ساتواں دن:تحریک انصاف کے چھ مطالبات حکومت کے سامنے پیش

اپ ڈیٹ 21 اگست 2014
فوٹو اے ایف پی—۔
فوٹو اے ایف پی—۔
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہراپنے جوشیلے کارکنوں میں گھرے ہوئے ہیں—۔فوٹو اے ایف پی
پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہراپنے جوشیلے کارکنوں میں گھرے ہوئے ہیں—۔فوٹو اے ایف پی

پاکستان تحریک انصاف کا 'آزادی مارچ' اور پاکستان عوامی تحریک کا 'انقلاب مارچ' پچھلے ہفتے جمعہ کی شب اسلام آباد پہنچ گیا تھا جو اب اپنے مطالبات کو منوانے کے لیے اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہوچکا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے گزشتہ رات اپنے خطاب میں مارچ کے شرکاء سے کہا کہ اگر وزیراعظم نواز شریف آج شام چار بجے تک مستعفی نہ ہوئے تو وہ وزیراعظم ہاؤس میں داخل ہوجائیں گے۔

جبکہ بدھ کی سہ پہر ایک اہم پیش رفت اُس وقت سامنے آئی جب پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے اس بات کا عندیہ دیا کہ ان کی جماعت حکومت کے ساتھ مذاکرات پر تیار ہو گئی ہے۔

دوسری جانب ڈاکٹر طاہرالقادری کی سربراہی میں 'انقلاب' مارچ بھی اب اسلام آباد کے ریڈ زون میں موجود ہے، اور طاہر القادری نے اپنے کارکنوں کو پارلیمنٹ کے محاصرے کا حکم دے دیا ہے۔


تحریک انصاف کے آزادی اورعوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے ڈان اردو لائیو کوریج پیش کررہا ہے۔


◄اس بارے میں

پہلا دن: 'آزادی' اور 'انقلاب' مارچ کے شرکاء کی تعداد میں توقعات سے زیادہ

دوسرا دن: عمران خان کا نوازشریف کے استعفے تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان

تیسرا دن:عمران اور قادری کا نواز شریف کے استعفی کا مطالبہ

چوتھا دن: عمران خان کا سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان

پانچواں دن: عمران خان کا ریڈ زون میں داخل ہونے کا اعلان

چھٹا دن:آزادی اور انقلاب مارچ شاہراہ دستور پر پہنچنا شروع


تحریک انصاف کے چھ مطالبات

01:05

پہلا مطالبہ : وزیراعظم نوازشریف استعفی دیں

دوسرا مطالبہ : دوبارہ انتخابات کرائے جائیں

تیسرا مطالبہ : انتخابی اصلاحات کی جائیں

چوتھا مطالبہ : غیرجانبدار حکومت قائم کی جائے

پانچواں مطالبہ : تمام الیکشن کمشنرز استعفی دیں

چھٹا مطالبہ :دھاندلی کے ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں

تحریک انصاف کے چھ مطالبات حکومت کے سامنے پیش

12:50

پاکستان تحریک انصاف نے حکومت کے سامنے چھ مطالبات پیش کردیے۔

حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کا پہلا دور ہوا جس میں تحریک انصاف نے اپنے چھ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پیش کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے وفد میں شاہ محمودقریشی، جہانگیر ترین، عارف علوی اور اسد عمر شامل ہیں جبکہ حکومتی وفد کی نمائندگی عبدالقادر بلوچ، احسن اقبال، اعجازالحق اور دیگر نے کی۔

تحریک انصاف کے نمائندوں نے چھ نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ حکومتی ٹیم کے سامنے پیش کیا جس پر بات چیت ہوئی۔

مذاکرات کا پہلا دور ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے سینئر وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا کہ حکومت مطالبات کا جائزہ لینے کے بعد تحریک انصاف کوآج جواب دے گی۔

نواز شریف کا پارلیمنٹ سے خطاب کا فیصلہ

23:46

وزیر اعظم نواز شریف نے جمعرات کو قومی اسمبلی سے خطاب کا فیصلہ کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق نواز شریف ملکی سیاسی صورتحال پارلیمان کو اعتماد میں لیں گے۔


جماعت اسلامی کا وفد عمران خان سے ملاقات کے لیے پہنچ گیا

23:20

جماعت اسلامی کا وفدد تحریک انصاف سے مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی کے دھرنے میں پہنچ گیا۔

جماعت اسلامی کے وفد میں سراج الحق اور لیاقت بلوچ شامل ہیں۔

سراج الحق اور لیاقت بلوچ عمران خان کے کنٹینر میں پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کی عمران خان سے ملاقات جاری ہے۔


ہم مذاکرات کار نہیں مصالحت کار ہیں،حیدر عباس رضوی

23:10

عوامی تحریک سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے رکن اور ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کار نہیں مصالحت کار ہیں۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے لیےجانے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں حیدر عباس رضوی نے کہا کہ تین مطالبات ایسے ہیں پر مذاکرات ہونے ہیں، 7 نکات ایسے ہیں جس پر متفق ہیں، مذاکرات کا اگلا دور اب کل ہو گا۔

اس موقع پر کمیٹی کے دوسرے رکن اعجاز الحق نے کہا کہ ٹائم فریم دینا ہمارا کام نہیں، خواہش ہے مسئلہ جلد حل ہو جائے، بات چیت کا ہونا ایک بڑی پیش رفت ہے۔


حکومت کےارادےٹھیک نہیں،مذاکرات کیسےہوں،طاہرالقادری

23:00

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت کے ارادے ٹھیک نہیں پھر مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں، ہم معاملات کے پُرامن حل پر یقین رکھتے ہیں

کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے لاکھوں لوگوں کو کھانا نہیں مل رہا، کنٹینر لگا کر حکومت کس منہ سے مذاکرات کرنے آئی ہے؟ ، کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں پھر کیسے مذاکرات ہوں؟ ، کنٹینر لگا کر کھانا اور پانی روک کر اس جگہ کو کربلا بنا دیا گیا ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو مستحکم اور طاقت ور دیکھنا چاہتے ہیں، حاکم طاقت ور ہونے کی وجہ سے انصاف بے بس ہے

انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلان کو 6گھنٹے گزر گئے، ایک کنٹینر بھی نہیں ہٹایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین میں غریبوں کے لیے ایک بھی ترمیم نہیی گئی، کیا ملک وڈیروں، جاگیر داروں اور لٹیروں کیلیے بنا تھا؟۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ملک کو زراعت دینے والا کسان زراعت کے فوائد سے محروم ہے،اس پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے لاکھوں لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ اتنی شہادتیں دیکھ کراس پارلیمنٹ کے سامنے آئے ہیں، ہم جمہوری روایات اور اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔


ایک سال تک کنٹینر میں رہ سکتا ہوں، عمران خان

22:50

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ایک سال تک کنٹینر میں سو سکتا ہوں۔

پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ عظیم قوم بننے کے لیے اللہ نے کہا ہے کہ عظیم قوم سچ بولتی ہے، مسلمان ہونے کے لئے ایک چیز چایئے وہ یہ کہ سچ بولو، قوم معاشی طور پر نہیں اخلاقی طور پر مرتی ہے۔

نواز شریف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ بغیر استعفیٰ لیے گیا تو قوم حکمرانوں کے بچوں کی غلامی کرے گی، مجھے مقابلہ کرنا آتا ہے، فوج کے پیچھے نہیں چھپتا۔

انہوں نے کہا کہ جن لوگوں نے الیکشن میں دھاندلی کی ان کو بڑے بڑے عہدے دے دیئے گئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کو جب موقع ملتا ہے تو یہ ترقی کرنے لگتی ہے۔

تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا کہ میری وجہ سے مغرب کے 4 لوگ مسلمان ہوئے، مولانا فضل الرحمن جتنے مرضی لیکچر دے دیں کوئی مسلمان نہیں ہوگا۔


تحریک انصاف اور حکومت کے مذاکرات کچھ دیر میں

22:30

پاکستان تحریک انصاف اور حکومت کے مذاکرات کچھ دیر میں متوقع ہیں۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق تحریک انصاف نے مذاکراتی کمیٹی میں شاہ محمود قریشی، جہانگیر ترین، اعظم سواتی اور علیم خان کو شامل کیا ہے۔


عوامی تحریک نے مطالبات پیش کر دئیے

22:15

پاکستان عوامی تحریک نے حکومتی وفد کو اپنے مطالبات پیش کر دیئے۔

پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے عوامی تحریک کے دھرنے میں مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ہے جس کے بعد سرکاری کمیٹی واپس چلی گئی۔

مذاکراتی دور کے خاتمے کے بعد پاکستانی عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے صدر رحیق عباسی نے میدیا کو بتایا کہ مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے، بامقصد مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج کی جائے اور نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں تحلیل ہوں اور پھر مقدمہ درج ہو، موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے اپنے شہداء کے خون کا انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے۔


مریم نواز کا عمران خان کو ’’جواب‘‘

21:42

وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ آپ پوری زندگی کنٹینر میں گزار دیں لیکن وزیر اعظم استعفی نہیں دیں گے۔

انہوں نے یہ بیان سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ایک ٹوئٹ میں جاری کیا۔

قبل ازیں عمران خان نے اسلام آباد کے ڈی چوک پر تحریک انصاف کے دھرنے سے خطاب میں کہا تھا کہ وہ اس وقت تک کنٹینر میں احتجاجاََ موجود رہیں جب تک وزیر اعظم مستعفی نہیں ہو جاتے۔


سرکاری کمیٹی مذاکرات کیلئے عوامی تحریک کے دھرنے میں پہنچ گئی

21:40

پاکستان عوامی تحریک سے مذاکرات کے لیے حکومتی وفد پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے میں پہنچ گیا ہے۔

حکومتی وفد میں وفاقی وزیر احسن اقبال، وفاقی وزیر عبدالقادر بلوچ، ایم کیو ایم کے رہنما حیدو عباس رضوی اور مسلم لیگ (ض) کے سربراہ اعجاز الحق شامل ہیں۔

عوامی تحریک کی مذاکراتی کمیٹی اور سرکاری وفد میں مذاکرات کا آغاز ہو گیا ہے۔


مذاکراتی کمیٹی میں سعد رفیق کی جگہ احسن قبال شامل

21:30

پاکستان عوامی تحریک سے مذاکرات کے لیے بنائی جانے والی سرکاری کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق کی شمولیت پر اعتراض کے بعد اس میں تبدیلی کر دی گئی ہے۔

سرکاری کمیٹی میں وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جگہ وفاقی وزیر احسن اقبال کو شامل کیا گیا ہے۔


عمران خان کی جنگ اور جیو کے بائیکاٹ کی اپیل

21:30

عمران خان نے جیو اور جنگ کے مالک میر شکیل الرحمن کے حوالے سے کہا ہے کہ انہوں نے پہلے فوج کے خلاف مہم چلائی اب وہ پی ٹی آئی کے خلاف مہم شروع کی ہوئی ہے۔

اپنا خطاب ختم کرنے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین کنٹینر کے اندر چلے گئے تھے اور تھوڑی دیر بعد واپس آئے ، واپس آکر انہوں نے دوبارہ شرکاء سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف نے جب 1998 میں میر شکیل الرحمن سے ٹیکس طلب کیا تو انہوں نے ویزر اعظم کے خلاف جنگ میں اشتہارات چلا کر بلیک میل کیا۔↵↵انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ جنگ اور جیو کا بائیکاٹ کیا جائے، اس ادارے کے صحافیوں کا بائیکاٹ کرنے کا نہیں کہا بلکہ ادارے کے بائیکاٹ کا کہہ رہا ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ جنگ اور جیو کے بائیکاٹ سے اس کو کوئی ایسا خرید لے گا جو محب وطن ہو گا، اس وقت یہ ادارہ بیرونی ممالک سے فنڈ لے رہا ہے اور ان کا ایجنڈا ہی پاکستان میں پھیلا رہا ہے۔


عمران خان وزیر اعظم کے استعفی کے مطالبے پر قائم

21:20

پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے استعفی کے بغیر میں واپس نہیں جائوں گا

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف معصوم صورت کے ساتھ کہتے ہیں کہ میں تو امن چاہتا ہوں اس معصوم صورت کے پیچھے ایک آمر ہے، لاہور میں 17 لوگوں کو قتل کر دیا گیا، لاہور میں گلو بٹ تھا جبکہ گوجرانوالہ میں پومی بٹ کی قیادت میں تحریک انصاف کے مارچ پر حملہ کیا گیا، نواز شریف کہتے ہیں کہ میں امن و جمہوریت چاہتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ آج شاہ محمود قریشی کے گھر پر حملہ کیا گیا، جنہوں نے حملہ کیا تھا وہ گلو بٹ تھے اور کہا جاتا ہے پم امن چاہتے ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ ہم نے فیصلہ کیا کہ ہم نواز شریف سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں مگر مذاکرات کا پہلا نقطہ نواز شریف کا استعفی ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف وزیر داخلہ نے اسمبلی میں کیا تو اس کی تحقیقات وزیر اعظم کے ماتحت کیسے ہو سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ اب تک 14 حلقے کھلے ہیں، ان میں گنتی کے دوران 40 سے 80 ہزار ووٹ جعلی نکلے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پاکستان کے حسن مبارک ہے، حسن مبارک 30 سال تک انتخابات کروائے مگر اس کو عوام نے سڑکوں پر نکل کر اقتدار سے باہر کیا، اب نواز شریف کے ساتھ یہی ہوگا۔

عمران خان نے اپنے 6 مطالبات بھی پیش کر دئیے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین نے پہلا مطالبہ پیش کیا کہ نواز شریف کے استعفی تک کوئی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ان کا دوسرا مطالبہ تھا کہ دوبارہ الیکشن کروائے جائیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہمارا تیسرا مطالبہ ہے انتخابی اصلاحات کی جائیں۔

پی ٹی آئی کے سربراہ نے چوتھا مطالبہ پیس کیا کہ غیر جانبدار نگراں حکومت بنائی جائے۔

ان کا پانچواں مطالبہ تھا کہ تمام الیکشن کمشنرز کا استعفی لیا جائے، یہ تمام ناکام ہو چکے ہیں۔

ان کا چھٹا مطالبہ تھا کہ 2013 کے انتخابات میں دھاندلی کرے والوں کو سزا دی جائے اور ان کو جیل میں ڈال کر آرٹیکل 6 کا اطلاق کیا جائے۔

انہوں نے دعوی کیا کہ یہ مطالبات پورے ہو کر جو انتخابات ہوں گے اس سے حقیقی جمہوریت ہو گی، ملک میں خوشحالی اور ترقی آئے گی۔↵↵ان کا کہنا تھا کہ اللہ کاقانون ہے سزا اور جزا کا، جب تک کرپٹ کا احتساب نہیں ہوتا اس وقت تک معاشرے سے کرپشن کم نہیں ہوتا، مجرم کو جرم کی سزا نہیں

عمران خان نے کہا کہ خورشید شاہ قائد حزب اختلاف بننے کے بجائے نواز شریف کے پرائویٹ سیکریٹری بن جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پختونخوا اسمبلی میں اگر حزب اختلاف کہہ دے دھاندلی ہوئی ہے تو دوبارہ انتخابات کروا دیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ نواز شریف فوج کے پیچھے چھپے ہوئے ہیں کہ کہیں عوام پی ایم ہائوس نہ آ جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری کمیٹی مذاکرات کے لیے تیار ہے حکومت اپنی کمیٹی تیار کر لے، لیکن مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں ہے اس لیے جب تک وزیر اعظم استعفی نہیں دے دیتے اس وقت تک مذاکرات نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے ڈی چوک کو آزادی چوک قرار دیا اور کہا کہ وہاں تحریر اسکوئر تھا یہاں پر آزادی چوک قائم کر دیا گیا ہے۔

↵↵----------


'نواز شریف مستعفی نہیں ہوں گے'

21:17

وزیر نواز شریف کی بیٹی مریم نواز نے مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئیٹ میں عمران خان یا طاہرالقادری کا نام لیے بغیر کہا ہے کہ 'آپ اپنی پوری زندگی کنٹینر میں گزار سکتے ہیں لیکن نواز شریف مستعفی نہیں ہوں گے'۔


'نواز شریف کے استعفیٰ تک بات چیت نہیں ہوگی'

21:10

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وہ وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ تک واپس نہیں جائیں گے۔

گزشتہ روز ریڈ زون کی جانب مارچ کے بعد تحریک انصاف کے کارکنوں کی کثیر تعداد اس وقت پارلیمنٹ کی عمارت کے سامنے دھرنا دیئے بیٹھی ہے۔

عمران خان نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کا استعفیٰ حکومت سے بات چیت کا پہلا نقطہ ہو گا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ وزیراعظم نواز شریف نے آج ملتان میں شاہ محمود قریشی کے گھر پر 'گلوبٹ کے ذریعے پتھراؤ کرایا'۔


عمران خان خطاب کے لیے پہنچ گئے

20:20

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے سے خطاب کے ؛لیے پہنچ گئے ہیں۔

اسٹیج پر آتے ہیں عمران نے خان نے کہا ہے کہ امریکا سے نہیں اللہ سے مدد مانگتے ہیں

اپنا خطاب شروع کرتے ہوئے انہوں نے کارکنان سے ’’گو نواز گو‘‘ کے نعرے لگوائے۔

انہوں نے نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک وزیر اعظم استعفی نہیں دیں گے وہ پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے سے نہیں جائیں گے اور اگر ان کو اکیلے بھی کنٹینر میں رہنا پڑا تو وہ رہیں گے۔


مذاکراتی کمیٹی میں خواجہ سعد رفیق پر اعتراض

20:20

مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ خواجہ سعد رفیق سانحہ ماڈل ٹائون کے مقدمے میں نامزد ہیں ان کو حکومت کی جانب سے بنائی جانے والی کمیٹی سے نکالا جائے۔

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنے میں صحافیوں سے گفتگو میں چوہدری شجاعت نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

اس موقع پر سنی اتحاد کونسل کے رہنما حامد رضا نے کہا سانحہ ماڈل ٹائون میں ہلاک ہونے والے افراد کے لواحقین کی جانب سے نامزد افراد سے مذاکرات نہین کیے جائیں گے۔


مذاکرات کی طرف جائیں گے، عمران خان

20:00

پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ابھی ڈیڈ لائن نہیں دیں گے مذاکرات کی طرف جائیں گے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ حکمرانوں نے ملک کو تباہ کر دیا ہے.

سپریم کورٹ کی جانب سے طلبی کےحوالے سن کا کہنا تھا کہ میرا وکیل سپریم کورٹ میں پیش ہوگا، میں احتجاج کے لیے یہاں موجود رہوں گا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شفاف انتخابات کے لیےسڑکوں پر نکلے ہیں، سپریم کورٹ کو مدد کرنی چاہیے۔


طاہر القادری کے مذاکرات کار

19:45

پاکستان عوامی تحریک کے قائد طاہر القادری نے حکومتی وفد سے مذاکرات کے لیے کمیٹی کا قائم کر دی ہے۔

کمیٹی میں غلام مصطفی کھر، خرم نواز گنڈا پور اور سردار آصف احمد علی شامل ہیں۔

یہ کمیٹی جلد حکومتی وفد سے ملے گی اور حالیہ ڈید لاک کو حل نکالا جائے گا۔


’’انقلاب‘‘ سو رہا ہے

19:30

اسلام آباد میں احتجاجی دھرنے میں شریک بہت سارے افراد تو ’’سو‘‘ رہے ہیں جبکہ ایک بڑی اکثریت ایسی بھی ہے جو کہ پارلیمنٹ ہائوس کے باہر اپنی اور اپنے خاندان کی تصاویر بنانے میں مصروف ہے۔

پاکستان عوامی تحریک کے کارکن کانسٹیٹیوشن ایوینیو کے گرین بیلٹ پر سو رہی ہے۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ آئی این پی


نواز شریف کا الطاف حسین کا شکریہ

19:20

وزیر اعظم نواز شریف نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا ہے

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق انہوں نے الطاف حسین کا شکریہ جمہوریت کے لیے ادا کیے جانے والے کردار پر ادا کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے رہنما حیدر عباس رضوی اس حکومتی وفد کے ممبر ہیں جو طاہر القادری سے مذاکرات کر رہا ہے۔


عمران خان کا سپریم کورٹ پر اعتماد

19:10

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ وہ سپریم کورٹ پر اعتماد رکھتے ہیں اور انتخابات میں دھاندلی کے حوالے سے سپریم کورت کا فیسلہ تسلیم ہو گا۔

عمران خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف پاکستان کے حسنی مبارک ہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ماڈل ٹائون میں بے گناہ افراد کی ہلاکت کے ذمہ دار وزیر اعظم نواز شریف ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جو افراد گزشتہ انتخابات میں دھاندلی میں ملوث رہے ہیں ان کو آئین کے آرٹیکل 6 کے تحت سزا دی جائے۔

انہوں نے اپنے مطالبات دہراتے ہوئے ایک بار پھر کہا کہ حکومت سے کسی بھی قسم کے مذاکرات وزیر اعظم کے مستعفی ہونے کے بعد شروع ہوں گے۔


عوامی تحریک نرم پڑنے لگی؟؟؟

18:55

عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ بامقصد مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں، ہمارے قائد کہہ چکے ہیں مذاکرات میں کسی بھی نقطے پر اتفاق عوام کے بہترین مفاد میں کیا جائے گا۔

حکومتی وفد سے ملاقات کے بعد پاکستان عوامی تحریک کے رہنما خرم نواز گنڈا پور نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ حکومتی وفد ایک گھنٹے بعد دوبارہ آئے گا اور مذاکرات میں سنی اتحاد کونسل کے نمائندے بھی موجود ہوں گے۔

خرم نواز نے کہا کہ ہمارے مطالبات حکومتی وفد کے سامنے پیش کیے جائیں گے امید ہے کہ اس کے مثبت نتائج آئیں گے۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ ہمارے ارادے مثبت ہیں ان کے ارادے بھی مثبت ہیں۔


سہولیات سے آراستہ کنٹینر

18:50

رپورٹس کے مطابق طاہر القادری کا ائر کنڈیشنڈ کنٹینر بلٹ اور بن پروف ہے۔


’’محبت‘‘کا پیغام

18:45

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سے مذاکرات کے لیے خواجہ سعد رفیق، حیدر عباس رضوی، اعجاز الحق اور عبدالقادر بلوچ پر مشتمل وفد دھرنے میں پہنچ گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ محبت کا پیغام لے کر آئے ہیں۔

وفد کے آتے ہیں پی اے ٹی کے کارکنان نے حکومت کے خلاف نعرے بازی شروع کر دی تھی، جس پر طاہر القادری نے اپنے حامیوں سے کہا کہ وہ نعرے نہ لگائیں اور ان سے مذاکرات کے لیے آنے والے وفد کو عزت دیں۔


فوج کی تنازع ختم کرنے پر زور

18:40

پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی درمیان ہونے والی ملاقات ختم ہو گئی ہے۔

ملاقات میں موجودہ سیاسی تعطل کو سیاسی انداز سے ختم کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

اس سے قبل یہ رپورٹ بھی آئی تھیں کہ آرمی چیف سے ملاقات میں چوہدری نثار بھی شریک تھے مگر بعد میں وزیر دفاع خواجہ آصف نے بتایا کہ فوج کے سربراہ سے صرف شہباز شریف نے ملاقات کی ہے۔


پولیس کی ڈی چوک کی جانب پیش قدمی

18:25

ریاست تنصیبات اور دیگر عمارات کی حفاظت کرنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری ڈی چوک کی جانب پیش قدمی کر رہی ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے وزیر اعظم نواز شریف کے عدم استعفی پر آج پی ایم ہائوس جانے کا اعلان کیا ہے۔


طاہر القادری سے مذاکرات کیلئے وفد روانہ

18:20

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری سے مذاکرات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس سے وفد روانہ ہو گیا ہے۔

وفد میں متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدر عباس رضوی، پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما و وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق اور وزیر سیفران عبدالقادر بلوچ اس وفد میں شامل ہیں۔


عمران خان اسٹیج پر پہنچ گئے

18:15

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچ گئے ہیں جہاں ان کے حامیوں کی بری تعداد جمع ہے۔

عمران خان کچھ دیر کے لیے اسٹیج پر بھی آئے تھے مگر اس کے بعد وہاں سے ہٹ گئے۔

پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان کی تعداد گزشتہ دنوں کے مقابلے میں آج کم نظر آرہی ہے۔


شاہ محمود قریشی کے گھر پر ’’دھاوا‘‘

18:05

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے حامیوں نے ملتان میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے احتجاج کیا۔

مسلم لیگ کے کارکنان نے ان کے گھر کے سامنے نعرے بازی کرتے ہوئے مرکزی دروازہ بھی توڑنے کی کوشش کی۔

مظاہرین کی جانب سے تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی جبکہ پارلیمنت کے حق میں نعرے لگئے گئے۔

اس موقع پر ایک بڑی تعداد میں پولیس کے اہلکار بھی موجود تھے۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی کہنا تھا کہ حکومت کے دہرے معیارات ہیں ایک جانب ہم سے مذاکرات کی دعوت دی جا رہی ہے اور دوسری جانب اپنے حامیوں کو تشدد پر اکسایا جا رہا ہے۔


عمران خان کچھ دیر میں کارکنان سے خطاب کریں گے

18:00

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نماز مغرب کے بعد کارکنان سے خطاب کریں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ پارٹی کے سربراہ کوئی بھی قدم اٹھانے سے قبل پوری قوم کو اعتماد میں لیں گے۔

حکومت سے مذاکرات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ابھی کچھ نہیں کہہ سکتا۔


پی ٹی آئی کا مذاکرات سے پھر انکار

17:30

پاکستان تحریک انصاف نے ایک مرتبہ پھر اپنے بیان سے پھرتے ہوئے حکومت سے مذاکرات سے انکار کردیا ہے۔

بدھ کی سہہ پہر پی ٹی آئی رہنما شاہ محمود قریشی نے بیان دیا تھا کہ تحریک انصاف چھ مطالبات کے تحت حکومت سے مذاکرات کے لیے تیار ہو گئی ہے، لیکن اب یہ بیان سامنے آرہا ہے کہ وزیراعظم کے استعفیٰ کے بغیر مذاکرات نہیں ہوں گے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کا استعفٰی ہی مذاکرات کی پہلی شرط ہے۔


آج ڈیڈ لاک ختم ہو جائے گا، حیدر عباس رضوی

17:00

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما حیدر عباس رضوی کا کہنا ہے کہ حکومتی وفد آج پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری سے مذاکرات کرے گا، جس سے ڈیڈ لاک ختم ہو جائے گا۔

انھوں نے حکومت سے اپیل کی کہ وہ رکاوٹیں ہٹا دے تاکہ لوگوں تک کھانا پہنچ سکے۔


مذاکرات کا حامی ہوں ، طاہر القادری

16:45

پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے میں شریک اپنے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کے حامی ہیں ، لیکن کوئی بھی ہم سے مذاکرات کے لیے نہیں آیا۔

انھوں نے کہا کہ حکومت مذاکراتی ٹیمیں بھیجنےکا جھوٹا پروپیگنڈہ کررہی ہے۔

طاہر القادری نے کہا کہ ہم جمہوریت بچانے کے لیے نکلے ہیں، جبکہ حکمران جمہوریت کے قاتل ہیں۔

پی اے ٹی سربراہ نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف جھوٹ بولتے ہیں اور جھوٹ بولنے والوں کواقتدارمیں رہنےکا کوئی حق نہیں۔

طاہرالقادری نے کہا کہ کارکن دھرنا جاری رکھیں لیکن پارلیمنٹ کا محاصرہ ختم کردیں۔


اسلام آباد دوبارہ سیل

16:25

اسلام آباد کو دوبارہ سیل کرنے کے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ریڈ زون کو بھی دوبارہ سیل کیا جائے گا۔

جبکہ کشیدہ حالات کے باعث پاک سیکریٹریٹ کے راستے بھی کنٹینرز رکھ کر بند کر دیے گئے ہیں۔


پاکستان تحریک انصاف کے چھ مطالبات

16:10

پاکستان تحریک انصاف کے میڈیا ایڈوائزر فیصل واوڈا کے مطابق پی ٹی آئی درج ذیل چھ نکات کے تحت حکومت سے مذاکرات کرے گی۔

وزیراعظم نواز شریف اور وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری شہباز شریف کا استعفیٰ

انتخابی اصلاحات

الیکشن کمیشن آف پاکستان کی تشکیل نو

کچھ حلقوں میں دوبارہ ووٹنگ

دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی

دوبارہ انتخابات


پی ٹی آئی دھرنے کے خلاف دائر درخواست مسترد

16:05

لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے دھرنے کے خلاف دائر درخواست کو مسترد کردیا ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز توقیر گھمن کے مطابق بدھ کو کیس کی سماعت کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد بلال نے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دے کر مسترد کردیا۔


عوامی تحریک سے مذاکرات کی کوششیں جاری

16:00

پاکستان عوامی تحریک کی قیادت سےمذاکرات کے لیے متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما حیدرعباس رضوی اوراعجازالحق پارلیمنٹ ہاؤس پہنچ گئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی نے ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ عزیز آبادی کے حوالے سے بتایا ہے کہ دونوں رہنما بات چیت کے ذریعے معاملات کو حل کرنے کی کوشش کریں گے۔


عمران خان کا حالیہ ٹوئٹر پیغام

15:50

ایک جانب تحریک انصاف کے حکومت سے مذاکرات پر آمادگی کی خبریں گردش میں ہیں تو دوسری جانب پی ٹی آئی سربراہ اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہتے ہیں کہ آج رات ڈی چوک پر آزادی کا جشن منایا جائے گا۔

عمران خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں کہ تمام پاکستانی ہر قسم کی رکاوٹوں کو توڑ کو وہاں جمع ہوں۔


پاکستان تحریک انصاف مذاکرات کے لیے تیار

15:45

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بالآخر حکومت کے ساتھ مذاکرات کے لیے تیار ہو گئی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رہنما شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ تحریک انصاف چھ مطالبات کے تحت مذاکرات پر تیار ہوئی ہے۔

شاہ محمود نے کہا کہ اگر حکومت نے ہمارے مطالبات کوسنجیدگی سے لیا ہوتا تو یہ نوبت نہ آتی۔

انھوں نے کہا کہ ہماری ساری تحریک جمہوری ہے اور ہم جمہوریت کو ڈی ریل نہیں کرنا چاہتے۔

شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ ہم نے مذاکرات پر اپنا مؤقف تیار کرلیا ہے اور اپنے مطالبات مذاکرات میں پیش کریں گے۔

اُن کا کہنا تھا کہ ہم کسی ادارے پر قبضے کے حامی نہیں اور ڈیڈ لاک کا خاتمہ چاہتے ہیں۔


وزیراعظم کی زیر صدارت مشاورتی اجلاس جاری

15:30

اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت ایک مشاورتی اجلاس جاری ہے، جس میں دھرنے کے شرکاء کے پارلیمنٹ کے گھیراؤ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غورجاری ہے۔

نمائندہ ڈان ڈاٹ کام متین حیدر کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزراء سمیت مسلم لیگ (ن) کے سینئیر عہدیداران شریک ہیں۔

اجلاس میں دھرنے کے شرکاء کی جانب سے پارلیمنٹ کے گھیراؤ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کسی بھی وقت عوامی تحریک سے رابطہ کریں گے۔

جبکہ وزیراعظم نواز شریف نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ وہ مستعفی نہیں ہوں گے۔


'وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے'

14:29

وزیرِ دفاع خواجہ آصف نے واضح کیا ہے کہ وزیراعظم ہاؤس کی سیکیورٹی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے خواجہ آصف نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی نہیں ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت مظاہرین کے ساتھ کسی قسم کی جھڑپ نہیں چاہتی ہے۔


'انقلاب' مارچ کے شرکاء کا پارلیمنٹ کی جانب مارچ شروع

14:11

پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد اس وقت پارلیمنٹ ہاؤس کے اطراف موجود ہے، جبکہ کسی بھی ممکنہ صورتحال کے پیشِ نظر ایوانِ صدر، وزیراعظم ہاؤس اور پارلیمنٹ کی سیکیورٹی کو مزید سخت کردیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق طاہر القادری کی جانب سے پارلیمنٹ کے محاصرے کے اعلان کے بعد پی اے ٹی کے کارکنوں نے پارلیمنٹ کی عمارت کی جانب مارچ شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے فوجی جوان ایوان صدرِ پارلیمنٹ اور وزیراعظم ہاؤس کی عمارت کی چھتوں پر بھی موجود ہیں۔


سپریم کورٹ کا طاہر القادری اور عمران خان کو نوٹس

14:01

پاکستان کی اعلیٰ عدلت یعنی سپریم کورٹ آف پاکستان نے ممکنہ ماورائےآئین اقدامات سے متعلق سماعت میں عوامی تحریک اور پی ٹی آئی کے سربراہوں عمران خان اور طاہر القادری کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

سپریم کورٹ میں لاہور ہائی کورٹ ملتان بار کی جانب سے ممکنہ ماورائے آئین اقدامات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت ہوئی جس کے بعد عدالت نے دونوں جماعتوں کے سربراہاں کو نوٹس جاری کیے گئے۔

یہ پیش رفت ایک وقت میں ہوئی ہے جب طاہر القادری کا 'انقلاب' اور عمران خان کا 'آزادی' مارچ تمام رکاوٹیں توڑ کر اب اسلام آباد کے ریڈ زون میں داخل ہوچکا ہے۔


سول نافرنی کی بات کرنے والے خود حکومت میں ہیں، شازیہ مری

13:12

قومی اسمبلی میں موجودہ سیاسی بحران پر بحث کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما شازیہ مری نے کہا ہے کہ سول نافرمانی کی بات کرنے والے خود بھی حکومت میں ہیں اور کسی کو بھی اختیار نہیں ہے کہ وہ جمہوریت اور پارلیمنٹ کے خلاف غلط زبان کا استعمال کرے۔

انہو نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کسی کو بھی پارلیمنٹ کو بے عزت کرنے نہیں دیں گے کیونکہ آزادی کا یہ مطلب نہیں ہے۔

انہوں نے عمران خان اور طاہر القادری کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ پارلیمنٹ کے باہر بیٹھ کر 'ہلہ گلہ' کررہے ہیں۔

دوسری جانب قومی اسمبلی کا اجلاس کل صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا گیا ہے۔


طاہر القادری کا کارکنوں کو پارلیمنٹ کے محاصرے کا حکم

13:12

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر علامہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں سب اراکین کو اسی لیے جانے کی اجازت دی تاکہ سارے شکاری ایک جگہ جمع ہو جائیں۔

انہوں نے کارکنوں سے کہا کہ وہ پارلیمنٹ کا محاصرہ کرلیں تاکہ وہاں سے کوئی باہر نہ نکل سکے۔

ان کا کہنا تھا کہ جب تک ہمارے مطالبات کو تسلیم نہ کیا جائے کسی کو بھی پارلیمنٹ سے باہر نکلنے نہ دیا جائے۔

شاہراہِ دستور پر 'انقلاب' مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جعلی حکومت کو ڈیڈ لائن دینا چاہتا ہوں اور شریف برادران کے استعفے تک ہم یہاں پر بھیٹے رہیں گے۔


قومی اسمبلی کے اجلاس میں سیاسی صورتحال پر بحث

12:55

قومی اسمبلی میں آج بدھ کے روز اہم اجلاس جاری ہے جس میں ملک کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ کیا جارہا ہے۔

اجلاس کی صدارت اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کررہے ہیں، جبکہ اس اجلاس میں خود وزیراعظم نواز شریف بھی شریک ہیں۔


وزیراعظم نے عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ نہیں کیا، سعد رفیق

11:07

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے وزیراعظم نواز شریف اور عمران خان کے درمیان ملاقات کے فیصلے کی تردید کردی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کوئی اکاؤنٹ موجود نہیں ہے اور نہ ہی انہوں نے اسیا کوئی بیان جاری کیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل خواجہ سعد رفیق کے نام سے منسوب ایک ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا گیا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کے ساتھ ملاقات کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔


'وزیراعظم کے استعفے کے بعد ہی مذاکرات ہوں گے'

10:00

پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما عارف علوی نے کہا ہے کہ مذاکرات صرف اسی صورت ہوں گے جب وزیراعظم نواز شریف اپنے عہدے سے مستعفی ہوجائیں گے۔

حکومت نے 'آزادی مارچ' کو نہ روک کر عقلمندی کا مظاہرہ کیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم گزشتہ 14 مہینوں سے مذاکرات کی بات کررہے تھے، لیکن حکومت اسے نظر انداز کرتی رہی۔

عارف علوی نے خبر دار کیا کہ اب ہمارا اگلا قدم پہلے سے زیادہ مضبوط ہوگا اور اسلام آباد کے ریڈ زون کو تحریر اسکوائر بنا دیں گے۔


09:00

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خا نے اپنے تازہ ٹوئٹر پیغام میں کہا ہے کہ جب ملک میں ناانصافی قانون بن جائے تو مزاحمت فرض بن جاتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز نئےپاکستان اور جمہوریت کے لیے ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔

خیال رہے کہ گزشہ رات تحریکِ انصاف کے کارکنوں نے شاہراہِ کشمیر سے پیش قدمی کی، جو اس وقت شاہراہِ دستور پر موجود ہیں۔


پی ٹی آئی کے دو اراکین کا سول نافرمانی کی کال پر اعتراض

ڈان اخبار

08:40

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی سول نافرمانی کی کال اور پاکستان مسلم لیگ (پی ایم ایل-این) کی حکومت کی برطرفی کے مطالبے کی ان کے حریفوں نے تو مخالفت کی ہی ہے، تاہم ان کے کچھ کٹر حامیوں نے بھی اس سے خود کو الگ کرلیا ہے۔


نواز شریف نے استعفٰی نہیں دیا تو میرے پاس نیا پلان ہے، عمران خان

04:31

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پارلیمنٹ کے باہر آزادی مارچ کے شرکاء سے تازہ خطاب میں کہا کہ اگر نواز شریف نے استعفٰی نہیں دیا تو میرے پاس نیا پلان ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارے پاکستانی پارلیمنٹ کے سامنے پہنچیں کل شام آزادی کا جشن منایا جائے گا۔

عمران خان نے اپنا مطالبہ دہراتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم کے مستعفی ہونے تک یہاں سے نہیں جائیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ ظلم کے نظام کو چلنے نہیں دیں گے کوئی رکاوٹ ہمارے سامنے نہیں آ سکتی۔

عمران خان نے وزیراعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ضد نہ کریں، اقتدار چھوڑ دیں۔


03:37

سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے ایک کنٹینر کے اندر سے انقلاب مارچ کے شرکاء سے خطاب میں اپنے مطالبات دہراتے ہوئے کہا کہ جب تک نواز اور شہباز شریف مستعفی نہیں ہوتے اور قومی حکومت نہیں بنتی ہم یہاں سے نہیں جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی پارلیمنٹ کل پھر لگے گی اور عوام کے فیصلے کیئے جائیں گے۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کے 14 شہدا کے ذمہ دار شریف برادران اور ان کی حکومت ہے جبکہ کارکنان پر گولیاں چلانے کا حکم شہباز شریف نے دیا اسے وزیراعظم نواز شریف کی حمایت حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ اسمبلیاں غیر آئینی ہیں اسمبلیاں تحلیل کردی جائیں، شریف برادرن اپنے آپ کو قانون کے سپرد کر دیں۔


03:26

امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان میں سیاسی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ 'ہم پی ٹی آئی اور پی اے ٹی سے مسئلے کو افہام تفہیم سے حل کرنے کی درخواست کرتے ہیں پاکستان کی سیاسی جماعتوں کو اپنے اختلافات مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہیے'۔

دوسری جانب برطانیہ نے سیاسی جماعتوں کو مسئلے کا حال سیاسی انداز میں حل کرنے پر زور دیا ہے۔


00:46

انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ترجمان میجر جنرل عاصم باجوہ نے کہا ہے کہ معاملات کا بامقصد مذاکرات کے ذریعے معاملات کا حل نکالا جائے۔ سوشل ویب سائٹ پر ٹوئٹس میں ان کا کہنا تھا کہ ریڈ زون کی عمارتیں ریاست کی علامت ہے جن کی حفاظت پاک فوج کر رہی ہے۔ میجر جنرل عاصم باجوہ کا کہنا تھا کہ ڈیڈ لاک کے خاتمے کے لیے تمام فریقین صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔


طاہر القادری پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے پہنچ گئے

22:00

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہر القادری پارلیمنٹ کے سامنے پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے قافلے کے افراد پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے پہنچ رہے ہیں۔

رپورٹس کے مطابق دونوں جماعتوں کے کارکن ڈی چوک پر دھرنا دیں گے جس میں حکومت کی جانب سے ان کو اجازت کا بھی امکان ہے۔

دونوں جماعتوں کی جانب سے پر امن رہنے کی یقین دھانی کروائی گئی ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (2) بند ہیں

Huma Aug 20, 2014 10:51am
Aap live news bhi page bhi load kren facebok per
Huma Aug 20, 2014 10:58am
News Video clip bhi load karen jay fb page per