‫ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں 'دختر' کا پریمیئر

20 اگست 2014
پاکستانی فلم دختر کی کاسٹ — فائل فوٹو
پاکستانی فلم دختر کی کاسٹ — فائل فوٹو

رواں ماہ پاکستان کی پہلی روڈ ٹرپ تھرلر ‘دختر’ کی ریلیز کی تاریخ چودہ اگست سے بڑھا کر اٹھارہ ستمبر کردی گئی تھی۔

فلم کے آفیشل فیس بک پیج پر پوسٹ کیے گئے پیغام میں کہا گیا کہ 'دختر' کی ریلیز کی نئی تاریخ اٹھارہ ستمبر مقرر کی گئی ہے اور اس کی وجوہات بھی ہیں تاہم اس کے لیے آپ کو چند روز انتظار کرنا پڑے گا۔

تو جناب انتظار کی گھڑیاں ختم ہوئیں اور تاخیر کی وجہ بتا دی گئی ہے، پاکستانی فلم 'دختر' کا پریمیئر ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں ہو رہا ہے۔

ایک پریس ریلیز کے مطابق پانچ ستمبر کو ٹورنٹو فلم فیسٹیول میں 'دختر' کا عالمی پریمیئر ہوگا، اس فلم کو ڈسکوری سیکشن کے لیے منتخب کیا گیا ہے جس میں دنیا بھر سے پہلی یا دوسری مرتبہ فلمیں بنانے والے ڈائریکٹرز کو منتخب کیا جاتا ہے۔

رواں برس اس سیکشن کے لیے منتخب ہونے والے ڈائریکٹرز میں پچیس فیصد خواتین ہیں، خیال رہے کہ 'دختر' پاکستان بھر میں اٹھارہ ستمبر کو ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی ڈائریکٹر اور رائٹر عافیہ نتھانیل کا کہنا ہے کہ دختر کا ٹورنٹو پریمیئر میرے لیے کسی اعزاز سے کم نہیں اور میں امید کرتی ہوں فلم دیکھنے والوں کو ضرور پسند آئے گی کیونکہ اس کے مختلف پہلو ہمیں ہنسائیں گے بھی اور رلائیں گے بھی۔

’دختر‘ کہانی ہے ایسی ماں بیٹی کی جو فرسودہ روایات کے خلاف اٹھ کھڑی ہوتی ہیں اور اس کی قیمت انہیں اپنے علاقے سے بے دخلی کی صورت میں چکانی پڑتی ہے۔

ان کو محفوظ مقام تک پہنچانے کی ذمہ داری کچھ ٹال مٹول کے بعد اٹھاتا ہے ایک ٹرک ڈرائیور، جذباتی اتار چڑھاوٴ اور ایکشن سے سجی 'دختر' کی شوٹنگ گلگت، اسکردو، ہنزہ، حضر اور لاہور میں کی گئی ہے۔

سمیعہ ممتاز، محب مرزا، ثمینہ احمد، صالحہ عارف اور عجب گل نے فلم میں مرکزی کردار نبھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'دختر' میں خواتین خصوصاً ماوٴں کی قربانیوں کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

عافیہ نے سمیعہ ممتاز اور محب مرزا کو سراہتے ہوئے کہا کہ مرکزی کردار کے لئے شروع سے ہی سمیعہ ممتاز ہی ذہن میں تھیں، وہ بہت منجھی ہوئی اداکار ہیں۔

ٹورنٹو فیسٹیول کی پروگرامر جین شکیولٹ کا کہنا ہے کہ ہم دنیا بھر سے بہترین کہانیوں کو منتخب کرتے ہیں اور 'دختر' بھی ان میں سے ایک ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں