پاکستان تحریکِ انصاف کے سینئر رہنما شاہ محمدد قریشی نے کہا ہے ان کی جماعت کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن جاری ہے، جس کی وجہ سے وہ حکومت کے ساتھ مذاکرات کو عارضی طور پر معطل کررہے ہیں۔

یہ اہم پیش رفت ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب تحریکِ انصاف کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور آج ہونا تھا۔


تحریک انصاف کے آزادی اورعوامی تحریک کے انقلاب مارچ کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ خبروں سے آگاہ رکھنے کے لیے ڈان اردو لائیو کوریج پیش کررہا ہے۔



◄اس بارے میں

پہلا دن: 'آزادی' اور 'انقلاب' مارچ کے شرکاء کی تعداد میں توقعات سے زیادہ

دوسرا دن: عمران خان کا نوازشریف کے استعفے تک دھرنا جاری رکھنےکا اعلان

تیسرا دن:عمران اور قادری کا نواز شریف کے استعفی کا مطالبہ

چوتھا دن: عمران خان کا سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان

پانچواں دن: عمران خان کا ریڈ زون میں داخل ہونے کا اعلان

چھٹا دن:آزادی اور انقلاب مارچ شاہراہ دستور پر پہنچنا شروع

ساتواں دن:تحریک انصاف کے چھ مطالبات حکومت کے سامنے پیش


پاکستان میں غیرآئینی طریقے سے حکومت کا خاتمہ نہیں ہونا چاہیے، امریکا

03:55

امریکا نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان میں سیاسی جماعتوں کے درمیان مذاکرات میں شریک نہیں تاہم غیرآئینی طریقے سےحکومت کا خاتمہ نہیں ہونا چاہیے۔

ڈان نیوز کے مطابق ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میری ہرف کا کہنا کہ پاکستان میں پُرامن اظہار خیال کی مکمل آزادی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مسئلے کےحل کے لیے فریقین کے درمیان پُرامن مذاکرات ہونے چاہیں۔


فتح یاب ہوکر ہی جائیں گے، طاہر القادری

01:45

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری نے اسلام آباد میں جاری دھرنے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ فتح یاب ہوکر ہی جائیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے ایک مرتبہ پھر اپنے کارکنان کو 'نواز شریف اور شہباز شریف کو جانے نہ دینے' کی تلقین کی اور کہا کہ ظلم کی تاریک رات کا خاتمہ ہونے والا ہے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کے بیان کے جواب میں طاہر القادری کا کہنا تھا کہ تعفن تو حکمرانوں کی وجہ سے پورے ملک میں پھیلا ہوا ہے جبکہ ریاستی عمارتوں میں حکومتی لوٹ مار سے تعفن پھیلاہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ حکمرانوں کے پھیلائے تعفن کو ختم کردےگا اور قوم کےمستقبل کوجنہوں نےتاریک کیاوہ چھٹ جائیں گے۔

طاہر القادری نے دعویٰ کیا کہ یہاں ہرچہرے پر اطمینان جبکہ وزیراعظم سے اراکین اسمبلی تک سب کی ٹانگیں کانپ رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کرپٹ لوگوں کو اپنا مستقبل تاریک نظر آرہا ہے۔


اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بارش

23:55

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تیز بارش ہوئی ہے، جس سے وہاں جاری دھرنوں کے شرکاء میں خوشی پھیل گئی۔

اسلام آباد کے مختلف سیکٹرز میں بارش ہوئی، مزید بارش کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

تیز بارش کے دوران عمران خان تحریک انصاف کے دھرنے میں اسٹیج پر آ گئے اور کارکنان کا جزبہ بڑھانے لگے۔

دوسری جانب پاکستان عوامی تحریک کے جلسے میں منتظیمین کی جانب سے کارکنوں میں پلاسٹک کی شیٹس تقسیم کی گئیں تاکہ کارکن بارش سے محفوظ رہ سکیں۔


’’برطانوی دفتر خارجہ نے آج کوئی بیان جاری نہیں کیا‘‘

23:05

برطانوی دفتر خارجہ نے پاکستان کی سیاسی صورتحال پر آج کوئی بیان جاری نہیں کیا۔

برطانیہ کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ایک ٹی وی چینل پر چلنے والا آج کا بیان 19 اگست کو جاری کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک ٹی وی چینل نے موجودہ صورتحال پر برطانوی وزیر خارجہ کا ایک بیان چلایا تھا۔


کراچی میں تحریک انصاف کا دھرنا شروع

23:00

پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے کراچی میں بھی دھرنا دے دیا ہے۔

کراچی کے علاقے بوٹ بیسن میں کارکنوں نے دھرنا دیا ہے۔

یاد رہے کہ عمران خان نے آج جلسے میں کارکنوں سے اپیل کی تھی کہ کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں بھی دھرنے دیں۔


لاہور میں تحریک انصاف کا دھرناتیسرےروزبھی جاری

22:15

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے لاہور میں بھی تیسرے روز دھرنا جاری ہے۔

پی ٹی آئی کے کارکنان کی جانب سے لالک چوک پر آنے والے تمام سڑکوں کو بلاک کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ عمران خان نے کراچی، لاہور اور کوئٹہ میں بھی دھرنے دینے کی اپیل کی ہے۔


امریکا ہمیں خود قیادت چننے دے،عمران خان

20:30

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ نے کہا ہے کہ امریکا ہمیں خود اپنی قیادت چننے دے اور ہماری داخلی سیاست میں جانبداری نہ کرے، آج امریکا نے آج نواز حکومت کے حق میں بیان آیا ہے، میں مغربی جمہوریت کو نواز شریف سے بہتر جانتا ہوں۔

پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دھرنے سے خطاب میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر امریکا میں 70 سے 80 ہزار ووٹ ڈیر تصدیق شدہ ہوں تو وہاں عدالت دوبارہ انتخابات کا حکم دے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رچرڈ اولسن اپنی وزارت خارجہ کو یہ پیغام پہنچا دیں کہ امریکا کو پاکستان کی سیاست میں مداخلت کا حق نہیں ہے اور امریکا کو جانبداری کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا پاکستان کو ایک دوست کی حیثیت سے رہنا چاہتا ہے تو وزیر اعظم عمران خان نواز شریف کی طرح غلام بن کر نہیں رہیں گے،نواز شریف امریکا کے غلام ہیں کیونکہ امریکی بینکوں میں ان کا پیسہ پڑا ہے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ نئے آئی جی خالد خٹک نے بھی کہہ دیا ہے کہ میں کوئی غلط حرکت نہیں کروں گا جبکہ پنجاب سے بلوائی جانے والی پولیس نے گلو بٹ بننے سے انکار کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کی قیادت میں تحریک انصاف کا وفد حکومت سے مذاکرات کے لیے گیا تھا، ہم مذاکرات کرنا چاہتے تھے مگر حکومت نے منفی ہتھکنڈے شروع کر دیئے، لوگوں کو گرفتار اور راستے بند کرنا شروع کر دیئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جب تک نواز شریف استعفی نہ دے دیں میں اس وقت تک یہاں سے نہیں جائوں گا، میں نے ملک کو نواز شریف سے آزاد کروانا ہے وہ فیصلہ کر لیں عزت سے جانا ہے کیونکہ آپ کو جانا تو ہے۔

عمران خان نے کہا کہ آئندہ دو دن میں فیصلہ ہو جائے گا، ہفتے تک حتمی فیصلہ ہو چکا ہوگا۔

عمران خان عوام سے کہا کہ کراچی والے تین تلوار پر اسکرین لگا کر جمع ہوں، کوئٹہ والے شہر اور لاہور والے لالک چوک پر تحریک انصاف کے ساتھ شریک ہوں اور بادشاہت ختم کرکے پاکستان کو آزاد کروائیں۔

انہوں نے کہا کہ خورشید شاہ کے خلاف نیب میں کیسز میں وہ کیسے نواز شریف کے سامنے کھڑے ہوں گے، ہم قمر زمان کائرہ کو مذاکراتی کمیٹی میں تسلیم کر لیں گے وہ صاف آدمی ہیں، محمود خان اچکزئی کو صاف آدمی سمجھتے تھے انہوں نے اپنے بھائی کی بلوچستان میں گورنری بچانے کے لیے اپنا ضمیر بیچ دیا۔


فوج کو سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، عمران خان

20:00

پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ کا کہنا ہے کہ فوج کو سیاسی معاملے میں مداخلت کرنے کی ضرورت نہیں ہے اسے سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں ان کا کہنا تھاکہ امریکا نے پاکستان کی سیاست میں مداخلت نہیں کرنی چاہیے، وزیر اعظم ان کے سامنے بیٹھا ہوا ہے اسی لیے وہ ہمیں یہ حکومت قبول کرنے پر زور دے رہا ہے۔

ان کہنا تھا کہ امریکا کون ہوتا ہے کہ وہ ہمیں بتائے کہ ہم حکومت قبول کریں وہ صرف انتخابات مانیٹر کرکے اس پر بات کرے۔

انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے احتجاج کے علاوہ کوئی راستہ نہیں چھوڑا، ہمیں طاہر القادری کا پلان معلوم نہیں ہے۔


14 ماہ کی کارکردگی پر حکومتی احتساب نہیں ہوسکتا، وزیر دفاع

19:40

وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ 14 ماہ کی کارکردگی پر حکومت کا احتساب نہیں کیا جا سکتا۔

ایک نجی ٹی وی کو انٹرویو میں ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری اور عمران خان کی انا کی وجہ سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے، ہم سیاسی لوگ ہیں سیاست کے ساتھ مسئلہ حل کرنا چاہتے ہیں، ہمیں 14ماہ کی کاکردگی پر حکومت کا احتساب نہیں کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کنٹینر پر چہل قدمی کر رہے تھے تو لوگوں کو سکندر یاد آگیا، ٹی وی دیکھنے والے اور مظاہرے میں جانے والے بیمار ہو گئے ہیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ لاشیں گریں اور نظام لپیٹا جائے، وزیراعظم تشدد سے گریز کرنا چاہتے ہیں اسی لیے وزیر اعظم نے تشدد سے گریز کی پالیسی اپنائی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا، مالدیپ کے صدور کا دورہ پاکستان منسوخ ہو چکا ہے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اسلام آباد کا نیا آئی جی پاکستان تحریک انصاف کے ایک صوبائی وزیر کے کزن ہیں، یہ ہماری نیک نیتی ہے کہ ان کے قریبی عزیز کو اسلام آباد میں پولیس کا سربراہ بنا دیا ہے۔


ارکان اسمبلی ساتھ نہ دیں تو نواز شریف کی کرپشن ختم ہو جائے، طاہر القادری

19:30

پاکستان عوامی تحریک نے سربراہ طاہر القادری نے کہا ہے کہ جھوٹا مینڈیٹ لانے والے جمہوریت کا رونا روتے ہیں، پارلیمنٹیرینز نواز شریف کا ساتھ نہ دیں تو ان کی کرپشن ختم ہو جائے گی۔

اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے دئیے جانے والے دھرنے سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ جب میں رکن قومی اسمبلی تھا تو میرے بیٹے کا آپریشن ہوا، میں نے ایک پیسہ سرکاری خزانے سے نہیں لیا، مجھے کہا گیا بیٹے کے علاج کے لیے پیسہ لے لیں، میں نے لعنت بھیجی

انہوں نے کہا کہ ارکان پارلیمنٹ سر درد کی گولی کے پیسے بھی سرکاری خزانے سے لیتے ہیں، ارکان اسمبلی کروڑوں روپےعلاج کے نام پر وصول کرتے ہیں، آئین وقانون معطل ہو چکا اور شرافت رخصت ہو چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان درندوں اور ان کےکارندوں کو شرم نہیں آتی کیوں کہ یہ سب کرپٹ ہیں، موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے کسی کمزور کو انصاف نہیں مل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ساجد پرویز پر تشدد اوران کے گھر ڈاکے کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 35 سال پہلے بھی میں ایک کنال کے گھر میں تھا، آج بھی وہیں رہتا ہوں، شریف بردارن نے 50 سے زائد فیکڑیاں لگائی ہوئی ہیں، سارا بزنس شریف برادران کے پنجوں میں ہے اس لیے حکومت میں رہنا چاہتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے مسلم لیگ کے سربراہ اور نواز شریف کے خاندان کے کاروبار اور ان کے کارخانوں کے نام بھی بتائے۔

ان کا کہنا تھا کہ حکمراں بینکوں سے اربوں کھربوں روپے کا قرضہ لیتے ہیں۔

طاہر القادری نے کہا کہ ان حکمرانوں نے بلوچستان میں سونے کی کانوں ریکوڈیک میں سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری کے بیٹے ارسلان افتخار کو نگراں مقرر کرنا چاہا جن کو اس حوالے سے تجربہ نہیں ہے اور وہ فیصل آباد کا رہائشی ہے وہ بلوچستان کا رہائشی بھی نہیں ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ریکوڈیک کے حوالے سے ٹھیکے میں حسین نواز کا کردار کیوں ہے اور وہ نیویارک میں اس حوالے سے میٹنگز کیوں کر رہا تھا۔


امریکا پاکستان کی اندرونی سیاست میں مداخلت کر رہا ہے، عمران خان

17:10

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین کا کہنا تھا کہ امریکا دھاندلی کے ذریعے آنے والی حکومت اور وزیر اعظم کو جائز قرار دے رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر امریکا میں 500 ووٹ بھی غیر تصدیق شدہ ہوں، تو وہاں الیکشن کالعدم قرار دے دیے جائیں گے، لیکن وہ پاکستان میں ہونے والی مبینہ دھاندلی کی حمایت کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وہ سپریم کورٹ پر اپنے وکیلوں کے ذریعے واضح کر چکے ہیں کہ وہ قانون کو اپنے ہاتھ میں نہیں لیں گے، لیکن اگر حکومت کی جانب سے تشدّد کیا گیا، تو پھر وہ بھی اپنے کارکنوں کے ساتھ وزیر اعظم ہاؤس جائیں گے۔


حکومت نے لال حویلی پر حملے کی تیاریاں مکمل کرلیں، شیخ رشید

16:55

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ شیخ رشید نے دعویٰ کیا ہے کہ حکومت نے لال حویلی پر حملے کی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور اسلام آباد کے راستے کنٹینر رکھ کر بند کردیئے گئے۔

انھوں نے کہا کہ بڑی تعداد میں گلو بٹ علاقے میں پہنچادیئے گئے، لیکن ہماری لڑائی جھگڑے کی سیاست نہیں۔

شیخ رشید کا یہ بھی کہنا تھا کہ عمران خان اب کنٹینر میں آگئےہیں، لہذا ان کوہٹانا مشکل ہوگا۔


امریکی سفیر کی چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہیٰ سے ملاقات

16:29

چوہدری شجاعت اور چوہدری پرویز الہیٰ سے امریکی سفیر نے آج ملاقات کی ہے، جس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس ملاقات میں عمران خان اور طاہرالقادری کے دھرنوں کے بعد پیدا ہونے والے سیاسی تناؤ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔


فوج اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہے اور کرتی رہے گی، پرویز رشید

16:15

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ فوج اپنا آئینی کردار ادا کر رہی ہے اور آئندہ بھی کرتی رہے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پرویز رشید کا کہنا تھا کہ غیرآئینی مطالبات کوتسلیم نہیں کیاجاسکتا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم نے ایسا کچھ نہیں کیا جس کاجواز بنا کرمذاکرات ختم کردیے جائیں۔

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا کہ دھرنےکےشرکاء پرپولیس کی طرف سےکوئی دباؤ نہیں ڈالا گیا۔


عمران خان کا کارکنوں کو کنٹینر ہٹانے کا حکم

15:51

عمران خان نے آزادی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کارکنوں کو حکم دیا ہے کہ جہاں جہاں کنٹینرز ہیں انہیں ہٹا دیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر کسی نے بھی کارکنوں پر گولی چلائی تو وہ نئے آئی جی کو نہیں چھوڑیں گے۔


آج کارکنوں کے امتحان کا دن ہے، عمران خان

15:25

پاکستان تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے کارکنوں سے کہا ہے کہ آج امتحان کا دن ہےاور نیا پاکستان بن جائے گا۔

انہوں نے خبردار کیا کہ آج شام وہ ایک اہم اعلان کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ میں مرنے کے لیے تیار ہوں جس کو گولی چلانی ہے میرے اپر گولی چلائے۔

عمران خان نے خبردار کیا ہے کہ اگر نئے آئی جی نے کارکنوں پر گولی چلائی تو وہ انہیں نہیں چھوڑیں گے۔


فوج نے حکومت کو 48 گھنٹوں کی مہلت دے دی، شجاعت حسین

15:22

پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری شجاعت حسین نے دعویٰ کیا ہے کہ فوج نے سیاسی بحران کے حل کے لیے حکومت کو 48 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے۔

ڈان نیوز سے بات کرتے ہوئے ق لیگ کے رہنما نے یہ بھی کہا کہ نواز شیف سے آرمی چیف سمیت پوری فوج ناراض ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ معاملات کے حل کے لیے ایک آئینی راستہ تیار کرلیا گیا ہے۔


نوازشریف کو خون کا بدلہ دینا ہوگا،طاہرالقادری

15:14

پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ نواز شریف کو خون کا بدلہ دینا ہوگا۔

اسلام آباد میں انقلاب مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم پرامن لوگ ہیں،گولیاں مارکر بدلہ نہیں لیں گے۔

آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کو برطرف کرنے سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے عوام پر گولیاں چلانے سے انکار کیا تو ان کو عہدے سے برطرف کردیا۔


تحریکِ انصاف کا حکومت سے مذاکرات معطل کرنے کا اعلان

14:35

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ ہم حکومت کے ساتھ مذاکرات کو معطل کررہے ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تحریک انصاف کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔


آئی جی اسلام آباد کو عہدے سے برطرف کردیا

14:30

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے آئی جی اسلام آباد آفتاب چیمہ کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔

ڈی آئی جی ہیڈکوارٹر خالد خٹک کو قائم مقام آئی جی اسلام آباد بنا دیا گیا ہے۔


قومی اسمبلی کا اجلاس ملتوی

13:30

قومی اسمبلی کے اجلاس کو کل بروز جمعہ صبح گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔

امکان ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف قومی اسمبلی سے خطاب کریں گے اور ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر اراکینِ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔

تاہم اس اجلاس کو اب کل صبح گیارہ بجے تک کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے۔


آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے قرارداد منظور

12:30

قومی اسمبلی میں متفقہ طور پر آئین اور پارلیمنٹ کی بالا دستی کو برقرار رکھنے کے حوالے سے ایک قرارداد منظور کرلی گئی ہے۔

اسمبلی میں یہ قرارداد پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے پیش کی، جس میں چند قومی رہنماؤں کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے کی مذمت کی گئی۔

قرارداد میں آئین اور جمہوریت کی بقاء کا عزم کیا گیا ہے۔

قراداد کے متن کے مطابق 'قومی اسمبلی چند سیاسی جماعتوں کی جانب سے وزیراعظم کے استعفیٰ اوراسمبلی کی تحلیل کے مطالبے کے ساتھ ساتھ ان جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے توہین آمیز الفاظ استعمال کیے جانے کی مذمت کرتی ہے'۔

قرارداد میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کو ہر صورت بحال رکھا جائے گا۔


وزیر اطلاعات پرویز رشید کی خورشید شاہ سے ملاقات

11:40

وزیراطلاعات پرویز رشید اور اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ کی آج جمعرات کو ملاقات ہوئی ہے جس میں حکومت کی عمران خان اور طاہر القادری کے ساتھ مذاکرات کی کوششوں پر سے متعلق امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے بعدقائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید شاہ نے سیاسی بحران پر مشاورت کے لیے پارلیمانی رہنماؤں کا اجلاس طلب کرلیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے اجلاس میں تحریکِ انصاف کی جانب سے پیش کیے گئے چھ مطالبات پر بھی غور کیا جائے گا۔


وزیراعظم صدر ممنون حسین سے ملاقات

10:50

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی آج جعمرات کی صبح صدر ممنون حسین کے ساتھ ایک اہم ملاقات ہوئی جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہِ خیال کیا گیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق موجودہ بحران پر وزیراعظم نواز شریف نے صدر کو اعتماد میں لیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وہ مستعفی نہیں ہوں گےاوراسمبلیاں تحلیل نہیں ہوں گی۔

صدر اور وزیراعظم نے اس بات پر اتفاق کیا کہ آئین اور قانون کی حدود میں جو بھی مطالبات ہوئے ، انھیں تسلیم کیا جا ئے گا۔

صدر ممنون حسین نے وزیراعظم نواز شریف کی قیادت پر بھی بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔


وزیراعظم آج اراکینِ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے

09:30

وزیراعظم نواز شریف آج جعمرات کے روز قومی اسمبلی میں خطاب کریں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق اپنے خطاب میں وزیر اعظم موجودہ سیاسی صورتحال پر اراکینِ پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم نواز شریف کی نون لیگ کے سینیئر رہنماؤں کے ساتھ مشاورت جاری ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے کسی صورت بھی وزارتِ اعظمیٰ کے عہدے سے مستعفی نہ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔


تحریک انصاف کے چھ مطالبات

01:05

پہلا مطالبہ : وزیراعظم نوازشریف استعفی دیں

دوسرا مطالبہ : دوبارہ انتخابات کرائے جائیں

تیسرا مطالبہ : انتخابی اصلاحات کی جائیں

چوتھا مطالبہ : غیرجانبدار حکومت قائم کی جائے

پانچواں مطالبہ : تمام الیکشن کمشنرز استعفی دیں

چھٹا مطالبہ :دھاندلی کے ذمہ داروں کو سزائیں دی جائیں


ہم مذاکرات کار نہیں مصالحت کار ہیں،حیدر عباس رضوی

23:10

عوامی تحریک سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے رکن اور ایم کیو ایم کے رہنما حیدرعباس رضوی نے کہا ہے کہ ہم مذاکرات کار نہیں مصالحت کار ہیں۔

وزیر اعظم سے ملاقات کے لیےجانے سے قبل میڈیا سے گفتگو میں حیدر عباس رضوی نے کہا کہ تین مطالبات ایسے ہیں پر مذاکرات ہونے ہیں، 7 نکات ایسے ہیں جس پر متفق ہیں، مذاکرات کا اگلا دور اب کل ہو گا۔

اس موقع پر کمیٹی کے دوسرے رکن اعجاز الحق نے کہا کہ ٹائم فریم دینا ہمارا کام نہیں، خواہش ہے مسئلہ جلد حل ہو جائے، بات چیت کا ہونا ایک بڑی پیش رفت ہے۔


حکومت کےارادےٹھیک نہیں،مذاکرات کیسےہوں،طاہرالقادری

23:00

پاکستان عوامی تحریک کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکومت کے ارادے ٹھیک نہیں پھر مذاکرات کیسے ہو سکتے ہیں، ہم معاملات کے پُرامن حل پر یقین رکھتے ہیں

کارکنان سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ انقلاب مارچ کے لاکھوں لوگوں کو کھانا نہیں مل رہا، کنٹینر لگا کر حکومت کس منہ سے مذاکرات کرنے آئی ہے؟ ، کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے جا رہے ہیں پھر کیسے مذاکرات ہوں؟ ، کنٹینر لگا کر کھانا اور پانی روک کر اس جگہ کو کربلا بنا دیا گیا ہے۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کو مستحکم اور طاقت ور دیکھنا چاہتے ہیں، حاکم طاقت ور ہونے کی وجہ سے انصاف بے بس ہے

انہوں نے کہا کہ حکومتی اعلان کو 6گھنٹے گزر گئے، ایک کنٹینر بھی نہیں ہٹایا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ آئین میں غریبوں کے لیے ایک بھی ترمیم نہیی گئی، کیا ملک وڈیروں، جاگیر داروں اور لٹیروں کیلیے بنا تھا؟۔

طاہر القادری کا کہنا تھا کہ ملک کو زراعت دینے والا کسان زراعت کے فوائد سے محروم ہے،اس پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے لاکھوں لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا۔

انہوں نے کہا کہ اتنی شہادتیں دیکھ کراس پارلیمنٹ کے سامنے آئے ہیں، ہم جمہوری روایات اور اقدار پر یقین رکھتے ہیں۔


عوامی تحریک نے مطالبات پیش کر دئیے

22:15

پاکستان عوامی تحریک نے حکومتی وفد کو اپنے مطالبات پیش کر دیئے۔

پارلیمنٹ ہائوس کے سامنے عوامی تحریک کے دھرنے میں مذاکرات کا پہلا دور ختم ہو گیا ہے جس کے بعد سرکاری کمیٹی واپس چلی گئی۔

مذاکراتی دور کے خاتمے کے بعد پاکستانی عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے صدر رحیق عباسی نے میدیا کو بتایا کہ مطالبات حکومتی کمیٹی کے سامنے رکھ دیئے، بامقصد مذاکرات پر یقین رکھتے ہیں۔

پاکستان عوامی تحریک کے صدر نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹاؤن کی ایف آئی آر درج کی جائے اور نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

رحیق عباسی کا کہنا تھا کہ مرکزی اور صوبائی حکومتیں تحلیل ہوں اور پھر مقدمہ درج ہو، موجودہ حکومت کے ہوتے ہوئے اپنے شہداء کے خون کا انصاف ملنے کی توقع نہیں ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (3) بند ہیں

آمنہ Aug 22, 2014 05:44am
اچھی کوریج ہے ڈان کی..
Malik Muhammad Rafiq. Awan Aug 22, 2014 07:17am
We are in critical state. Anything cold happen at any time. There is no doubt that system is corrupt. Most of Bureaucracy and Police is fully corrupt. There is no accountability. There is no justice in courts. The judges give only dates and they are not answerable to any body. People are fed up with such system and are demanding massive surgery. If not done, even worst could. Happen. The main cause are high headed corrupt, incompetent and lethargic Govet servants and corrupt politicians. Imran is fighting war for his own chair and have no interest with poor peoples problems. He is dimpling using them very cleverly.***emphasized text***
azmat Aug 22, 2014 12:44pm
ARMY IS BEST IN SIASATDANO SY