اسلام آباد: پاکستان فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وفاقی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر ہونے والے احتجاج کو ختم کرنے کے لئے جلد از جلد فریقین سے بامقصد مذاکرات کرے۔

وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان اوروزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے بدھ کو جنرل ہیڈ کواٹرز میں جنرل راحیل سے ملاقات کی۔

ملاقات میں ریڈ زون کی تازہ ترین صورتحال پرتبادلہ خیال اورشاہراہ دستور پرتمام ریاستی اداروں کے تحفظ کویقینی بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔

خبر رساں ادارے اے پی نے دو سیکورٹی عہدے داروں اور ایک سرکاری افسر کے حوالے سے بتایا کہ ملاقات کے دوران فوجی سربراہ نے سیاسی کشیدگی ختم کرنے کی درخواست بھی کی۔

خیال رہے کہ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستانی عوامی تحریک نے وزیر اعظم نواز شریف سے مستعفی ہونے سمیت کئی مطالبے رکھے ہیں۔

چودہ اگست سے احتجاجی تحریکیں شروع کرنے والی دونوں پارٹیوں کا کہنا ہے کہ وہ اپنے مطالبات پورے ہونے تک پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے دھرنا جاری رکھیں گی۔

دوسری جانب، وزیراعظم نوازشریف نے آج ’انقلاب‘ اور ’آزادی‘ مارچ و دھرنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کے لیے وفاقی وزراء کے ساتھ ملاقات کی۔

ڈان نیوز نے بتایا کہ اس موقع پر وزیر اعظم نے ایک بار پھر دوٹوک الفاظ میں واضح کیا کہ وہ مستعفی نہیں ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں