کولمبو: سعید اجمل ہفتے کو اپنے بولنگ ایکشن کی کلیئرنس کے لیے کولمبو سے آسٹریلیا روانہ ہو رہے ہیں، جہاں بائیو مکینیکل ٹیسٹس کے ذریعے ان کے بولنگ ایکشن کا جائزہ لیا جائے گا۔

سعید اجمل کے بولنگ ایکشن پر پہلے سری لنکا اور پاکستان کے مابین کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ کے دوران فیلڈ امپائرز این گولڈ اور بروس اوکسنفورڈ نے اعتراض کیا تھا۔

فیلڈ امپائرز کے مطابق ان کی کم سے کم 30 گیندوں کا ایکشن مشکوک ہے، جو کہ ایک پریشان کن تعداد ہے۔

اس اعتراض کے بعد آئی سی سی حکّام نے واضح کیا کہ پاکستانی اسپنر کو اپنے ایکشن کی کلیئرنس کے لیے ٹیسٹس سے گزرنا پڑے گا۔

توقع ہے کہ ٹیسٹس میں صرف ایک دن لگے گا، جس کی وجہ سے وہ ہفتے کے روز سری لنکا اور پاکستان کے درمیان ہونے والا پہلا ون ڈے انٹرنیشنل میچ نہیں کھیل پائیں گے۔ لیکن اگر ماہرین نے مزید ٹیسٹس کے لیے انہیں روکا تو خدشہ ہے کہ وہ 25 اگست کو کھیلا جانے والا دوسرا ون ڈے میچ بھی نہ کھیل پائیں۔

یاد رہے کہ ابتدائی رپورٹس کے مطابق سعید اجمل کے بولنگ ایکشن میں کچھ مسئلہ ہے، جس کی مزید جانچ کے لیے انہیں آسٹریلیا رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈاکٹر سہیل سلیم بھی اس دوران ان کے ہمراہ ہوں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں