فاٹا میں القاعدہ کو جڑ سے اکھاڑ دیا، امریکا

02 اگست 2014
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جاش ایرنسٹ۔ —فائل فوٹو
وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جاش ایرنسٹ۔ —فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکا نے کہا ہے کہ اس نے پاکستان اور افغانستان میں القاعدہ کی مرکزی قیادت کو ختم کر دیا ۔

وائٹ ہاؤس کے پریس سیکریٹری جاش ایرنسٹ نے واشنگٹن میں ایک نیوز بریفنگ میں بتایا کہ 2001 سے پہلے القاعدہ کی مرکزی قیادت پاکستان اور افغانستان کے درمیان موجود قبائلی علاقوں سے سرگرم تھی، جس کی وجہ سے امریکا میں 11ستمبر کا 'خوفناک حملہ' سامنے آیا۔

'اُس وقت سےامریکی فوج، انٹیلی جنس برادری کے ارکان اور دوسروں نے اس علاقے سے بلا خوف و خطر سرگرم القاعدہ کی قیادت کو ختم کرنے کے لیے مل کر کام کیا'۔

ایرنسٹ نے خبردار کیا کہ القاعدہ کے خاتمے کے باوجود دہشت گردی کا خطرہ ختم نہیں ہوا۔

'ہمیں اب بھی دنیا کے دور دراز مقامات پر ایسے عناصر سے خطرہ ہے جو یا تو القاعدہ کے ہمدرد ہیں یا پھر وہ نظریاتی طور پر اس کے قریب ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اوباما انتظامیہ نے اس خطرے سے نمٹنے کے لیے 'بہت جارحانہ انداز اور رفتار' سے کوششیں کیں۔

ایرنسٹ کے مطابق امریکا نے پچھلی ایک دہائی کے دوران القاعدہ عناصر کے خلاف نمایاں نتائج حاصل کیے ۔ 'بلاشبہ ہم نے اس حوالے سے زبردست پیش رفت کی '۔

پریس سیکریٹری نے زور دے کر کہا کہ دنیا بھر میں القاعدہ سے جڑی دوسری تنظیموں سے خطرہ بدستور موجود ہے۔

'ہماری حکومت ان خطرنات کو ناکام بنانے اور کچھ کیسوں میں دہشت گردوں کو انصاف کے کٹھرے میں لانے کے لیے دن رات کام کر رہی ہے۔ اس حوالے سے صدر کا ریکارڈ ناقابل یقین حد تک مضبوط ہے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں