کامن ویلتھ گیمز:پاکستان کیلئے ایک اور تمغہ یقینی

اپ ڈیٹ 01 اگست 2014
پاکستان کے محمد وسیم(سرخ لباس میں) مخالف باکسر کو مکا رسید کر رہے ہیں۔۔۔فوٹو اے ایف پی
پاکستان کے محمد وسیم(سرخ لباس میں) مخالف باکسر کو مکا رسید کر رہے ہیں۔۔۔فوٹو اے ایف پی

گلاسگو: 20ویں کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے ایک اور چاندی کا تمغہ جیتنا یقینی ہو گیا ہے۔

گلاسگو میں باکسنگ کے 52 کلو گرام کے مقابلوں کے سیمی فائنل میں پاکستان کے باکسر محمد وسیم نے گھانا کے عبدالعمر کو شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کر لی ہے۔

پاکستان کے 26سالہ باکسر فائنل میں کامیابی اور ملک کے لیے پہلا گولڈ میڈل جیتنے کے لیے پر امید ہیں ان کا مقابلہ ہفتے کے روز آسٹریلیا کے انڈریو مِلونے سے ہو گا۔

محمد وسیم نے سیمی فائنل میں کامیابی کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اس لمحے کے لیے کافی تیاری کر رہا ہوں اس کامیابی پر میں اللہ کا شکر گزار ہوں۔

کوئٹہ کے رہائشی باکسر نے نہایت مشکل حالات میں تیاری کی تھی کیونکہ پاکستان میں تربیتی کیمپ انتہائی بد نظمی کے شکار رہے ہیں۔

امریکا کے باکسر مائیک ٹائی سن کو اپنا آئیڈیل کہنے والے محمد وسیم نے بتایا کہ اس بار قومی تربیتی کیمپ میں دی جانے والی ٹریننگ سے بلکل مطمئن نہیں ہوں کیونکہ یہ کیمپ بہت مختصر وقت کے لیے لگایا گیا تھا لیکن میں فائنل میں جیتنے کی بھر پور کوشش کروں گا۔

دوسری جانب محمد وسیم ان کھیلوں کے مقابلوں میں اپنے کے عزم کی نشاندہی کرتے رہے ہیں اس کا مظاہرہ انہوں نے جمعہ کے روز سیمی فائنل میں بھی کیا جب انہوں نے گھانا کے باکسر کو 30-27، 30-27 اور 30-27 سے شکست دی تھی۔

محمد وسیم نے برطانوی باکسر عامر خان کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کیا، ان کا کہنا تھا کہ عامر خان اور میرے درمیان ایک مختصر مقابلہ ہوا تھا۔

عامر خان کے لیے ان کا کہنا تھا کہ میری حمایت اور تجاویز کے لیے میں ان کا بہت شکریہ ادا کرنا چاہوں گا۔


محمد وسیم کا فائنل تک سفر


52 کے جی کا مینز فائنل

محمد وسیم اور آسٹریلیا کے انڈریو ملونے کے درمیان 2 اگست کو ہوگا۔

52 کے جی کا مینز سیمی فائنل

محمد وسیم اور گھانا کے عبدالعمر کے درمیان ہوا جس میں پاکستانی باکسر نے 0-3 سے کامیابی حاصل کی

52 کے جی کا مینز کوارٹر فائنل

محمد وسیم اور لیسوتھو کے مورکے موخوتو کے درمیان ہوا جس میں پاکستانی باکسر نے 0-3 سے مخالف باکسر کو شکست دی۔

52 کے جی کا رائونڈ 16 کا مقابلہ

محمد وسیم کا مقابلہ ملائیشیا کے جایا رمان سے ہوا جس میں ملائیشین باکسر کو 3-0 سے شکست ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں