پاکستان میں سیاسی بحران، سری لنکن صدر کا دورہ منسوخ

20 اگست 2014
سری لنکا کے صدر مہیندر راج پکسے . — اے ایف پی
سری لنکا کے صدر مہیندر راج پکسے . — اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان میں جاری سیاسی بحران کو دیکھتے ہوئے سری لنکا کے صدر مہیندر راج پکسے نے اپنا شیڈول دورہ منسوخ کر دیا۔

دفتر خارجہ میں ذرائع نے بدھ کو بتایا کہ سری لنکن صدر نے بائیس اگست کو اسلام آبادپہنچنا تھا، جہاں ان کی وزیر اعظم نواز شریف، صدر ممنون حسین اور فوج کی سربراہ جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں طے تھیں۔

راج پکسے کے ہمراہ بائیس رکنی سرکاری اور تیس رکنی نجی شعبہ کا وفد بھی متوقع تھا۔

پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتوں کے علاوہ دورے کے دوران کچھ مفاہمت کی یادداشتوں پر بھی دستخط ہونا تھے۔

خیال رہے کہ راج پکسے کا دورہ ایسے وقت منسوخ ہوا جب اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک وزیر اعظم سے مستعفی ہونے سمیت اپنے مطالبوں کی منظوری کے لئے دھرنا دیے ہوئے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں