بغداد: عراق کے دارالحکومت بغداد میں جمعہ کے روز ہونے والے بم دھماکوں میں 10 افراد ہلاک اور 29 زخمی ہو گئے۔

صدر سٹی کے علاقے میں کار کے ذریعے دھماکہ کیا گیا، اس علاقے میں عمومی طور پر سیکیورٹی سخت رکھی جاتی ہے مگر اس کے باوجود اس علاقے کو عسکریت پسند متواتر نشانہ بنا رہے ہیں۔

پولیس اور اسپتال ذرائع سے سامنے آنے والی رپورٹس کے مطابق اس دھماکے سے گلیوں اور قریبی عمارتوں میں رہائش پذیر مکینوں میں سے 7افراد ہلاک اور 21 افراد زخمی ہوئے۔

علاوہ ازیں مرکزی خولانی اسکوائر پر ایک مسجد کے قریب ہونے ولے تین دھماکوں میں تین افراد ہلاک اور 8زخمی ہوئے۔

پولیس افسران کے مطابق تینوں دھماکے کچھ وقفے سے ہوئے جس کے باعث جانی نقصان ہوا۔

یاد رہے کہ عراق کےمغرب اور شمال میں اکثر علاقوں پر آئی ایس آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ عراق اینڈ سیریا) نے جون میں قبضہ کر لیا تھا جس کے بعد انہوں اپنے زیر قبضہ علاقوں میں خلافت کا اعلان کر دیا تھا، اس عسکریت پسند گروہ کے زیر اثر علاقے بغداد سے چند کلومیٹر دور ہیں۔

آئی ایس آئی ایس نے اب تک بغداد پر کوئی باقاعدہ حملہ تو نہیں کیا مگر مبینہ طور پر ان کی جانب سے خود کش حملے، کار بم دھماکے اور بارودی سرنگوں سے دھماکے کیے جاتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں