باجوڑایجنسی:سرحد پار سے عسکریت پسندوں کا حملہ، ایف سی اہلکار ہلاک

پاک افغان سرحد پر ایک اہلکار راکٹ لاچر لیے مستعد کھڑا ہے۔۔۔فائل فوٹو
پاک افغان سرحد پر ایک اہلکار راکٹ لاچر لیے مستعد کھڑا ہے۔۔۔فائل فوٹو

راولپنڈی/پشاور: باجوڑایجنسی میں سرحد پار سے ہونے والے حملے میں فرنٹیئر کور(ایف سی) کا ایک اہلکار ہلاک ہو گیا ہے۔

عسکری حکام کے مطابق پاک افغان سرحد پر تحصیل مہمند میں جمعہ کے روز یہ واقعہ پیش آیا۔

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) نے بھی کاغئی پاس کے قریب سرحد پار سے عسکریت پسندوں کے ہونے والے حملے کی تصدیق کی ہے۔

آئی ایس پی آر کے اعلامیے کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے بھی جوابی فائرنگ کی مگر اس کے نتیجے میں عسکریت پسندوں کے ہونے والے جانی نقصان کی تصدیق نہیں ہو سکی۔

یاد رہے کہ گزشتہ چند دنوں میں سرحد پار سے یہ دوسرا حملہ ہے۔

اس حوالے سے معلومات کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی کیونکہ ذرائع ابلاغ کو مذکورہ علاقے تک رسائی کی اجازت نہیں ہے۔

سرحد پار سے ہونے والے حملوں پر پاکستان نے بدھ کے روز افغان سفارت کار کو طلب کرکے احتجاج بھی ریکارڈ کروایا تھا۔

عسکری ذرائع کے مطابق لوئر دیر میں چند دن قبل ہونے والے حملے میں 6 عسکریت پسند ہلاک اور 9زخمی ہو ئے تھے۔

پاکستان کے دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس معاملے کو افغان حکام سے اعلیٰ سطح پر اٹھایا جائے کیونکہ اس کا براہ راست تعلق پاک افغان سرحد کی سیکیورٹی سے ہے۔

یاد رہے کہ پاک فوج نے جون میں عسکریت پسندوں کے خلاف شمالی وزیرستان میں آپریشن ضرب عضب شروع کیا تھا، جس کے بعد پاکستان نے متواتر افغان حکام سے مطالبہ کیا کہ شمالی وزیرستان سے فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کو پناہ نہ دے اور افغانستان میں ان کے ٹھکانوں کو تباہ کرے۔

تبصرے (0) بند ہیں