کراچی: کئی روز سے جاری گرمی و حبس کا زور رات گئے اس وقت جاکر ٹوٹا، جب گرج چمک اور طوفانی ہواؤں کے ساتھ شہر کے مختلف علاقوں میں تیز بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔

تیز ہواؤں کے باعث کئی علاقوں میں سائن بورڈز گرگئے اورشہرکی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں، جبکہ مختلف علاقوں میں دیواریں گرنے اور کرنٹ لگنے سے 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

طوفانی بارش کے نتیجے میں آئی آئی چندریگر روڈ، گلشن اقبال، ملیر، ایئرپورٹ، لیاری اور اطراف کےعلاقوں کی سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

کراچی کےعلاقے بورڈ بیسن میں آندھی کے باعث دیو قامت سائن بورڈ گر گیا جبکہ بلدیہ کے علاقے نیول کالونی اور سائٹ ایریا میں گھر کی دیواریں گر نے سے 2 افراد ہلاک ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، اس حادثے میں ایک بچے اور خاتون سمیت 3 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

آندھی کی وجہ سے شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کے تار ٹوٹ کر گرگئے، ڈان نیوز ٹی وی نے بفرزون میں کرنٹ لگنے سے دو افراد کے ہلاک ہونے کی رپورٹ دی ہے۔


بارش کے بعد کراچی میں بجلی کا بریک ڈاؤن


بارش کے باعث کے الیکٹرک کے کئی فیڈر جواب دے گئے جس سے شہر کے بیشتر علاقے تاریکی میں ڈوب گئے۔ موسلادھار بارش کی وجہ سے پورے کراچی میں بجلی کے بڑے بریک ڈاؤن سے شہر کے بڑے حصے کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق کراچی میں بارش کے بعد کے-الیکٹرک کے بیس گرڈ اسٹیشن نے کام کرنا چھوڑ دیا ہے۔

ترجمان کے الیکٹرک اسامہ قریشی کا کہنا ہے کہ کراچی میں 1375فیڈرزکام کرتےہیں، جن میں سے صرف 100فیڈرز نے ٹرپ کیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ 35 فیڈرز پر کام جاری ہے اور بجلی کی بحالی میں کچھ وقت لگے گا۔

اسامہ قریشی کے مطابق تیزہواؤں کی وجہ سےدرخت گرتے ہیں جوتاریں ٹوٹنےکی وجہ بنتےہیں اورزیادہ ترعلاقوں میں تاریں ٹوٹنے کےباعث ہی بجلی منقطع ہوئی۔

کے-الیکٹرک کی انتظامیہ نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ طوفانی ہواؤں کی وجہ سے ٹوٹ کر گرنے والے بجلی کے تاروں سے دور رہیں۔


شہر میں 60 سے65 فیصد صفائی کاکام مکمل:شعیب صدیقی


کمشنر کراچی شعیب صدیقی کا کہنا ہے کہ انھوں نے شہرکےکونے کونےکا دورہ کیا ہے، جہاں 60 سے65 فیصدصفائی کاکام مکمل کرلیا گیا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ شہرکےاکثرعلاقوں میں جہاں پہلے پانی کھڑا ہو جاتا تھا اب وہ جگہیں صاف ہیں۔

تاہم کچھ علاقوں میں سڑکیں تالاب کامنظرپیش کررہی ہیں اورآئی آئی چندریگرروڈ اور اطراف میں پانی جمع ہے، جسے جلد صاف کرلیا جائے گا۔

بارش کے باعث پاکستان نیوی کے اہلکاروں نے سی ویو پر ڈوبنے والے افراد کی تلاش کا کام بھی عارضی طور پر روک دیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

چیف میٹرولوجسٹ محمد ریاض کے مطابق بارش کا سلسلہ آئندہ چوبیس گھنٹے تک جاری رہےگا۔

تبصرے (1) بند ہیں

Mohammad Aslam Aug 02, 2014 10:10am
I read Urdu dawn channel on facebook really excellent and updated