اسلام آباد: سینیٹ میں آئین اور پارلیمنٹ کی بالادستی کے لیے پیش کی گئی قرار داد متفقہ طور پر منظور کرلی گئی۔

ڈان نیوز کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹر سعید غنی نے جمعے کو سینیٹ میں قرارداد پیش کی جس کی تمام اراکین نے حمایت کی۔

اراکین سینیٹ نے تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنوں اور ان کے مطالبات کو غیر آئینی قرار دیا۔

فرحت اللہ بابر نے بحث کے دوران کہا کہ پی ٹی آئی اور پی اے ٹی نے پارلیمنٹ کا محاصرہ کر رکھا ہے اور اراکین پارلیمنٹ کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کر رہے ہیں۔

انہوں نے خبردار کیا کہ کل کو عسکریت پسند گروہ بھی اسلام آباد آکر پاکستان میں حکومت کرنے کا مطالبہ کر سکتے ہیں۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشاہد اللہ نے کہا کہ عمران خان اب 63 برس کے ہو چکے ہیں اور کسی کو آؤٹ نہیں کر سکتے۔

انہوں نے دھرنوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ہر روز پارلیمنٹ کے باہر مصطفیٰ قریشی کی فلم چلائی جا رہی ہے۔

قراراداد میں پارلیمنٹ کی تحلیل اور وزیراعظم نواز شریف کے استعفیٰ کے مطالبے کو بھی مسترد کر دیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں