئی ہے۔

خیال رہے کہ بدھ کو عید کے دوسرے دن کراچی کے ساحلِ سمندر پر تقریباً بیس سے زائد افراد نہاتے ہوئے ڈوب کر لاپتہ ہوگئے تھے۔

اس سے قبل گزشتہ شام تک جاری رہنے والے ریسکیو آپریشن کے دوران 23 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا تھا، جس کے بعد روشنی کم ہونے کے باعث اس آپریشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا۔

جمعہ کی صبح مزید لاشوں کی تلاش کے لیے ایک مرتبہ پھر آپریشن شروع کیا گیا ہے، جس میں پاکستان نیوی کے ہیلی کاپٹرز بھی حصہ لے رہے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق جمعے کو سی ویو سے ملنے والی مزید دو لاشوں کی شناخت کرلی گئی ہے۔

ڈوبنے والے افراد کے اہل خانہ کی بھی ایک بڑی تعداد اس وقت بھی ساحل پر موجود ہے، جن کی مدد سے باقی لاشوں کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے سانحہ سی ویو میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے۔

جبکہ وزیر اعلیٰ ہاؤس میں آج ہونے والی عید ملن کی تقاریب بھی منسوخ کردی گئی ہیں۔

وزیراعظم نواز شریف سمیت اہم حکومتی رہنماؤں نے سانحہ سی ویو پر انتہائی دکھ کا اظہار کیا ہے۔

جبکہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اس واقعے کو حکومت کی نالائقی قرار دیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں