لندن: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان سے اپیل کی ہے کہ وہ آج اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہونے کی اپیل پر نظرِ ثانی کریں۔

لندن سے جاری ہونے والے ایک بیان میں الطاف حسین کا کہنا تھا کہ احتجاج اور دھرنوں کے بجائے معاملات کو مذاکرات اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی کوشش کی جائے۔

ایم کیو یم کے قائد نے کہا کہ سیاست میں اختلافات معمول کا حصہ ہیں اور ماضی میں ایم کیو ایم کے بھی میاں نواز شریف اور عمران خان دونوں سے سیاسی اختلافات رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کی سلامتی اور عوام کی فلاح تمام تر اختلافات سے بالاتر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'میں عمران خان سے اپیل کر رہا ہوں کہ وہ ریڈ زون میں داخل نہ ہوں اور اس فیصلے پر نظرِ ثانی کریں'۔

الطاف حسین نے کہا کہ کوئی بھی ایسا اقدام نہ کیا جائے جس سے تصادم کی صورتحال پیدا ہو۔

ایم کیو ایم کے قائد نے کہا 'اس وقت ملک جن داخلی وخارجی بحرانوں سے گزر رہا ہے اس کا تمام فریقین کو بخوبی اندازہ ہے۔'

تبصرے (0) بند ہیں